پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کا دبئی میں انتقال
پرویز مشرف امریکن ہاسپٹل دبئی میں زیر علاج تھے،79 برس کی عمر میں انتقال ہوا
دبئی،05فروری :۔
پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا آج 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال ہو گیا۔وہ ایک لمبے عرصے سے بیمار چل رہے تھے۔پاکستانی میڈیا کے مطابق پرویز مشرف امریکن ہاسپٹل دبئی میں زیر علاج تھے۔ پرویز مشرف نے 1999 میں ملک میں مارشل لاء لگا کر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے۔
واضح رہے کہمشرف 11 اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے اور ابتدائی تعلیم کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے مکمل کی۔ سابق صدر نے لاہور کے فارمن کرسچن کالج سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی۔پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کرا کے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔
سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے۔ پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے تھے۔ وہ گزشتہ ایک لمبے عرصے سے بیمار چل رہے تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔ان کے اہل خانہ میت کو دبئی سے پاکستان لائے جانے پر غور کر رہے ہیں۔