نوجوانوں کی طاقت کی بہترین منزل، متبادل قیادت کا منظم کارواں

بنگلورو میں سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ کے ریاستی دفتر کا افتتاح ایک نئے سفر کا آغاز

بنگلورو (دعوت نیوز ڈیسک)

جب نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مقصد، سمت اور فکر کا واضح راستہ فراہم کیا جائے تو وہ محض شور شرابے یا وقتی احتجاج کا حصہ نہیں بنتے بلکہ وہ ایک ہمہ جہت تحریک میں ڈھل جاتے ہیں۔ ایسی ہی ایک تحریک "سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک” ہے جس نے ریاست بھر میں نوجوانوں کی فکری، اخلاقی اور تنظیمی تربیت کے ذریعے ایک متبادل قیادت کی بنیاد رکھی ہے۔ اس جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل اس وقت عبور ہوا جب جماعت اسلامی ہند، حلقہ کرناٹک کے امیر حلقہ ڈاکٹر محمد سعد بلگامی نے بنگلورو میں اس کے مستقل ریاستی دفتر کا باضابطہ افتتاح انجام دیا۔
یہ دفتر صرف ایک تنظیمی عمارت نہیں بلکہ اس وژن کی تعبیر ہے جو اس تحریک نے اپنے قیام کے وقت طے کیا تھا۔ سالیڈارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر نسیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "سالیڈاریٹی کوئی نمائشی پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک فکری اور عملی تحریک ہے جو نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی، ان کے اندر قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ اور سماج کی تعمیرِ نو میں ان کے فعال کردار پر یقین رکھتی ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ سالیڈاریٹی نے 2008 میں 250 نوجوانوں کے ساتھ "یوتھ ونگ، جماعت اسلامی کرناٹک” کے طور پر کام شروع کیا تھا جو 2016 میں باقاعدہ "سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ” کی شکل میں ایک خود مختار تنظیم کے طور پر ابھری۔ آج اس کے 27 سے زائد اضلاع میں 80 فعال یونٹس ہیں اور اس سے وابستہ نوجوانوں کی تعداد 7000 سے تجاوز کر چکی ہے جن میں 900 سے زائد تربیت یافتہ "ایکٹیوسٹ” شامل ہیں۔
تحریک کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر نسیم نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسی نوجوان قیادت تیار کرنا ہے جو اخلاقی طور پر بلند ہو، فکری طور پر باشعور ہو اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو۔ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کی توانائی کو پرامن، ترقی پسند اور خوشحال سماج کی تشکیل کے لیے استعمال کیا جائے جیسا کہ ہماری اسلامی اور اصلاحی تحریکوں کی عظیم تاریخ رہی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حلقہ کرناٹک ڈاکٹر محمد سعد بلگامی نے کہا کہ "تحریک اسلامی نے ہمیشہ نوجوانوں کو اپنی توجہ کا مرکز بنایا ہے اور سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ اسی تسلسل کی ایک کامیاب کڑی ہے۔ 2022 کے یوتھ کنونشن کے بعد اس تحریک نے ریاست گیر وسعت حاصل کی اور کئی اضلاع میں اس کی فعال یونٹس قائم ہو چکی ہیں۔”
اس موقع پر سابق امرائے حلقہ جناب اقبال ملا اور جناب اطہر اللہ شریف کے علاوہ جماعت کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود رہے۔
سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ کا نیا دفتر صرف اینٹ اور سیمنٹ کا ڈھانچہ نہیں بلکہ ایک نظریاتی مرکز ہے جو آئندہ برسوں میں ریاست کے باشعور نوجوانوں کی تربیت، رہنمائی اور قیادت کے فروغ کا مضبوط سنگِ بنیاد ثابت ہوگا۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 18 مئی تا 24 مئی 2025