آسام میں فلم پٹھان کے خلاف تھیٹر میں توڑپھوڑ کے درمیان شاہ رخ خان نے وزیر اعلیٰ کو کیا فون
ہیمنت بسو سرما کے بیان ’کون ہیں شاہ رخ خان؟ کے بعد شاہ رخ نے کیا فون،پر تشدد احتجاج پر وزیر اعلیٰ نے قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی
گوہاٹی،22جنوری :۔
شاہ رخ خان کی انتہائی موضوع بحث فلم پٹھان کے خلاف تنازعہ جاری ہے،گزشتہ دنوں آسام میں فلم پٹھان کے پوسٹر لگائے جانے پر شدت پسند تنظیم بجرنگ دل کے کارکنان نے تھیٹر میں توڑ پھوڑ کی تھی اور پٹھان کی ریلیزپر مزید دھمکیاں بھی دی تھیں۔ دریں اثنا شاہ رخ خان کے ذریعہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسو سرما سے ٹیلی فون پر گفتگو کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں۔اس کی اطلاع خود وزیر اعلیٰ نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ دی ہے ۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق گزشتہ دنوں جب صحافیوں نے ہیمنت بسو سرما سے پٹھان پر جاری تنازعہ پر سوال کیا تو انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کون ہیں شاہ رخ خان؟پٹھان کے بارے میں مجھے کچھ نہیں معلوم۔اطلاعات کے مطابق آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسو سرما نے آج کہا کہ انہوں نے میگا اسٹار شاہ رخ خان سے بات کی ہے اور انہیں ان کی آنے والی فلم ‘پٹھان’ کے خلاف احتجاج کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے۔ سرما نے کہا کہ شاہ رخ خان نے آج صبح انہیں ریاست کے ایک تھیٹر میں پیش آنے والے ’ایک واقعہ‘کے سلسلے میں فون کیا۔
ایک ٹویٹ میں وزیر اعلی نے کہا، "بالی ووڈ اداکار نے مجھے فون کیا اور ہماری گفتگو رات 2 بجے ہوئی۔ انہوں نے اپنی فلم کی نمائش کے دوران گوہاٹی میں پیش آنے والے ایک واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔ میں نے انہیں یقین دلایا کہ قانون اور انتظامیہ اپنا کام کرے گا۔ نظم و نسق برقرار رکھنا ریاستی حکومت کا فرض ہے۔ ہم جانچ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔
کیا تھا معاملہ:
وزیر اعلیٰ کا یہ ٹوئٹ ان کے ’شاہ رخ خان کون ہے؟‘بیان کے ایک دن بعد آیا ہے۔ گوہاٹی میں فلم ‘پٹھان’ کے خلاف پرتشدد مظاہرے کے بارے میں پوچھے جانے پر سرما نے کل کہا تھاکہ شاہ رخ خان کون ہے؟ میں ان کے یا فلم ‘پٹھان’ کے بارے میں کچھ نہیں جانتا۔ جب صحافیوں نے بتایا کہ خان بالی ووڈ کے سپر اسٹار ہیں تو انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں کو آسامی فلموں کی فکر کرنی چاہئے نہ کہ بالی ووڈ کی ۔ ہیمنت بسوسرما نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں شاہ رخ خان کا کوئی فون نہیں آیا اور اگر اداکار ان سے درخواست کریں گے تو وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی مظاہرے کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ کو گانے ’بے شرم رنگ‘ پر احتجاج کا سامنا ہے۔ فلم میں ان کی ساتھی اداکارہ دیپیکا پادوکون کوقابل اعتراض لباس میں دکھایگ ای ہے ۔ اس حوالے سے کچھ تنظیموں سمیت کئی رہنماؤں نے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