نئے فوجداری قوانین ملک کو ’پولیس اسٹیٹ‘ کی طرف دھکیل سکتے ہیں: جماعت اسلامی ہند

نیٹ پیپرلیک کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ۔ UGC-NET 2024 کی منسوخی ایک سنگین غلطی، جواب دہی طے کی جائے

نئی دلی: (دعوت نیوز نیٹ ورک)

مابعد الیکشن مسلم مخالف تشدد، ہاتھرس بھگدڑ اور ٹرین اور ہوائی اڈے کے حادثات پر اظہار تشویش
نئے قوانین شہری آزادیوں کے لیے خطرہ۔تشویشناک پہلوؤں کی نشان دہی۔ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا: ندیم خاں
نائب امیر جماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے بھارت میں نافذ ہونے والے نئے فوجداری قوانین پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ ملک کو ’پولیس اسٹیٹ‘ کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔ یہ قوانین عوامی مفاد بجائے عوام مخالف ہیں۔ انہوں نے نئی دلی میں جماعت کے ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ ماہانہ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ جماعت اسلامی ہند کے مرکزی قائدین نے پریس بریفنگ کے دوران نئے فوجداری قوانین کے علاوہ مابعد الیکشن مسلم مخالف واقعات میں اضافہ، NEET اور NET کے تنازعات، ہاتھرس بھگدڑ واقعہ، ٹرین و ایئرپورٹ حادثات اور پُلوں کے گرنے کے واقعات پر گفتگو کی۔
پروفیسر محمد سلیم نے انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) اور ایویڈینس ایکٹ کی جگہ لینے والے نئے قوانین سے ابھرنے والے خدشات کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی کی آڑ میں اظہار رائے اور اختلاف رائے کی آزادی پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے نئے قوانین کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان قوانین کا شہریوں کے خلاف آسانی سے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔ پروفیسر سلیم نے پارلیمنٹ میں مناسب بحث کے بغیر ہی ملک کے فوجداری نظام انصاف میں زبردست تبدیلیاں کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور نشان دہی کی کہ اپوزیشن کے بہت سے ارکان کی معطلی کے درمیان دسمبر 2023 میں انہیں منظور کیا گیا تھا۔ ان نئے قوانین میں پولیس افسروں کو جھوٹے مقدمات درج کرنے پر جواب دہ ٹھیرانے کی کوئی دفعات نہیں ہیں۔ یہ قوانین پولیس کو تین سے سات سال قید کی سزا پانے والے جرائم کے لیے ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار دیتے ہیں، جو ممکنہ طور پر بد عنوانی کا باعث بنتے ہیں اور پسماندہ طبقوں کو ایف آئی آر درج کرنے سے روکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں طویل حراست اور طاقت کا غلط استعمال ہو سکتا ہے جس سے شہری آزادیاں متاثر ہوں گی۔ انہوں نے 2027 تک نظام انصاف کو ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششوں کی تعریف کی، وہیں غریبوں اور پسماندہ لوگوں کے خلاف جن کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوتی ممکنہ امتیازی سلوک پر تنقید کی۔ انہوں نے قانونی نظام کو حقیقی طور پر ختم کرنے کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو جواب دہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان قوانین کے پیچھے حکومت کے ارادوں کے بارے میں سوالات کے جواب میں، نائب امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ حکومت کا مقصد ایک پولیس اسٹیٹ کی طرف بڑھنا اور فاشسٹ ذہنیت کو اپناتے ہوئے اختلاف کرنے والی آوازوں کو دبانا ہے۔
ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (APCR) کے نیشنل سیکرٹری ندیم خاں نے نئے قوانین اور نوآبادیاتی دور کے رولٹ ایکٹ 1919 کے درمیان مماثلتوں کو اجاگر کیا جس میں کسی مقدمے یا عدالتی نظر ثانی کے بغیر حراست میں رکھنے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے نشان دہی کی کہ نئے قوانین اس وقت منظور کیے گئے جب دسمبر میں پارلیمنٹ کے تقریباً 145 ارکان کو ایوان سے معطل کر دیا گیا تھا۔ ندیم خان نے نئے قوانین کی نمایاں خامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانونی عمل کو پیچیدہ بناتے ہیں۔ نئے قانون کے تحت پولیس کو کسی بھی ملزم (جو ابھی تک سزا یافتہ نہیں ہے) ہتھکڑیاں لگانے کا مکمل اختیار دیا گیا ہے، جب کہ سپریم کورٹ نے صرف نایاب ترین مقدمات میں ہی ہتھکڑیاں لگانے کی اجازت دی ہے، جب کہ عام طور پر 99 فیصد مقدمات میں پولیس کے پاس ایسا اختیار نہیں ہے۔
