
یہ وہی قطر ہے جہاں بحرِ عرب کی نیلگوں موجیں صحرا کی سنہری ریت سے ہم آغوش ہوتی ہیں، جہاں روایت اور جدیدیت یکجا ہو کر ایک نئی کہانی رقم کرتی ہیں۔ ایک ایسا ملک جو ترقی اور خوابوں کی سرزمین کہلاتا ہے۔ ہندوستان اور قطر کے تعلقات کی جڑیں صدیوں پر پھیلی ہوئی ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہیں۔ آج لاکھوں ہندوستانی یہاں محنت، مہارت اور قابلیت کے ذریعے اپنی زندگی سنوارنے کے ساتھ ساتھ قطر کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ تعلق صرف اقتصادی یا سفارتی نہیں بلکہ تہذیبی، ثقافتی اور انسانی رشتوں کی خوبصورت مثال ہے۔
قطر میں ہندوستانی برادری زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے۔ تعمیرات کے میدان میں ان کی محنت بلند و بالا عمارتوں اور جدید بنیادی ڈھانچے میں جھلکتی ہے، خاص طور پر فیفا ورلڈ کپ 2022 کی تاریخی کامیابی کے پیچھے بھارتی مزدوروں کی انتھک کاوشیں شامل تھیں۔
طبی شعبے میں بھی بھارتی ماہرین نمایاں ہیں۔ ہسپتالوں، طبی مراکز اور تحقیقی اداروں میں ہندوستانی ڈاکٹرز نرسز اور طبی عملے کے کارکنان اپنی مہارت سے قطر کے نظامِ صحت کو عالمی معیار پر لے جا رہے ہیں۔
تعلیم کے شعبے میں بھی ہندوستانی برادری کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ قطر میں کئی معیاری تعلیمی ادارے ہندوستانی طلبہ سمیت مختلف قومیتوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ ان اداروں میں بِرلا پبلک اسکول، دوحہ ماڈرن انڈین اسکول، ڈی پی ایس ماڈرن انڈین اسکول، آئیڈیل انڈین اسکول، ایم ای ایس انڈین اسکول، شانتی نکیتن انڈین اسکول، بھاونس پبلک اسکول، دہلی پبلک اسکول، الخور انٹرنیشنل اسکول، لوئیولا انٹرنیشنل اسکول، نوبل انٹرنیشنل اسکول، پرل اسکول اور راجگیری پبلک اسکول شامل ہیں، جو تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ ثقافتی ہم آہنگی، اخلاقی اقدار اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
کاروبار، معیشت اور جدید ٹیکنالوجی میں ہندوستانیوں کی نمایاں خدمات
کاروباری میدان میں بھی بھارتی برادری ایک مضبوط حیثیت رکھتی ہے۔ لؤلؤ گروپ انٹرنیشنل، سفاری گروپ اور گرینڈ مال جیسے بڑے تجارتی ادارے ہندوستانی کاروباری شخصیات کی کامیابی کی روشن مثالیں ہیں جو قطر میں نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں بلکہ خریداروں کو معیاری اور متنوع اشیاء بھی مہیا کر رہے ہیں۔
اسی طرح، انسپائر ٹیکنالوجی، ویژن ٹیکنالوجیز اور دیگر ہندوستانی کمپنیوں نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل انوویشن میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ہندوستانی ماہرین کی اختراعات نے قطر میں ایک نئی صنعتی اور ڈیجیٹل ترقی کی بنیاد رکھی ہے جو ملک کے ترقیاتی سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہی ہے۔
قطر کی حکومت ہندوستانی برادری کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دیتی رہی ہے۔ آرام دہ رہائشی منصوبے، محفوظ ورکنگ کنڈیشنز اور جدید سہولیات یہاں کام کرنے والے ہندوستانیوں کو ایک بہتر معیارِ زندگی فراہم کرتی ہیں۔ طبی سہولتوں کے لحاظ سے بھی قطر کا نظام دنیا کے بہترین ممالک میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہندوستانی ماہرین صحت اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قطر میں مختلف کمیونٹی سنٹرز موجود ہیں، جہاں ہندوستانی برادری کو اپنی روایات کے اظہار کے مواقع حاصل ہیں۔ روایتی تہواروں کی تقریبات سے لے کر سماجی و فلاحی سرگرمیوں تک یہ مراکز کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
دوستی کا امتحان: سفارتی مہارت اور اعتماد
قطر اور ہندوستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے اور مستحکم ہو رہے ہیں اور اس کی ایک بہترین مثال حالیہ سفارتی تعاون ہے۔ اگست 2022 میں قطر میں چند بھارتی شہریوں کی گرفتاری ایک نازک معاملہ تھا جسے دونوں ممالک نے انتہائی تحمل، حکمت اور باہمی اعتماد کے ساتھ حل کیا۔ فروری 2024 میں قطر کے امیر کی خصوصی مداخلت سے یہ معاملہ خوشگوار انجام تک پہنچا اور ہندوستانی حکومت نے ان کے کردار کی قدر کی۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قطر اور ہندوستان کا رشتہ صرف تجارت یا سفارت تک محدود نہیں، بلکہ یہ بھروسے، عزت اور باہمی احترام کا ایک اچھا نمونہ ہے۔
غرض قطر میں بھارتی برادری محض روزگار کے مواقع سے وابستہ نہیں بلکہ یہ تہذیبوں کے سنگم کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ یہاں کی گلیوں میں ہندوستانی تہذیب کی خوشبو ہے، بازاروں میں ان کی مہارت کی گونج اور عمارتوں میں ان کی محنت کی جھلک۔
یہ تعلق محض کاروبار اور معیشت کا نہیں بلکہ دلوں کا ہے۔ ایک ایسا رشتہ جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ یہ دوستی، محبت اور تعاون کا سفر یوں ہی جاری و ساری رہے اور دونوں ممالک ترقی و خوشحالی کی راہ پر ساتھ ساتھ چلتے رہیں
***
قطر میں بھارتی برادری محض روزگار سے وابستہ نہیں بلکہ یہ تہذیبوں کے سنگم کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ یہاں کی گلیوں میں ہندوستانی تہذیب کی خوشبو ہے، بازاروں میں ان کی مہارت کی گونج اور عمارتوں میں ان کی محنت کی جھلک
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 16 مارچ تا 22 مارچ 2025