ہمارے بغیر اپوزیشن کا اتحاد ممکن نہیں: کانگریس
نئی دہلی، فروری 19: کانگریس نے اتوار کو زور دے کر کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپوزیشن کا اتحاد اس کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری (برائے تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف اتحاد بنانے کے لیے مختلف جماعتوں کو اکٹھا کرنے میں اپنے کردار سے واقف ہے۔
وینوگوپال نے کہا ’’کانگریس پہلے ہی پہل کر چکی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے۔ ہم انہیں یقینی طور پر بی جے پی کے خلاف اکٹھا کریں گے۔‘‘
یہ بیاناتا بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے اس بیان ایک دن بعد آئے ہیں، جس میں انھوں نے کانگریس کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران حاصل ہونے والے فوائد کو متحدہ محاذ بنانے میں استعمال کرے۔
کمار نے کہا تھا کہ اگر کانگریس ان کی بات مانے تو بھارتیہ جنتا پارٹی ’’100 سیٹوں سے نیچے چلی جائے گی۔‘‘
اتوار کو کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج برائے کمیونی کیشن جے رام رمیش نے کہا کہ 24 فروری سے شروع ہونے والے رائے پور میں پارٹی کے تین روزہ مکمل اجلاس کے دوران اپوزیشن کو متحد کرنے پر مزید بات چیت کی جائے گی۔
رمیش نے کہا ’’کسی کو ہمیں یہ سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے کہ ہمیں قیادت کرنی ہے کیوں کہ کانگریس کے بغیر اپوزیشن کا کوئی بھی اتحاد ناکام ہوگا۔ لہذا ہم نتیش کمار کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں… اس [اپوزیشن کو متحد کرنے] پر مکمل بحث کی جائے گی۔‘‘
رمیش نے کہا کہ کانگریس اس بات پر بھی غور کرے گی کہ آیا انتخابات سے قبل اتحاد ہوگا اور یا کوئی دوسرا طریقہ اپنایا جائے گا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ راہل گاندھی کی زیرقیادت بھارت جوڑو یاترا کے اثرات کو تسلیم کرنے کے لیے کمار کے شکر گزار ہیں۔
رمیش نے کہا ’’یہ ہندوستانی سیاست کے لیے ایک تبدیلی کا لمحہ ہے، انھوں نے اسے تسلیم کیا ہے۔‘‘
کانگریس نے دعویٰ کیا کہ بھارت جوڑو یاترا کا مقصد نفرت کی سیاست کا مقابلہ کرنا تھا، جو بھارتی جنتا پارٹی کی شناخت ہے۔