سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے یوپی بلدیاتی انتخابات کی گنتی کو ملتوی کرنے کو کہا، کمیشن نے شیڈول میں تبدیلی سے انکار کیا
اترپردیش، یکم مئی: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے آج الیکشن کمیشن سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے معاملات کے پیش نظراترپردیش بلدیاتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کو عارضی طور پر ملتوی کرنے اور تاخیر کرنے کے لیے کہا ہے۔
ریاست میں چار مرحلوں میں ہونے والے پنچایت انتخابات کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ختم ہوگئی۔ اتوار کو ووٹوں کی گنتی ہونی ہے۔
عدالت نے پوچھا ’’ایسی صورت حال کے باوجود آپ کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے؟ کیا آپ یہ دو ہفتوں کے بعد کر سکتے ہیں تاکہ طبی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے؟ اگر گنتی تین ہفتوں تک ملتوی ہوجائے گی تو آسمان نہیں گر جائے گا۔‘‘
تاہم اترپردیش الیکشن کمیشن نے شیڈول میں کوئی تبدیلی کرنے سے انکار کردیا۔ اس نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ’’ہم نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
یہ سماعت اتر پردیش میں اس وقت ہوئی ہے جب کچھ دن قبل ہی اساتذہ کی یونینوں نے کہا تھا کہ پنچایت انتخابات کے دوران رائے شماری کے دوران 577 اساتذہ اور معاون عملہ کی کورونا وائرس کے سبب موت ہوگئی۔
یونین نے کورونا وائرس وبائی امراض کی وسیع و عریض لہر کے درمیان ہونے والے انتخابات کے دوران مرنے والے 71 اضلاع کے اساتذہ کی ایک فہرست بھی ریاستی الیکشن کمیشن کو پیش کی تھی۔