
مسلم مخالف نفرت کو ہوادینے کے لیے جھوٹ کا سہارا
تلوار لہرانے والے 5 نوجوانوں کی ویڈیو کلپ، گم راہ کن طور پر مسلمانوں سے منسوب
بھوپال : (دعوت نیوز نیٹ ورک)
حالیہ دنوں الٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو سے متعلق گم راہ کن دعوؤں کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم X پر ایک وضاحتی پوسٹ میں لکھا:
"بھوپال کی ایک ویڈیو جس میں پانچ افراد تلواریں لہرا رہے ہیں، اس جھوٹے دعوے کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ یہ مسلم نوجوان ہیں جو دوسروں کو گالیاں دے رہے ہیں اور امن و امان کے لیے خطرہ ہیں۔ ہم نے ایف آئی آر کی جانچ کی اور پایا کہ ان میں سے کوئی بھی مسلم نہیں تھا۔”
تفصیلات کے مطابق بی جے پی کے حمایتی جیتندر پرتاپ سنگھ نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ "یہ لڑکے جو تلواریں لیے ہوئے ہیں، مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور دوسروں کو گالیاں دے رہے ہیں۔” اسی طرح ایک اور بی جے پی حمایتی، امیتابھ چودھری نے بھی یہی ویڈیو شیئر کی اور اسے مسلم کمیونٹی سے جوڑنے کی کوشش کی۔ Alt News نے اس ویڈیو کی تفصیلی جانچ کی اور پایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کا تعلق مسلم کمیونٹی سے نہیں تھا۔ رپورٹ میں ان افراد کی شناخت نیتیش جھاٹَو عرف گجنی، رِتِک والمیکی، جے راؤ، لکی سین، اور آکاش گج کے طور پر کی گئی۔ یہ واقعہ بھوپال، مدھیہ پردیش کے ٹی ٹی نگر علاقے میں پیش آیا۔
اس واقعے کی اصل حقیقت یہ ہے کہ تلوار لہرانے والے نوجوان چند دن قبل ایک جھگڑے میں ملوث تھے۔ انہوں نے ایک کار کو نقصان پہنچایا، دوسری پارٹی سے پانچ ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور تلواریں لہراتے ہوئے گالیاں دیں۔ پولیس نے ان تمام افراد کو گرفتار کیا اور بطور تادیبی اقدام عوامی پریڈ کروائی۔ایک وائرل ویڈیو میں مذکورہ ملزمین یہ کہتے ہوئے نظر آئے:
"آج کے بعد ہم نہ ویڈیو بنائیں گے اور نہ چھری تلوار چلائیں گے۔” Alt News نے اپنی تحقیق سے ثابت کیا کہ دائیں بازو کے عناصر نے اس واقعے کو جھوٹے فرقہ وارانہ زاویے سے پیش کیا اور مسلم کمیونٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ اس طرح کی غلط معلومات کا مقصد صرف فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گم راہ کن بیانیے نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ فرقہ وارانہ نفرت کو بھی بڑھاوا دیتے ہیں۔ لہٰذا ہر امن پسند شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ سچائی کی تصدیق کرے اور ذمہ داری کا رویہ اپنائے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 26 جنوری تا 01 فروری 2025