اپوزیشن رہنماؤں سے نتیش کمار کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری
نئی دہلی، ستمبر 8: بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل (یو)کے سرکردہ لیڈر نتیش کمار نے دارالحکومت میں اپنے قیام کے دوران اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ رابطہ مہم کے سلسلے میں سابق مرکزی وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار سےملاقات کی اوراگلے عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کے اتحاد کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر کمار دہلی میں مسٹر پوار کی رہائش گاہ پر پہنچے اور تقریباً 45 منٹ تک وہاں ان سے بات چیت کی۔ میٹنگ کے بعد مسٹر کمار نے کہا کہ اگر اپوزیشن مل کر الیکشن لڑے تو یہ ملک کے لیے اچھا ہوگا۔ اپوزیشن کا اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نجی کچھ نہیں ہے، ہمارا ایک ہی مقصد ہے کہ سب متحد ہوجائیں تو ملک کے لیے بہت اچھا ہو گا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے دہلی میں اب تک جن لیڈران سے ملاقات کی ہے، سب کا اپوزیشن اتحاد پر اچھا نظریہ رہا ہے۔
مسٹر کمار نے گزشتہ تین دنوں میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو، سابق مرکزی وزیر شرد یادو، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ جیسے سینئر اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔ مسٹر کمار نے مسٹر ملائم سے یادو سے میدانتا اسپتال میں ملاقات کی۔ مسٹر یادو فی الحال وہاں بھرتی ہیں۔ اس دوران مسٹراکھلیش یادو بھی ان کے ساتھ تھے۔