پرنوئے رائے اور رادھیکا رائے نے این ڈی ٹی وی کی پروموٹر کمپنی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا

نئی دہلی، نومبر 30: این ڈی ٹی وی کے بانی پرنوئے رائے اور رادھیکا رائے نے آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کے طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ نیوز چینل نے منگل کو بامبے اسٹاک ایکسچینج کو ایک ریگولیٹری فائلنگ میں اس سے مطلع کیا۔

RRPR یا رادھیکا رائے پرنوئے رائے، ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ NDTV کی پروموٹر کمپنی ہے۔ اس کے پاس نیوز چینل میں 29.18 فیصد حصہ داری ہے جسے اڈانی گروپ کے قبضے میں لیا جا رہا ہے۔

تاہم وہ اب بھی NDTV میں بطور پروموٹر 32.26 فیصد حصص رکھتے ہیں اور انھوں نے نیوز چینل کے بورڈ سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی نے فائلنگ میں یہ بھی کہا کہ آر آر پی آر ہولڈنگ نے سدپتا بھٹاچاریہ، سنجے پگالیا اور سینتھل سنیہ چنگلوارائن کو بورڈ کے ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پگالیا اڈانی گروپ میں میڈیا اقدامات کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر اور ایڈیٹر ان چیف ہیں۔

23 اگست کو AMG میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ، اڈانی انٹرپرائزز کی ایک مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی نے وشوا پردھان کمرشل پرائیویٹ لمیٹڈ یا VCPL میں 100 فیصد ایکویٹی حصص 113.74 کروڑ روپے میں خریدے۔

مہینے کے آخر میں اڈانی گروپ نے اعلان کیا کہ وہ VPCL کے ذریعے NDTV میں 29.18% حصص حاصل کرے گا۔ این ڈی ٹی وی نے تب کہا تھا کہ یہ قبضہ رضامندی کے بنا اور رادھیکا رائے اور پرنائے رائے کو کسی بھی قسم کے نوٹس بھیجے بغیر کیا گیا تھا۔

لیکن یہ حصول ممکن تھا کیوں کہ VCPL نے 2009 میں NDTV کو 403.85 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا۔ قرض کی شرائط کے مطابق کمپنی کے پاس اپنے وارنٹ استعمال کرنے اور قرض کی رقم کو ایکویٹی شیئرز میں تبدیل کرنے کا حق تھا۔

نومبر میں اڈانی گروپ نے NDTV میں اضافی 26 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے کھلی پیش کش کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے گروپ کا کل حصہ 55.18 فیصد ہو جائے گا جو اسے NDTV کے ملکیتی حقوق لینے کی اجازت دینے کے لیے کافی ہے۔

یہ پیشک ش 22 نومبر کو سبسکرپشن کے لیے کھولی گئی اور 5 دسمبر تک جاری رہے گی۔

دریں اثنا این ڈی ٹی وی نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا کو خط لکھا ہے، جس میں مارکیٹس کے ریگولیٹر سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کا تعین کرے کہ آیا اس کا 2020 کا حکم جو اس کے پروموٹرز کو سیکیورٹیز مارکیٹ میں کوئی سودے کرنے سے روکتا ہے، اڈانی گروپ کو اس کے حصص حاصل کرنے سے روکتا ہے یا نہیں۔