ایس آئی او تلنگانہ کا ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات

ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی و ہمدردی کا اظہار

0

حیدرآباد : (دعوت نیوز ڈیسک)

اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO)، تلنگانہ زون نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایران میں ہونے والے جانی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
اسی سلسلے میں ایس آئی او کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ انیس الرحمٰن، ریاستی صدر محمد فراز احمد، سکریٹری محمد حمادالدین اور دیگر نمائندگان پر مشتمل وفد نے حیدرآباد میں ایران کے قونصل جنرل جناب مہدی شاہرخی سے ملاقات کی اور ان کی خدمت میں یکجہتی کا مکتوب پیش کیا۔
وفد نے کہا کہ ایس آئی او اس آزمائش کی گھڑی میں ایران کے شہیدوں کے اہلِ خانہ اور تمام متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
ایس آئی او نے اسرائیل کی جانب سے ایرانی سرزمین پر کیے گئے حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین، سفارتی اقدار اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ عام شہریوں کی تنصیبات اور سائنسی و علمی شخصیات کو نشانہ بنانا قومی خودمختاری، انسانی جان کی حرمت اور عالمی ضابطوں کی صریح پامالی ہے۔
ایس آئی او کے مکتوبِ یکجہتی میں کہا گیا:
"ہندوستان اور ایران کے درمیان صدیوں پر محیط تہذیبی، ثقافتی اور سفارتی روابط قائم ہیں۔ ایسے نازک حالات میں ہم، بطورِ ہندوستانی شہری اور ایک باشعور طلبہ تنظیم، ایران کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ سفارتی گفت و شنید اور عالمی تعاون کے ذریعے خطے میں جلد امن و استحکام بحال ہو۔”
ایس آئی او کے وفد نے ایران میں زیرِ تعلیم ہندوستانی طلبہ، خصوصاً حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی سلامتی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے راحت اقدامات میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 جون تا 05 جولائی 2025