الیکٹرانک آلات کو ضبط کرنے سے متعلق درخواست کا جواب نہ دینے پر سپریم کورٹ نے مرکز پر جرمانہ عائد کیا

نئی دہلی، نومبر 14: دی ہندو نے اتوار کو رپورٹ کیا کہ سپریم کورٹ نے ڈیجیٹل اور الیکٹرانک آلات کو ضبط کرنے، جانچنے اور ان کے تحفظ کے بارے میں رہنما خطوط کی وضاحت کرنے کے لیے پولس اور تفتیشی ایجنسیوں کو ہدایت دینے کی درخواست کا جواب نہ دینے پر مرکز پر 25,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

جسٹس سنجے کشن کول اور اے ایس اوکا کی بنچ نے حکومت سے دو ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کو کہا اور کہا کہ مرکز کی جانب سے جرمانہ ادا کرنے کے بعد اسے ریکارڈ پر لیا جائے گا۔

یہ ہدایت 11 نومبر کو دی گئی تھی۔

عدالت جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے پروفیسر رام رامسوامی، ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی کی پروفیسر سجاتا پٹیل، حیدرآباد کی انگلش اینڈ فارن لینگویجز یونیورسٹی میں کلچرل اسٹڈیز کی پروفیسر مادھوا پرساد، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جدید ہندوستانی تاریخ کے پروفیسر مکل کیسوان اور نظریاتی ماحولیاتی ماہر معاشیات دیپک ملگھن کی طرف سے دائر کی گئی ایک درخواست کی سماعت کر رہی تھی۔

درخواست گزاروں نے تفتیشی ایجنسیوں اور پولیس کو متعدد ہدایات دینے کی مانگ کی ہے، بشمول الیکٹرانک آلات تک رسائی یا ضبط کرنے سے پہلے جوڈیشل مجسٹریٹ سے اجازت اور یہ بتانا کہ مواد کس طرح متعلقہ ہے یا مبینہ جرم سے منسلک ہے۔

5 اگست کو اس کیس کی پچھلی سماعت میں داخل کردہ جوابی حلف نامہ میں مرکز نے کہا تھا کہ یہ عرضی قابل سماعت نہیں ہے۔ تاہم عدالت حکومت کے جواب سے مطمئن نہیں تھی اور اس نے مرکز سے ایک نیا جواب داخل کرنے کو کہا تھا۔

ججوں نے کہا تھا کہ جوابی حلف نامہ مکمل نہیں ہے۔ ’’یہ کہنا کافی نہیں ہے کہ عرضی کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا، وغیرہ۔‘‘

اب کیس کی اگلی سماعت 5 دسمبر کو ہوگی۔

فوری قبضے کی صورت میں درخواست میں کہا گیا کہ اجازت نہ لینے کی وجوہات تحریری طور پر ڈیوائس کے مالک کو فراہم کی جائیں۔ الیکٹرانک ڈیوائس کے مالک کو پاس ورڈ ظاہر کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے، مثالی طور پر ہارڈ ڈرائیو کی کاپی لی جانی چاہیے نہ کہ اصل، اور ہارڈ ڈسک کی جانچ ڈیوائس کے مالک کی موجودگی میں کرنی چاہیے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے ’’تلاش اور قبضے کے اختیارات، خاص طور پر چوں کہ وہ بنیادی حقوق سے منسلک ہیں، اس لیے انھیں پڑھا جانا چاہیے اور مناسب حفاظتی اقدامات کے ساتھ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ اس طرح کے حقوق کو شکست دینے کے لیے ان کا غلط استعمال نہ ہو۔‘‘

بار اینڈ بنچ نے اطلاع دی تھی کہ درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حالیہ ماضی میں درج ہونے والے مبینہ جرائم میں جن سے آلات ضبط کیے گئے ہیں ان کا تعلق تعلیمی شعبے سے ہے یا وہ نامور مصنفین ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے ’’تعلیمی برادری اپنی تحقیق اور تحریر کو الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیم میں ذخیرہ کرتی ہے اور الیکٹرانک آلات کو ضبط کرنے کی صورت میں علمی یا ادبی کام کے نقصان، تحریف، یا قبل از وقت نمائش کا کافی خطرہ ہوتا ہے۔‘‘