اومیکرون: معاملات میں اضافے کے درمیان دہلی حکومت نے کرسمس اور نئے سال کے اجتماعات پر پابندی لگائی
نئی دہلی، دسمبر 23: دہلی حکومت نے بدھ کے روز ضلع مجسٹریٹس سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ثقافتی تقریبات اور اجتماعات کا انعقاد نہ کیا جائے کیوN کہ قومی راجدھانی میں اومیکرون کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔
ایک حکم میں دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نوٹ کیا کہ اس نے 15 دسمبر کو اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگا دی تھی لیکن پابندیوں کی تعمیل نہیں کی گئی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے ’’لہٰذا تمام ڈی ایمز [ضلع مجسٹریٹ] اور ضلعی ڈی سی پیز [پولیس کے ڈپٹی کمشنرز] اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دہلی کے این سی ٹی میں کرسمس یا نئے سال کا جشن منانے کے لیے کوئی ثقافتی تقریب/ اجتماعات منعقد نہیں ہوں گے۔‘‘
حکم نامے میں حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیرمتوقع چیکنگ کریں اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
حکومت نے ضلع مجسٹریٹس سے سروے کرنے اور ممکنہ کووڈ سپر اسپریڈر علاقوں کی نشان دہی کرنے کو بھی کہا ہے۔
اس بات کی نشان دہی کرتے ہوئے کہ انفیکشن کے خلاف جنگ میں ماسک پہننا سب سے اہم ہتھیار ہے، حکم نامے میں رہائشی ویلفیئر ایسوسی ایشنز اور مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماسک کے بغیر کسی کو بھی عوام میں جانے کی اجازت نہ دیں۔
مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی دکانوں پر ’’ماسک نہیں، تو داخل ہونے کی اجازت نہیں‘‘ کی پالیسی نافذ کریں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کووڈ 19 کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے۔
بدھ کو مرکزی وزارت صحت کی تازہ کاری کے مطابق دہلی میں ہندوستان میں اومیکرون کے سب سے زیادہ کیسز کی تعداد ہے، جو کہ 57 ہے۔
تاہم دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ مرکزی حکومت کی تعداد درست نہیں ہے۔
جین نے نوٹ کیا کہ دہلی میں حکومت کے مطابق اومیکرون کیسوں کی تعداد منگل کو 54 تھی اور کہا کہ ان میں سے دو کیس غازی آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
جین نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’دہلی میں اب تک اومیکرون کے 52 کیسز ہیں، جن میں سے زیادہ تر ہوائی اڈے کے ہیں۔ کمیونٹی سے صرف تین کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کے انفیکشن کے ماخذ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ 52 میں سے 18 افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے، وہ صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ان 52 کیسز میں سے زیادہ تر ملک کے دوسرے حصوں سے بھی ہیں، لیکن متاثرہ مریضوں کو دہلی کے ہوائی اڈے پر پہنچتے ہی شہر کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
جین نے کہا کہ Omicron مثبت مریض میں سے کوئی بھی سنگین حالت میں نہیں ہے اور ان کی صحت کی حالت مستحکم ہے۔
دریں اثنا دہلی میں بدھ کے روز 125 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
624 فعال معاملات کے ساتھ دہلی میں پچھلے پانچ مہینوں میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مریض ہیں۔
بدھ کو دہلی میں کوئی نئی موت ریکارڈ نہیں ہوئی۔