ثروت بانو، ایک کامیاب پرنسپل

طلبا کے لیے اختراعات کے ساتھ تعلیمی معیار میں بہتری کی شاندار مثال

(دعوت نیوز نیٹ ورک)

’’اگر نویں صدی میں ایک مسلمان عورت (فاطمہ الفہری) اپنی کمیونٹی میں تعلیم کو فروغ دینے کا وژن رکھ سکتی ہیں تو آج کی خواتین کو جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ایسے اقدامات کرنے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی۔‘‘ ثروت بانو
ریاست راجستھان کے ضلع جے پور میں مہاتما گاندھی گورنمنٹ انگلش میڈیم اسکول کی ایک مسلم خاتون پرنسپل نے اپنی اختراعات کے ساتھ تعلیمی معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچادیا ہے، جس کی وجہ سے ان کے اسکول کو راجستھان حکومت کے مکمل ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے پائلٹ پروجیکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ان کی سربراہی والا اسکول ریاست کے پہلے 11 اداروں میں شامل ہے جنہیں اپنے کام کے لیے ڈیجیٹل کیا گیا ہے۔
مہاتما گاندھی کے نام سے منسوب نئے انگلش میڈیم مخلوط تعلیمی اسکولوں کو راجستھان حکومت نے ریاست کے تمام اضلاع میں ایک پرجوش مہم کے ایک حصے کے طور پر کھولا ہے تاکہ طلباء کو اعلیٰ پرائیویٹ اسکولوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے برابری کا میدان فراہم کیا جاسکے۔ یہ فلیگ شپ اسکول تعلیم کی کم لاگت اور انگریزی میں مہارت کے ساتھ اعلی  سماجی نقل و حرکت کی یقین دہانی کے پیش نظر عوام کی توجہ کا مرکز ہیں۔
ثروت بانو، مہاتما گاندھی گورنمنٹ اسکول، آدرش نگر، جے پور کی پرنسپل کے طور پر پچھلے چار سالوں سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے پسماندہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور انہیں علم و ہنر سے بااختیار بنانے کے لیے کئی معیاری اقدامات کیے ہیں۔ ان کی قیادت میں اسکول نے اتنی ترقی کی ہے کہ ہر تعلیمی سیشن کے آغاز میں داخلے کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد دستیاب سیٹوں سے کئی گنا زیادہ  ہونے لگی ہے۔
چونکہ اسکول پہلے اسی عمارت میں چل رہا تھا، لڑکیوں کا ہندی میڈیم ادارہ تھا، جسے 2019 میں مہاتما گاندھی گورنمنٹ اسکول میں تبدیل کردیا گیا تھا، اس لیے انگلش میڈیم کلاس چھٹی جماعت کے طلبا کے لیے پہلے متعارف کرایا گیا تھا۔ طلبا کا یہ پہلا انگلش میڈیم بیچ اس سال اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے دسویں جماعت کے امتحان میں شامل ہوا اور نمایاں کامیابی کے ساتھ سامنے آیا۔ بورڈ کے امتحان میں اسکول کا نتیجہ 96.25 فیصد کامیاب رہا۔
53 سالہ ثروت بانو نے اپنے اسکولوں کا نام روشن کرتے ہوئے متعدد کردار ادا کیے ہیں اور ریاستی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشنل مینجمنٹ اینڈ ٹریننگ (SIEMAT)کے تحت کام کرنے والے گونر، جے پور میں راجستھان لیڈرشپ اکیڈمی میں اسٹیٹ ریسورس گروپ میں بطور ماسٹر سہولت کار اپنے ساتھیوں کی رہنمائی کی ہے۔ تعلیمی معیار میں بہتری اور طلباء کی مہارت کی نشوونما کے لیے ان کی کاوشوں کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔
اب آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن کے ایک حصے کے طور پر ثروت بانو کے اسکول کو ایک نیا اور مضبوط انفراسٹرکچر حاصل کرنے کے لیے بہترین موقع دستیاب ہوچکا ہے، یعنی اس اسکول کو ایک تعلیمی ٹکنالوجی کمپنی نے اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) فنڈ کے ساتھ اسپانسر کیا ہے، جس میں ای ایجوکیشن، اسمارٹ کلاسز، ورچوئل رئیلٹی اسباق، روبوٹکس لیب اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی لیب وغیرہ شامل ہیں۔ اسی طرح کی ڈیجیٹل تعلیم کی مزید سہولیات، جسے راجستھان اسکول ایجوکیشن کونسل نے منظور کیا ہے، ضلع جے پور کے نو دیگر اسکولوں اور ایک ضلع راجسمند میں فراہم کی جارہی ہیں۔
ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم نے ان اساتذہ کو اپنے باقاعدہ تعلیمی عملے کے پول سے ہٹا دیا ہے جو مہاتما گاندھی اسکولوں میں انگلش میڈیم اساتذہ کا ایک علیحدہ کیڈر بنانے کے لیے جوائن کرنا چاہتے تھے۔ اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لیے پرائیویٹ اساتذہ کو بھی گیسٹ فیکلٹی کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اسکول کے ذمہ داران ہر سال ترقی پانے والے طلبا کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایک کلاس کا مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
ٹروت بانو کی جانب سے COVID-19 کی وبا کے دوران ایک منفرد مائیکرو اسکالرشپ اسکیم کے ذریعے تمام کمیونٹیز کے پسماندہ بچوں کے لیے انگریزی زبان میں مہارت کا پروگرام متعارف کرانے کا قابلِ ستائش اقدام کیا گیا، جس کے لیے اس نے امریکی سفارت خانے کے بیورو آف ایجوکیشن اینڈ کلچرل افیئرز کو اپنے اسکول میں مدعو کیا، اس نے اپنے تمام اعزازات حاصل کیے ہیں۔ اس  پروگرام کے کئی حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ اتفاق سے ثروت بانو کا تعلیمی پس منظر کیمسٹری کا ہے، کیونکہ انہوں نے اسی موضوع میں پوسٹ گریجویشن اور ایم فل مکمل کیا ہے۔
انگریزی تک رسائی کے مائیکرو اسکالرشپ پروگرام نے منتخب طلباء میں زبان کی مہارت کی بنیاد کو مضبوط بنانے اور انہیں مستقبل میں تعلیم اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کی کوشش کی ہے۔ اس اقدام کے لیے منتخب کیے گئے بچوں کی عمریں 13 سے 16 سال کے درمیان تھیں۔ انہوں نے لسانی مہارتیں امتیاز کے ساتھ سیکھیں اور بعد ازاں ایک "گریجویشن تقریب” میں انہیں اعزازات سے  نوازا گیا۔
ایک سال سے زیادہ عرصے تک آن لائن موڈ میں پڑھائے جانے کے بعد، طلباء نے مارچ 2022 میں اسکول کے بعد کی فزیکل کلاسز اور گہرے سیشنز میں شمولیت اختیار کی۔ پروگرام، جو کہ نئی دلی میں قائم لرننگ لنکس فاؤنڈیشن کے ذریعے لاگو کیا گیا، انگریزی پڑھانے کے لیے ایک ابلاغی انداز اپنایا، بچوں میں شراکتی سیکھنے کا جذبہ پیدا کرنا اور ان کی شخصیت کو نکھارنے میں ان کی مدد کرنا۔ طلباء نے ہشتم سے دسویں جماعت کے باقاعدہ اسکول میں بھی شرکت کی۔
ثروت بانو نے کہا کہ پروگرام کے لیے منتخب کیے گئے طلباء نے غیر نصابی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس میں ان کی شخصیت میں ہمہ گیر ترقی نظر آتی ہے، اور وہ دیگر مختلف مقابلوں میں بھی انعامات جیت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے طلبا نے رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے اعتماد پیدا کیا ہے اور اپنی لکھنے اور بولنے کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ تنقیدی سوچ کو بھی بہتر بنایا ہے۔ اس طرح کا منصوبہ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ سرکاری اسکولوں کے طلبا جو غریب پس منظر رکھتے ہیں، زبان کی رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہیں،‘‘
امریکن ایمبیسی کی ریجنل انگلش لینگویج آفیسر روتھ گوڈ نے ماہر رچنا شرما کے ہمراہ فزیکل کلاسز کے آغاز سے قبل مہاتما گاندھی اسکول کا دورہ کیا۔ روتھ گوڈ نے طلباء کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی رائے حاصل کی، جبکہ انہیں تبادلہ پروگراموں کے ذریعے امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کی گنجائش کے بارے میں بتایا۔
