مختصر مختصر: کورونا وائرس ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع، دیگر اہم خبریں
- ہندوستان میں کوروناوائرس ویکسینیشن مہم کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔ کو وِن پلیٹ فارم پر رجسٹریشن صبح 9 بجے سے کھلنے کی امید ہے۔ وہیں اروناچل پردیش میں کوئی بھی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا، جب کہ ہندوستان بھر میں اتوار کے روز 16،752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
- کانگریس کے سینیئر لیڈر غلام نبی آزاد نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی اپنی اصلیت کو نہیں چھپاتے ہیں: مودی نے اس ماہ کے شروع میں راجیہ سبھا سے آزاد کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر روتے ہوئے انھیں الوداع کہا تھا۔
- مہاراشٹر کے وزیر سنجے راتھوڑ نے اپوزیشن کے ذریعے ایک 23 سالہ خاتون کی موت سے انھیں منسلک کرنے کے بعد استعفی دے دیا۔ شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے بتایا کہ وزیر اعلی ادھوو ٹھاکرے نے اس تنازعے کے دوران راتھوڑ کو استعفی دینے کا حکم دیا تھا۔
- کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے درمیان پونے نے 14 مارچ تک رات کے کرفیو میں توسیع کردی۔ اسکول اور کالج بھی بند رہیں گے۔ انتظامیہ نے کوویڈ مریضوں کی شناخت اور انھیں قرنطینہ میں رکھنے کے لیے شہر میں فلو کلینک دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
- اسمبلی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے آسام کے 18 افسران کی منتقلی پر پابندی عائد کردی اور مغربی بنگال میں اعلی پولیس آفیسر کو معطل کردیا۔ دونوں ریاستوں کے علاوہ تمل ناڈو، کیرالہ اور پڈوچیری میں بھی ماڈل ضابطۂ اخلاق نافذ کیا گیا ہے۔
- امریکہ نے جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کے لیے منظوری دے دی۔ اس کی ایک خوراک ہی فائزر اور موڈیرنا کی دو خوراکوں کے برابر مفید ہے اور یہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے اجازت حاصل کرنے والی تیسری ویکسین ہے۔
- کانگریس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے نئے قواعد بیوروکریٹس کو وسیع اختیارات دے رہے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہا ہے کہ غیر آئینی قوانین اور ایگزیکیٹو آرڈرز کے ذریعے اس پر قابو پانے کی کوئی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔
- بوڈولینڈ پیپلس فرنٹ نے آسام انتخابات سے قبل بی جے پی کے ساتھ تعلقات توڑے، کانگریس کے زیرقیادت اتحاد میں شامل ہونے کی توقع۔ دونوں جماعتوں کے مابین اختلافات کے مہینوں بعد یہ کارروائی سامنے آئی ہے۔