مسلم پرسنل لا بورڈ وقف ترمیمی بل کے مسئلہ پر جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی سے ملاقات کرے گا

حزب اختلاف اور این ڈی اے میں شامل جماعتوں سے حکومت کے مکروہ مقاصد کو ناکام بنانے کی اپیل

نئی دلی:(دعوت نیوز ڈیسک)

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے بتایا کہ اگست 2024 کے شروع میں بورڈ کے ذمہ داران، ملی جماعتوں کے سربراہان اور لیگل کمیٹی کے ارکان کی ایک آن لائن میٹنگ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں وقف ترمیمی بل 2024 کے سلسلہ میں طے کیا گیا کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کے سربراہان اور NDA کی حلیف پارٹیوں کے نمائندوں اور ذمہ داروں سے ملاقات کی جائے گی۔ چنانچہ فوری اس پر عمل کرتے ہوئے ملاقات کا اہتمام کیا گیا اور انہیں اس بل کے مفاسد اور نقصانات سے بھی واقف کرایا گیا نیز تمام مسلم ارکان پارلیمان و دیگر سیاسی سربراہان کو خطوط بھی بھیجے گئے۔ اس بل میں وقف ایکٹ کو کمزور کرنے، وقف جائیدادوں پر قبضے کی راہ ہموار کرنے، وقف بورڈ وں کی حیثیت گھٹانے، وقف ٹریبونل اور سروے کمشنروں کے اختیارات کلکٹر وں اور پٹواریوں کو منتقل کرنے کے علاوہ کئی ایسی ترمیمات لائی جارہی ہیں جس سے کہ وقف ایکٹ کی معنویت اور افادیت گھٹ کر رہ جائے گی۔ اسی طرح صرف وقف ایکٹ کا نام نہیں بدلا جارہا بلکہ سنٹرل وقف کونسل اور وقف بورڈوں میں مختلف لوگوں کی نمائندگی کے لیے بھی ایسا ضابطہ لایا جارہا ہے جس سے کہ ان دونوں اداروں کی گرفت ڈھیلی پڑجائے۔ بورڈ حکومت کے اس اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں اور این ڈی اے میں شامل بی جے پی کی حلیف جماعتوں سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ حکومت کو اپنے مکروہ مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دیں۔ بحمدللہ اس ملاقات اور خط کا بڑا فائدہ ہوا۔ اور تقریباً تمام ہی اپوزیشن پارٹیوں نے اس بل کے خلاف آواز بلند کی، بورڈ ایوان قانون کے ان نمائندوں کا شکرگزار ہے جنہوں نے دستور کے تقاضوں کی پاسداری کی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کی۔لیکن ہم محسوس کرتے ہیں کہ ابھی ان کا کام ختم نہیں ہوا ہے۔ جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن اور حلیف جماعتوں کے ممبروں کو بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ اس بل کی تمام غلط اور نقصاندہ ترمیمات کو منسوخ کروائیں۔ اور اسی کے ساتھ جنرل سکریٹری بورڈ نے بورڈ کے ان ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بعض سیاسی رہنماؤں تک رسائی حاصل کرکے بورڈ کا نہ صرف پیغام پہنچایا بلکہ ایوان میں ملت کے اس اہم مسئلہ پر اپنی آواز بلند کرنے کے لیے انہیں تیار کیا اور انہوں نے بورڈ کی منشاء کے مطابق اپنی آواز بلند کی۔جنرل سکریٹری بورڈ نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ فی الحال وقف ترمیمی بل لوک سبھا سے منظور نہیں ہوا اور جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی کو بھیج دیاگیا۔ اور جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی تشکیل پاتے ہی بورڈ کوشش کرے گا کہ عنقریب اس کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرے اور ان کے سامنے اپنا موقف رکھے، بورڈ نے طے کیا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کے نمائندوں سے بھی ملاقات کا وقت حاصل کرکے ان کے سامنے بھی مسلمانوں کا موقف رکھے گا، نیز مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں اوقاف کو ضائع ہونے سے، ناجائز قبضوں سے وقف کی املاک کے غلط استعمال سے بچائیں، اپنے بزرگوں کے قیمتی اوقاف کی حفاظت کریں، وقف پر بےجا قبضے نہ ہونے دیں نیز جمعے کے خطبوں میں اوقاف کے عنوان پر خطاب کریں اور دعاؤں کا بھی اہتمام کریں۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 18 اگست تا 24 اگست 2024