اوڈیشہ ٹرین حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہوگئی، وزیر اعظم مودی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا

نئی دہلی، جون 3: جمعہ کی شام اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں دو ایکسپریس ٹرینوں اور ایک مال بردار ٹرین کے ٹکرانے کے حادثے میں کم از کم 288 مسافر ہلاک اور تقریباً 900 زخمی ہو گئے۔

یہ حادثہ، جو کہ ہندوستان کی تاریخ کی بدترین ریلوے حادثات میں سے ہے، شام 7 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا تھا جب یشونت پور-ہاؤڑا ایکسپریس کی دو بوگیاں بالاسور کے بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئیں۔

پٹڑی سے اترنے والے ڈبے ملحقہ ٹریک پر تیز رفتار کورومنڈیل ایکسپریس کے راستے میں آگئے اور اس سے ٹکرا گئے۔ تصادم میں کورومنڈیل ایکسپریس کی سترہ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ کورومنڈیل ایکسپریس کی ان بوگیوں میں سے کچھ پھر ایک مال ٹرین سے ٹکرا گئیں۔

ساؤتھ ایسٹ ریلوے کے ترجمان آدتیہ چودھری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ مرنے کی والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی گئی اور شام تک یہ تعداد 261 تک پہنچ گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

اوڈیشہ فائر سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو سارنگی نے اے ایف پی کو بتایا کہ بہت سارے افراد شدید زخمی ہیں۔

قریبی اضلاع کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اوڈیشہ کے چیف سکریٹری پردیپ جینا نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ تین نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس یونٹ، چار اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس یونٹ، 15 سے زیادہ فائر ریسکیو ٹیمیں، 30 ڈاکٹر، 200 پولیس اہلکار اور 60 ایمبولینس جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفصیلی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں گی۔

انھوں نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان بھی کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور جائے حادثہ کا دورہ کیا اور دن کے آخر میں کٹک کے اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات بھی کی۔ انھوں نے کہ وہ ’’ٹرین حادثے سے دکھی ہیں۔‘‘

انھوں نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا ’’حکومت زخمیوں کے علاج کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’اس واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ قصوروار پائے جانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔‘‘

وہیں اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک ہنگامی رابطہ نمبر – 06782-262286 بھی جاری کیا ہے۔ ریلوے کے ہیلپ لائن نمبر 033-26382217 (ہاؤڑا)، 8972073925 (کھڑگپور)، 8249591559 (بالاسور) اور 044-25330952 (چنئی) ہیں۔