پنجاب: عام آدمی پارٹی کے دس ایم ایل ایز نے کابینہ کے وزرا کے طور پر حلف لیا
نئی دہلی، مارچ 19: پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے دس ایم ایل ایز نے آج صبح چندی گڑھ میں ریاستی کابینہ کے وزرا کے طور پر حلف لیا۔
وزیر کے طور پر حلف لینے والے ایم ایل ایز میں ہرپال سنگھ چیمہ، بلجیت کور، ہربھجن سنگھ ای ٹی او، وجے سنگلا، لال چند کتروچک، ایس گرومیر سنگھ میت ہیر، ایس کلدیپ سنگھ دھالیوال، لالجیت سنگھ بھولر، برام شنکر (جمپا) اور ہرجوت سنگھ بینس شامل ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق چیمہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے پہلے شخص تھے، اس کے بعد بلجیت کور، ہربھجن سنگھ اور سنگلا نے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے نئے وزرا میں سے صرف چیمہ اور میت پنجاب اسمبلی میں اپنی دوسری مدت میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بلجیت کور کابینہ میں واحد خاتون ہیں۔
اے این آئی کی خبر کے مطابق کور نے ہفتہ کو پنجاب کے لوگوں اور AAP ہائی کمان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا ’’یہ AAP کی اچھی سوچ ہے کہ انھوں نے ایک خاتون کو کابینہ میں شامل کیا ہے۔ میں اپنی تمام ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے نبھاؤں گی۔ ایک خاتون اور ڈاکٹر کے طور پر میں خواتین اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے کام کروں گی۔‘‘
ہفتہ کو ہونے والی اس تقریب حلف برداری کے ساتھ ہی پنجاب کابینہ میں اب مزید سات اسامیاں خالی رہ گئی ہیں۔
16 مارچ کو بھگونت مان، جن کا جنوری میں AAP کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا گیا تھا، نے بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں ضلع نواں شہر کے کھٹکر کلاں میں پنجاب کے 18ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔
اپنی جیت کے بعد مان نے کہا تھا کہ پنجاب میں ایک ماہ میں تبدیلی نظر آئے گی اور پارٹی ترجیحی بنیادوں پر بے روزگاری سے نمٹےگی۔
عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں 117 اسمبلی حلقوں میں سے 92 پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھاری اکثریت حاصل کی تھی۔