سپریم کورٹ نے ہلدوانی میں بے دخلی پر روک لگا دی، کہا کہ سات دنوں میں 50,000 رہائشیوں کو بے گھر نہیں کیا جاسکتا

نئی دہلی، جنوری 5: سپریم کورٹ نے جمعرات کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ریاست کے ہلدوانی ضلع میں ریلوے کی زمین پر مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے ہزاروں رہائشیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے حکم پر روک لگا دی۔

20 دسمبر کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے رہائشیوں کو ایک ہفتے کا نوٹس دینے کے بعد ریلوے حکام کو زمین سے مبینہ طور پر غیر مجاز تعمیرات کو ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم رہائشیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ زمین ہندوستانی ریلوے کی نہیں ہے۔

ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف کئی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

جمعرات کو جسٹس سنجے کشن کول اور ابھے اوکا کی سپریم کورٹ کی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ’’سات دنوں میں 50,000 لوگوں کو نہیں اکھاڑ پھینکا جا سکتا۔‘‘

جسٹس اوکا نے نوٹ کیا کہ کچھ خاندان اس علاقے میں 50 سال سے رہ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا ’’لوگ وہاں 50-60 سال سے رہ رہے ہیں۔ یہ فرض کرتے ہوئے کہ یہ ریلوے کی زمین ہے پھر بھی کچھ بحالی کی اسکیم ضروری ہے۔‘‘

جج نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ نے کیس میں تمام متاثرہ فریقوں کو سنے بغیر حکم جاری کر دیا تھا۔

ججوں نے اتراکھنڈ حکومت اور ہندوستانی ریلوے سے درخواستوں کا جواب دینے کو کہا اور معاملے کی اگلی سماعت 7 فروری کو ملتوی کر دی۔ ججوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر اس وقت تک روک لگا دی جائے گی۔

عدالت نے کہا ’’ہم نے کارروائی پر روک نہیں لگائی ہے، صرف ہائی کورٹ کی ہدایات پر روک لگا دی گئی ہے۔ زمین پر مزید تعمیرات اور ترقی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔‘‘

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد درخواست گزاروں کے ایک گروپ کی نمائندگی کرنے والے وکیل پرشانت بھوشن نے بے دخلی پر روک لگانے کے لیے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ان تمام لوگوں کے قانونی حقوق کی حفاظت کرنی ہوگی اور کسی بھی صورت میں ان کی بحالی کا تعین کرنا ہو گا۔

کانگریس لیڈر اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ انسانی حقوق کا تحفظ کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب انہدام کے بعد 52,000 لوگوں کے بے گھر ہونے کے بارے میں فکر مند تھے۔

راوت نے کہا کہ جب ان کی حکومت 2016 میں اقتدار میں تھی، اس نے رہائشیوں کی بحالی کے لیے اقدامات کیے تھے۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ 20,000 سے زیادہ افراد ان 4,000 سے زیادہ گھروں میں رہتے ہیں، جنھیں گرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عرضی گزاروں نے یہ بھی کہا کہ وہ برسوں سے ہاؤس ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور ان کے پاس آدھار کارڈ ہے، جس میں ان کے پتہ کے طور پر اس محلے کا ذکر ہے۔

درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پانچ سرکاری اسکول، ایک اسپتال اور دو اوور ہیڈ واٹر ٹینک بھی ہیں۔ درخواستوں میں مزید کہا گیا کہ ان کے خاندان نسلوں سے اس محلے میں رہ رہے ہیں، ان میں سے کچھ آزادی سے پہلے سے وہاں مقیم ہیں۔

یہ قانونی تنازعہ 2013 میں ہلدوانی ریلوے اسٹیشن کے ساتھ واقع گاؤلا ندی میں ریت کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف درخواست سے شروع ہوا تھا، جس میں سماعت کے دوران کیس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے ساتھ مبینہ تجاوزات کو بھی شامل کیا گیا۔