اس سے قبل پولیس کسی ملزم کو پندرہ دن تک حراست میں لے سکتی تھی جس کے بعد ایک وکیل ضمانت کی درخواست دے سکتا تھا تاہم اب نئے قوانین کے تحت پولیس ریمانڈ میں 90 دن تک کا اضافہ ہو سکتا ہے، جو عدلیہ کے اس اصول کو تبدیل کرتا ہے کہ ’ضمانت ایک اصول ہے اور جیل استثنیٰ ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل جب پولیس کسی شخص کو حراست میں لیتی تھی یا گرفتار کرتی تھی تو اسے 24 گھنٹے کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا ہوتا تھا لیکن اب نئے قانون میں کسی خاص حراستی مدت کا کوئی ذکر نہیں ہے جس میں چوبیس گھنٹے سے لے کر کئی دن تک کی حراست کی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے الیکٹرانک شواہد کے حوالے سے ہیرا پھیری کے امکان کے بارے میں عدالتی وضاحت کا حوالہ دیتے ہوئے ثبوت کے طور پر اس کی صداقت کو مسترد کر دیا اور کہا کہ نئے قانون کے تحت الیکٹرانک شواہد کو قبول کیا جاتا ہے۔ پولیس کو اب یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی الیکٹرانک آلات مثلاً موبائل فون یا لیپ ٹاپ کو بغیر وارنٹ کے ضبط کر سکتی ہے۔ اگر پولیس واٹس ایپ میسجز کے غلط استعمال کا الزام لگاتی ہے تو وہ موبائل فون ضبط کر سکتی ہے اور مالک کو حراست میں لے سکتی ہے، جس سے ضمانت حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ندیم خاں نے کہا کہ اے پی سی آر عدلیہ کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد نئے قوانین کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ تمام ریاستی حکومتوں کو خطوط لکھ کر زور دے رہے ہیں کہ جب تک ضروری ترامیم نہیں کی جاتیں تب تک ان امتیازی قوانین کو اپنے ہاں لاگو نہ کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت ان قوانین کا جائزہ لے اور جانچ اور ضروری اصلاح کے لیے پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں کو بھیجے۔
نئے قوانین کے تحت دہشت گردی کی تعریف میں تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے، ندیم خاں نے متعارف کرائی گئی وسیع اور مبہم تعریف پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل NIA کو ملک بھر میں دہشت گردی کے مقدمات کی تحقیقات کا اختیار حاصل تھا، جس کی تکمیل ریاستی انسداد دہشت گردی اسکواڈ کرتی تھی۔ تاہم نئے قوانین کے تحت دہشت گردی کی تعریف کو وسعت دی گئی ہے جس میں سوشل میڈیا پر جھوٹی پوسٹیں شیئر کرنے جیسے معمولی جرائم کو شامل کیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کو اب ایسے معاملات کی بھی تفتیش کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
ندیم خاں نے کہا کہ نیا قانونی نظام پولیس کو شہریوں پر ضرورت سے زیادہ اختیارات دیتا ہے۔ انہوں نے ’بے قصور ثابت ہونے تک‘ کے اصول کو ’عدلیہ کے ذریعے بے گناہ ثابت ہونے تک مجرم‘ سے بدل دینے پر تنقید کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوانین کا مقصد تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوتا ہے، جبکہ موجودہ نظام بے گناہ افراد کو سزا دینے کا خطرہ رکھتا ہے اور بہت سے مجرموں کو سزا سے محروم رہنے کی اجازت دیتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ندیم خان نے نئے قوانین کے تحت درپیش چیلنجز کی مثال پیش کی۔ انہوں نے دہلی کے سنگم وہار میں ایک بی جے پی لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا جس پر دو ہفتوں کے دوران دو لاکھ مسلمانوں کو ذبح کرنے کی دھمکی دینے والی تقریر کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کے بہانوں سے یہ کوششیں ناکام ہو گئیں۔ ندیم خان نے کہا کہ یکم جولائی کو نئے قوانین کے نفاذ کے بعد، ایسی ایف آئی آر درج کرنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے، کیونکہ اب یہ اختیار پولیس کے پاس ہے کہ اسے درج کرنا ہے یا نہیں۔
