بہار:609 مدارس پرجعلی دستاویزات استعمال کر کے فنڈ حاصل کرنے کا الزام،پٹنہ ہائی کورٹ نے دیاجانچ کا حکم
تحقیقات چار ہفتوں میں مکمل کرنے کی ہدایت اور مذکورہ مدارس کو دی جانے والی رقم روکنے کا حکم
نئی دہلی،26 جنوری:۔
بہار کے چھ سو سے زائد مدارس جانچ کے گھیرے میں ہیں۔ان پر مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کی بنیاد پر حکومت سے سرکاری فنڈ حاصل کرنے کا الزام ہے۔اس معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ نے ایک درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بہار حکومت کی سرزنش بھی کی اور ان مدراس کے کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے جانچ جاری رہنے تک فنڈ روکنے کا حکم بھی دیا ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق پٹنہ ہائی کورٹ نے بہار حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کی بنیاد پر 609 مدارس کو گرانٹ جاری کرنے کی جاری تحقیقات کو چار ہفتوں کے اندر مکمل کرے اور تب تک ان رجسٹرڈ اداروں کو دی جانے والی رقم کو روک دے۔چیف جسٹس سنجے کرول اور جسٹس پارتھ سارتھی کی ڈویژن بنچ نے محمد علاؤالدین بسمل کی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ’حکومت انکوائری کے نتائج کو ریکارڈ پر رکھنے سے کتر ارہی ہے۔ اس میں صرف یہ کہا گیا کہ ضلع مجسٹریٹس کو میمو رینڈم بھیجا گیا ہے۔ بنچ نے گزشتہ روز سماعت کے دوران کہا ،’ اس میں ایک متعینہ وقت کے اندر انکوائری مکمل نہ کرنے کی کوئی وضاحت نہیں ہے، خاص طور پر جب حکومت نے سال 2020 میں صرف سیتا مڑھی میں مدرسہ ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کم از کم 88 تعلیمی اداروں کے گرانٹ منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ سال محکمہ تعلیم نے گرانٹ حاصل کرنے والے 609 تعلیمی اداروں کی حیثیت کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے، محکمہ 17 ستمبر 2021 کو تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹیوں کے تمام صدور کی میٹنگ طلب کرے گا، جس میں آئندہ لائحہ عمل کی ہدایت کے ساتھ تحقیقات کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایات دی جائیں گی۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اس میں چار ہفتے سے زیادہ وقت نہ لگے۔
عدالت نے کہا کہ جب تک قانون اور سرکاری تجاویز کے قانونی جواز اور اس پر عمل کے تعلق سے تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتی تب تک 609 تعلیمی اداروں کے حق میں امدادی فنڈ کے طور پر رقم جاری نہیں کی جائے گی ۔ عدالت نے پولیس سے اس تناظر میں درج ایف آئی آر پر تحقیقات کو تیزی سے مکمل کرنے کو بھی کہا اور ریاست کے پولیس سربراہ کو دو ہفتوں کے اندر تازہ ترین اسٹیٹس رپورٹ کے حوالے سے حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے۔