’’طلاقِ کنایہ‘‘ اور ’’طلاقِ بین‘‘ کو غیر آئینی قرار دینے کی عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا

نئی دہلی، اکتوبر 10: دی ہندو کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے 10 اکتوبر کو مرکز اور دیگر لوگوں سے ایک عرضی پر جواب طلب کیا جس میں مسلمانوں میں طلاق کی تمام اقسام بشمول ’’طلاقِ کنایہ‘‘ اور ’’طلاقِ بین‘‘ کو کالعدم اور غیر آئینی قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

جسٹس ایس اے نذیر اور جے بی پاردی والا کی بنچ نے وزارت قانون و انصاف، وزارت اقلیتی امور اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔

سپریم کورٹ کرناٹک کی سیدہ عنبرین کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کر رہی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ طرز عمل من مانی، غیر معقول اور مساوات، عدم امتیاز، زندگی اور مذہب پر عمل کرنے کی آزادی کے بنیادی حقوق کے منافی ہیں۔

عرضی گزار نے مرکز کو یہ ہدایت دینے کی بھی درخواست کی ہے کہ وہ ’’تمام شہریوں کے لیے طلاق کے یکساں طریقۂ کار‘‘ کے لیے رہنما خطوط وضع کرے۔

درخواست میں استدلال کیا گیا ہے کہ طلاقِ کنایہ، طلاقِ بین اور یک طرفہ اور ماورائے عدالت طلاق کی دوسری شکلیں ’’ستی کی طرح‘‘ ہیں جو مسلم خواتین کو مسلسل پریشان کر رہی ہیں اور انتہائی سنگین صحتی، سماجی، معاشی، اخلاقی اور جذباتی خطرات کا باعث بن رہی ہیں۔