این آئی اے نے آئی ایس آئی ایس کے مبینہ سرگرم کارکن کو گرفتار کیا
نئی دہلی، 07 اگست (دعوت نیوز ڈیسک) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے آج یہ دعوی کیا ہے کہ اس نے دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کے ایک سرگرم رکن کو ہفتہ کو دہلی کے بٹلہ ہاؤس سے گرفتار کیا ہے، جس پر دہشت گرد تنظیم کے لیے فنڈز جمع کرنے کا بھی الزام ہے۔
این آئی اے نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایجنسی نے تلاشی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت محسن احمد کے طور پر کی گئی ہے اور وہ مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم کی آن لائن مدد کرتا رہا ہے اور دیگر طرح کی سرگرمیوں میں بھی شامل رہا ہے۔
این آئی اے نے کہا کہ ایجنسی نے خود نوٹس لیتے ہوئے 25 جون کو اس تعلق سے معاملہ درج کیا تھا۔ ہفتے کے روز (6 اگست) کو بٹلہ ہاؤس علاقے میں محسن احمد کے احاطے کی این آئی اے کے افسران نے تلاشی لی اور اسے آئی ایس آئی ایس کی آن لائن اور دیگر کئی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
این آئی اے کا دعوی ہے کہ
ملزم مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس کا جنونی اور سرگرم رکن ہے۔ اس نے مبینہ طور پر اندرون اور بیرون ملک آئی ایس آئی ایس کے ہمدردوں سے دہشت گرد تنظیم کے لیے فنڈز اکٹھے کیے تھے۔ وہ یہ رقوم کرپٹو کرنسی کی شکل میں ملک شام اور دیگر مقامات پر داعش کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے بھیجتا تھا۔ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