نیو یارک ٹائمز نے واضح کیا کہ اس نے مودی کو ’’زمین کی آخری اور بہترین امید‘‘ نہیں کہا، وائرل تصویر ’’سراسر جعلی‘‘ ہے
نئی دہلی، ستمبر 29: نیو یارک ٹائمز نے آج کہا کہ اس کے پہلے صفحے کے ایک مضمون کی تصویر جس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے تعلق سے سرخی ’’آخری، زمین کی بہترین امید‘‘، مکمل طور پر من گھڑت تھی، جس کی جعلی تصویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔
اخبار نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’آن لائن فوٹو شاپ کی گئی تصاویر کو شیئر کرنا یا گردش کرنا غلط معلومات اور غیر یقینی صورت حال میں اضافہ کرتا ہے، اس وقت جب سچے اور قابل اعتماد صحافت کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔‘‘
اس کے ساتھ ہی نیویارک ٹائمز نے مودی کے بارے میں اپنی حقائق پر مبنی رپورٹنگ کا لنک بھی شیئر کیا۔
This is a completely fabricated image, one of many in circulation featuring Prime Minister Modi. All of our factual reporting on Narendra Modi can be found at:https://t.co/ShYn4qW4nT pic.twitter.com/gsY7AlNFna
— NYTimes Communications (@NYTimesPR) September 28, 2021
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس نقلی تصویر میں مودی کی ایک بڑی تصویر دکھائی گئی ہے، جس پر لکھا گیا ہے کہ ’’دنیا کا سب سے پیارا اور طاقتور لیڈر ہمیں برکت دینے کے لیے حاضر ہے۔‘‘ تصویر میں ایڈیشن کی تاریخ 26 ستمبر درج ہے۔ لیکن ستمبر کا املا غلط ہے اور فونٹ بھی وہ نہیں ہے جو نیو یارک ٹائمز استعمال کرتا ہے۔
مودی کے دورہ امریکہ کے بعد یہ جعلی تصویر گردش کرنے لگی تھی۔
دی کوئنٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی یوتھ ونگ کے قومی جنرل سکریٹری روہت چہل ان لوگوں میں شامل تھے جنھوں نے اس جھوٹی تصویر کو ری ٹویٹ کیا۔ ٹوئٹر پر ان کے 76 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