انتخابات کے بعد مسلم مخالف تشدد میں اضافہ
نائب امیر جماعت پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے کہا کہ حکومت کو اپنا راج دھرم نبھانا چاہیے۔ مرکز میں این ڈی اے کی حکومت بننے کے بعد سے مسلم طبقے کے افراد کو انتہائی شرمناک اور غیر منصفانہ طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے ساتھ طبقاتی امتیاز برتنا اور یہ سوچ کر کہ انہوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا، متعصبانہ رویہ اختیار کرنا، غیر جمہوری و غیر انسانی عمل ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج آتے ہی ملک کے مختلف خطوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی، ہجومی تشدد اور انہدامی کارروائیوں میں اضافہ ہونے لگا ہے، اس پر سختی سے روک لگائی جانی چاہیے‘‘۔ انہوں نے بھارتیہ نیا (دوسری) سنہتا، 2023 کے تحت اس شق کو سختی سے نافذ کرنے کا مطالبہ کیا جس میں ہجومی تشدد کے لیے عمر قید یا موت سمیت سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ہندوستان کے وزیر داخلہ سے ایک جامع بیان اور ٹارگیٹڈ موب لنچنگ، غیر قانونی مسماری اور مسلم کمیونٹی کے خلاف نفرت انگیز جرائم کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
ندیم خان نے اے پی سی آر کی طرف سے ٹریک کی گئی ایک مختصر رپورٹ پیش کی، جس میں الزام لگایا گیا کہ انتخابات کے بعد اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مختلف ریاستوں کی مثالیں پیش کیں جن میں بی جے پی کے زیر اقتدار، اپوزیشن کی زیر قیادت اور کانگریس کی حکومت والی ریاستیں شامل ہیں۔ ندیم خان نے ذکر کیا کہ اے پی سی آر نے عام انتخابات کے بعد ایک ماہ کے اندر لنچنگ اور ہجومی حملے کے آٹھ واقعات درج کیے جو اتر پردیش، گجرات اور مغربی بنگال سمیت دیگر ریاستوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان میں سے تقریباً 90 فیصد معاملات سیاسی محرکات پر مبنی دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے اسی مدت کے دوران مغربی بنگال میں لنچنگ کے کم از کم گیارہ واقعات کو بھی نوٹ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کی اجتماعی سزا کے طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستیں ہوں یا اپوزیشن کی حکومت والی ریاستیں، کوئی بھی اس ظلم سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ انہوں نے مثال کے طور پر ہماچل پردیش کا ذکر کیا، جہاں یو پی کے شاملی سے جاوید قریشی نے عید کے دوران مویشیوں کو ذبح کرنے کی ویڈیو پوسٹ کی، جس کے بعد وہاں ان کی دکان لوٹ لی گئی۔ اس دوران یو پی پولیس نے جاوید قریشی کو شاملی سے گرفتار کیا۔ ندیم خان نے میڈیا کو صرف جاوید قریشی کی دکان لوٹنے کے واقعے پر توجہ مرکوز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ لوٹی گئی اٹھارہ دکانوں اور ہماچل پردیش کے ناہن قصبے سے گیارہ مسلم خاندانوں کی نقل مکانی کو نظر انداز کر دیا گیا۔
انہوں نے عام انتخابات کے نتائج کے بعد ایک ماہ کے اندر اے پی سی آر کے ذریعے درج کیے گئے کل آٹھ لنچنگ اور ہجومی حملے کے واقعات کا ذکر کیا جو یو پی، گجرات، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں پیش آئے۔
ندیم خان نے نصف سچائی یا غیر ثابت شدہ الزامات کے ساتھ ابتدائی ایف آئی آر کی بنیاد پر یوپی اور مدھیہ پردیش میں مسلمانوں کے مکانات کی مسماری پر بحث کرتے ہوئے ان کارروائیوں کو ’بلڈوزر کا انصاف‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ’بلڈوزر‘ کے ذریعے انصاف فراہم کرنا ہے تو عدالتوں کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے تلنگانہ کے ضلع میدک میں ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد پر بھی ذکر کیا اور اس واقعہ میں پولیس کے امتیازی کردار پر تنقید کی۔
