
سابق جاپانی اداکارہ نے اسلام قبول کرلیا
ماضی کو پیچھے چھوڑ کر نئی زندگی کا آغاز ۔ سوشل میڈیا سے تمام فحش مواد حذف
ٹوکیو: (دعوت انٹرنیشنل نیوز ڈیسک)
اپنے ماضی کو پس پشت ڈال کر ایک نئی زندگی کا آغاز کرنے والی سابق جاپانی اداکارہ رائے لل بلیک نے اسلام قبول کرلیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے تمام فحش مواد بھی حذف کر دیا۔
رائے لل بلیک، جو کائے اساکرا کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، نے بتایا کہ 2024 میں ملائیشیا کے دورے کے دوران انہیں اسلام کے بارے میں جاننے کا موقع ملا، اور یہی وہ لمحہ تھا جس نے ان کے دل میں اس دین کی سچائی کو محسوس کرنے کی جستجو پیدا کی۔
اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر رائے نے اپنے قبولِ اسلام کے سفر کو شیئر کیا اور ایک سنگاپوری پوڈکاسٹر زار اسماعیل کے ساتھ گفتگو میں اس تبدیلی کے پسِ منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال اگست میں جب وہ کوالالمپور گئیں، تو حجاب پہننے کا تجربہ کیا تاکہ وہ مساجد میں داخل ہوسکیں اور مقامی مسلمانوں کے ساتھ بہتر تعلق قائم کر سکیں۔
رائے نے جذباتی انداز میں کہا، ’’وہ لوگ انتہائی خوش اخلاق اور مہمان نواز تھے۔ ان کے رویے نے میرے دل میں یہ سوال پیدا کیا کہ میں ان کی ثقافت اور طرزِ زندگی کو مزید جاننے کی کوشش کیوں نہ کروں؟‘‘
رمضان سے کچھ دن قبل، سنگاپور میں اپنے مداحوں سے ملاقات کے دوران انہیں جائے نماز اور دیگر اسلامی تحائف پیش کیے گئے۔ اس دوران انہوں نے مختلف مساجد کے دوروں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’’مجھے امید ہے کہ یہ بابرکت مہینہ ہمیں اللہ کے قریب کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ جڑنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ میں بہت پُرجوش ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ اللہ اور آپ سب میری اس نئی راہ پر رہنمائی کریں۔ رمضان مبارک!‘‘
رائے نے 9 مارچ کو کوالالمپور میں اپنی پہلی افطار اور نماز ادا کی۔ انہوں نے حجاب میں شہر کی سیر کرتے ہوئے سری سینڈیان کی مشہور مسجد کے سامنے لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
رمضان کے دوران، انہوں نے اپنے پہلے روزے کے تجربے کو بیان کیا اور افطار کے لمحات کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان پر محض مواد تخلیق کرنے کا الزام لگایا، جس پر رائے نے جواب دیا، ’’میں روزے سے ہوں، اور یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے۔ براہ کرم اپنی زندگی پر توجہ دیں۔‘‘
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اب بھی فحش فلموں کا حصہ ہیں، تو رائے نے وضاحت کی، ’’یہ ویڈیوز ماضی میں فلمائی گئی تھیں اور میرے پاس ان کا کنٹرول نہیں ہے۔ ایک بار فلم ریلیز ہونے کے بعد، پروڈکشن ہاؤسز جب چاہیں انہیں دوبارہ شائع کر سکتے ہیں، چاہے وہ برسوں پرانی ہی کیوں نہ ہوں۔‘‘
رائے کا کہنا تھا کہ ان کے قبولِ اسلام پر مسلمانوں نے بے حد محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہیں کھجوریں، اسلامی کتابیں اور یہاں تک کہ مکہ سے جائے نماز کے تحائف بھی موصول ہوئے، جس نے انہیں آبدیدہ کر دیا۔
یہ تبدیلی رائے لل بلیک کے لیے ایک نئے باب کی شروعات ہے اور اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ اسلام ہر اُس دل کو اپنی روشنی سے منور کر دیتا ہے جو سچائی کی تلاش میں ہوتا ہے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 30 مارچ تا 05 اپریل 2025