’’ویکسین سے متعلق جھجک ختم کریں، افواہوں پر یقین نہ کریں‘‘، وزیر اعظم مودی کی لوگوں سے اپیل
نئی دہلی، 27 جون: اپنے ماہانہ پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں آج وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں اور جلد ہی ویکسین لگوائیں۔
مودی نے 21 جون کو ٹیکہ لگانے کے نئے مرحلے کے آغاز کے دوران، ایک ہی دن میں ریکارڈ ویکسینیشن کی بھی تعریف کی، جس کے تحت تمام بالغوں کو مفت ویکسین دی جارہی ہے۔
لوگوں کی ویکسین لینے میں ہچکچاہٹ کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مودی نے مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع کے دلاریہ گاؤں کے رہائشیوں سے بات کی اور ویکسین کے بارے میں ان کے شکوک و شبہات کے درمیان انھیں ویکسین لینے کی صلاح دی۔
مودی نے کہا کہ میں نے اور میری تقریباً 100 سالہ والدہ نے اس ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں۔ انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ افواہوں پر اعتماد نہ کریں اور سائنس اور سائنسدانوں پر اعتماد کریں۔
مودی نے کہا ’’کووڈ 19 کا خطرہ برقرار ہے اور ہمیں ویکسینیشن پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور کووڈ 19 پروٹوکول پر بھی عمل کرنا ہوگا۔‘‘
برسات کے موسم کے قریب آنے پر مودی نے پانی کے تحفظ پر بھی زور دیا۔
وہیں انھوں نے اس ماہ کے شروع میں انتقال کرنے والے ملکھا سنگھ کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ہندوستانی کھیلوں میں سنگھ کے تعاون کو سراہا۔
مودی نے اولمپکس سے منسلک ہندوستانی ایتھلیٹوں کی جدوجہد اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور لوگوں سے کہا کہ انھیں ان پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے۔
انھوں نے کہا ’’ہر ایتھلیٹ جو ٹوکیو جا رہا ہے، اس نے سخت محنت کی ہے۔ وہ دل جیتنے کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اپنی ٹیم کی حمایت کریں اور ٹیم پر دباؤ نہ ڈالیں۔‘‘