ایک سوال کے جواب میں ندیم خاں نے کہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے کو ان تمام نو جگہوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی تھیں۔ NEET اور NET امتحان کا تنازع پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے حکومت کی جانب سے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (NEET) اور قومی اہلیت ٹیسٹ (NET) کے امتحانات سے متعلق حالیہ تنازعات سے نمٹنے پر تنقید کی۔ انہوں نے NEET (UG) 2024 کے امتحان میں بدعنوانی کے الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور شفافیت کو یقینی بنانے اور امتحان کے عمل میں اعتماد بحال کرنے کے لیے ایک آزاد آڈٹ کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے دلیل دی کہ ’’ایک قوم ایک امتحان‘‘ کا تصور ناکام ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان امتحانات کو غیر مرکزی بنائے اور ریاستی حکومتوں کو ان کے انعقاد کی اجازت دے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امتحانی نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور بے ضابطگیوں کے مرتکب افراد کو سزا دی جائے۔ UGC-NET 2024 امتحان کی منسوخی کے بارے میں، پروفیسر سلیم نے اسے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کی طرف سے ایک سنگین غلطی قرار دیا، جس سے لاکھوں طلباء کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس خصوص میں وزیر تعلیم اور این ٹی اے کے چیئرمین سے تفصیلی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک ہونے کے الزامات سنگین ہیں اور سچائی سے پردہ اٹھانے اور امتحانی عمل کی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔ NEET کے بحران نے طلبا کے لیے کافی تناؤ پیدا کر دیا تھا اور امتحانی نظام پر ان کے اعتماد کو بری طرح ختم کر دیا تھا۔ اسی طرح NTA کی طرف سے UGC-NET 2024 کے امتحان کی منسوخی ایک بہت سنگین غلطی تھی، جس سے لاکھوں طلباء کا مستقبل متاثر ہوا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ تفصیلی تحقیقات کے بغیر NTA کا دفاع کرنے کے بجائے حکومت کو ان الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرانا چاہیے۔
ہاتھرس بھگدڑ، ٹرین اور ہوائی اڈے کے حادثات
جماعت اسلامی ہند کے قومی سکریٹری شفیع مدنی نے متعدد حادثات اور واقعات کی وجہ سے ملک میں عوامی تحفظ میں اچانک گراوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان میں 19 جون 2024 کو کنچن جنگا ایکسپریس ٹرین حادثہ جو بالاسور (اڈیشہ) ٹرین حادثے کے ٹھیک ایک سال بعد پیش آیا جس میں 260 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، نیز 28 جون کو دہلی ہوائی اڈے کی چھت گرنے سے ایک ٹیکسی ڈرائیور کی موت، اور اتر پردیش کے ضلع ہاتھرس میں ایک خود ساختہ گرو کے اجتماع میں بھگدڑ کے نتیجے میں زائد از 120 افراد کی ہلاکت کے واقعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعات ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے یا اصلاحی اقدامات پر عمل درآمد میں ناکامی کی نشان دہی کرتے ہیں، جس سے حساس مقامات پر لازمی انفراسٹرکچر آڈٹ کی دیانت داری پر شکوک پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ آڈٹ وقتاً فوقتاً اور درست طریقے سے کی گئی تھی؟
حکومت سے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے ان واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور قصوروار پائے جانے والوں کو جواب دہ ٹھیرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات اور عوامی تقریبات میں حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے اور ایسے سانحات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکے، عوام کی حفاظت ہمیشہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
جناب شفیع مدنی نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ مختلف عوامی مقامات پر کتنے بڑے حادثات ہوئے ہیں، لیکن حادثے کے اصل مجرم ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے۔ اگرچہ کچھ ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے لیکن حکومت ان لوگوں کو نظر انداز کر رہی ہے جو اصل مجرم ہیں۔
***

 

یہ بھی پڑھیں

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 14 جولائی تا 20 جولائی 2024