پروگرام میں تربیت یافتہ طلباء کو بعد میں جنوبی ایشیائی اجلاسوں میں شرکت کے لیے منتخب کیا جائے گا، جہاں انہیں ہندوستان کے پڑوسی ممالک میں تعلیمی ماحول سے روشناس کرایا جائے گا۔ عالمی مائیکرو اسکالرشپ پروگرام تقریباً 90 ممالک میں کام کر رہا ہے، جہاں نصاب، نصابی کتب اور انگریزی کو بطور غیر ملکی زبان(EFL) تدریسی طریقہ کار کی ترقی کے لیے مدد فراہم کی جاتی ہے۔
مہاتما گاندھی اسکول میں طلبا کو فراہم کردہ سیکھنے کے مواد نے متحد پیراگراف لکھ کر مواد کی تخلیق پر زور دیا ہے، ان کے لیے   تفریحی سائنس، سمندر کے عجائبات، ’’اچھا خیال ،بہت پہلے اور آج ‘‘منتخب طلباء کو پڑھائے جانے والے کچھ اسباق تھے۔
ریاستی حکومت نے حال ہی میں ثروت بانو کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں، انتھک کوششوں اور اسکول میں بچوں کے مستقبل کی بنیاد بنانے میں قابل قدر کردار کے اعتراف میں "سرٹیفکیٹ آف ایکسیلنس” سے بھی نوازا ہے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے 25 جولائی کو پرنسپل کو پیش کیے گئے سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے۔ جے پور کی مسلم تنظیموں بشمول مسلم پروفیشنلز کی ایسوسی ایشن نے بھی ان کی تعلیمی اختراعات کی تعریف کی ہے۔
ثروت بانو نے بتایا کہ وہ تیونس سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون فاطمہ الفہری سے متاثر ہیں، جنہوں نے ایک ہزار سال پہلے مراقش میں دنیا کی اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی جامعہ القرویین کی بنیاد رکھی تھی۔ ثروت بانو نے کہا ’’اگر نویں صدی میں ایک مسلمان عورت اپنی کمیونٹی میں تعلیم کو فروغ دینے کا وژن رکھ سکتی ہے، تو آج کی خواتین کو جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ایسے اقدامات کرنے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی،‘‘
ثروت بانو نے اپنے اسکول کی نویں جماعت کی ایک طالبہ کے بارے میں ایک کہانی شیئر کی، جسے پرنسپل نے 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تفریحی سرگرمی کے طور پر ایک دن کے لیے ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ طالبہ پرگیہ پٹیل نے اس کردار کو نہایت ہی کمال کے ساتھ ادا کیا اور دن کے اختتام پر اس نے کہا کہ وہ مستقبل میں ایک  پرنسپل بننا چاہتی ہیں۔ ثروت بانو کہتی ہیں کہ ’’اس لڑکی کے مذکورہ رد عمل نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ اگر صرف ایک ہی اقدام کسی طالب علم کو اس کے کریئر کے بارے میں واضح نقطہ نظر رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، تو ہمیں مستقبل میں بھی ایسے اختراعی اقدامات کو جاری رکھنا چاہیے‘‘
(بشکریہ  "انڈیا ٹو مارو”)

 

***

 ثروت بانو نے اپنے اسکول کی نویں جماعت کی ایک طالبہ کے بارے میں ایک کہانی شیئر کی، جسے پرنسپل نے 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تفریحی سرگرمی کے طور پر ایک دن کے لیے ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ طالبہ پرگیہ پٹیل نے اس کردار کو نہایت ہی کمال کے ساتھ ادا کیا اور دن کے اختتام پر اس نے کہا کہ وہ مستقبل میں ایک  پرنسپل بننا چاہتی ہیں۔ ثروت بانو کہتی ہیں کہ ’’اس لڑکی کے مذکورہ رد عمل نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ اگر صرف ایک ہی اقدام کسی طالب علم کو اس کے کریئر کے بارے میں واضح نقطہ نظر رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، تو ہمیں مستقبل میں بھی ایسے اختراعی اقدامات کو جاری رکھنا چاہیے‘‘


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 08 اکتوبر تا 14 اکتوبر 2023