پاکستان، ہندوستان کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے: شہباز شریف

نئی دہلی، اگست 19: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک ہندوستان کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

روزنامہ ڈان نے وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز پاکستان میں نو تقرر آسٹریلیائی ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے ملاقات کے دوران کیا۔

پی ایم او نے ایک بیان میں کہا کہ: "پاکستان مساوات، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں کی بنیاد پر ہندوستان کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس تناظر میں  اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے”۔

وزیر اعظم نے کہا کہ "عالمی برادری کو اس سلسلے میں اپنا مناسب کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔”

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آسٹریلیائی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی اور افغانستان سے اپنے شہریوں اور دیگر افراد کے بحفاظت انخلاء میں پاکستان کے مخلصانہ کردار پر اظہار تشکر کیا۔