
نئی دہلی میں فلسطینی سفارت خانہ پر 77ویں یوم النکبہ تقریب
شہید صحافیوں کو خراجِ عقیدت ۔ غزہ جنگ میں 215 فلسطینی صحافیوں نے جام شہادت نوش کیا
نئی دلی: (دعوت نیوز ڈیسک)
فلسطین کے سفارت خانہ، نئی دہلی میں 16؍ مئی کو ایک پُر اثر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 77ویں یومِ النکبہ کی یاد تازہ کی گئی اور ساتھ ہی ان فلسطینی صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے حق گوئی، عدل اور مزاحمت کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ اس موقع پر خصوصیت کے ساتھ نامور شہید صحافی شیریں ابو عاقلہ کو یاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز ہند و فلسطین کے قومی ترانوں سے ہوا جس کے بعد ریاستِ فلسطین کے سفیر، جناب عبداللہ محمد ابو شواش اور مملکتِ مراقش کے سفیر اور بھارت میں عرب سفارتی نمائندوں کے ڈین، جناب محمد مالیقی کے خطابات ہوئے۔ اس موقع پر نَکبہ کی تاریخ اور فلسطینی صحافیوں کو درپیش خطرات پر مبنی مختصر دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔
فلسطینی سفیر جناب ابو شواش نے کہا:
"نکبہ کوئی محض تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک زندہ و جاوید المیہ ہے — ایسا زخم جو آج بھی رِس رہا ہے۔”
انہوں نے 1948ء کے دل ہلا دینے والے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح 9,50,000 سے زائد فلسطینیوں کو جبراً ان کے گھروں سے بے دخل کیا گیا تھا اور وہ مہاجرین بن کر مشرقِ وسطیٰ کے مختلف خطوں میں بکھر گئے۔
انہوں نے فلسطینی جدوجہد کی جڑیں 1917ء کے اعلان بالفور میں تلاش کیں اور کہا:
"یہ ایسا وعدہ تھا جو انہوں نے کیا جنہیں حقِ ملکیت حاصل نہ تھا، ان کے لیے جنہیں اس سرزمین کا حق نہ پہنچتا تھا۔”
اسی ضمن میں انہوں نے 1947ء کے اقوامِ متحدہ کے تقسیماتی منصوبہ پر بھی شدید تنقید کی جو اس وقت اقلیت میں موجود آبادکاروں کے حق میں تھا۔
تقریب میں شہید صحافی شیریں ابو عاقلہ کی یاد خاص طور پر تازہ کی گئی، جو 11 مئی 2022 کو مغربی کنارے میں رپورٹنگ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوئیں۔
سفیر موصوف نے کہا "شیریں سچائی کی آواز تھی اور اسی جرم میں خاموش کر دی گئی کہ اس نے قابض قوتوں کے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ اس کی شہادت کے بعد سے اب تک 215 فلسطینی صحافی غزہ کی جنگ کی رپورٹنگ کے دوران جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔”
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے پُر جوش عزم کا اظہار کیا:
"نکبہ کو ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ہم واپسی کے خواب کو نسل در نسل منتقل کریں گے۔ شیریں اور تمام شہداء کو ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کے مشن کو ہم اپنی کہانی دنیا کو سنا کر آگے بڑھاتے رہیں گے۔”
یہ تقریب محض ایک یادگار اجتماع نہ تھی بلکہ انصاف، تاریخی سچائی اور فلسطینی عزمِ مزاحمت کی بھرپور تجدید بھی تھی۔ اس پُر وقار تقریب میں کئی ممالک کے سفیروں نے شرکت کی، جن میں ملائیشیا کے سفیر مظفر شاہ مصطفیٰ اور بحرین کے سفیر عبدالرحمن ایم۔ القعود شامل تھے۔ علاوہ ازیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، جیسے جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر پروفیسر سلیم انجینئر اور پریس کلب آف انڈیا کے صدر گوتم لہری نے بھی شرکت کی۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 25 مئی تا 31 مئی 2025