مسلم کوٹہ پر وزیر اعظم کے دعوے خلاف حقیقت
جنوبی ریاستوں میں مسلمانوں کو تحفظات مذہب کی بنیاد پر نہیں پسماندگی کی بنیاد پر دیے گئے
نئی دلی: (بشکریہ انڈیا ٹومارو ڈاٹ نیٹ)
وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی مہم کے دوران تقاریر میں دعویٰ کر رہے ہیں کہ اپوزیشن ’انڈیا بلاک‘ اور کانگریس نے درج فہرست طبقات، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے تحفظات کو گھٹا کر اسے مسلمانوں میں تقسیم کر دینے کی سازش رچی ہے۔ مودی نے بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ کئی ریاستوں میں مذہبی بنیاد پر مسلمانوں کو تحفظات کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ تلنگانہ کے پارلیمانی حلقہ ظہیر آباد میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’جب تک مودی زندہ ہے، دلتوں، آدی واسیوں اور او بی سی کے تحفظات مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں میں تقسیم ہونے نہیں دے گا‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب 2004 اور 2009 میں متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی بھاری تعداد میں منتخب ہوئے تو اس نے پسماندہ طبقات کے تحفظات مسلمانوں کو دے دیے۔
راجستھان کے ضلع ٹونک میں ایک اور انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس دستور کے خلاف جاتے ہوئے جو مذہب کی بنیاد پر تحفظات دینے کی اجازت نہیں دیتا، مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں تحفظات دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اس نے مسلمانوں کو پانچ فیصد کوٹہ فراہم کرتے ہوئے آندھرا پردیش میں تحفظات کا ایک ’پائلٹ پراجکٹ‘ شروع کیا ہے جسے وہ سارے ملک میں توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کانگریس نے 2004 میں جیسے ہی حکومت تشکیل دی، اس کے اولین کاموں میں سے ایک کام یہ تھا کہ آندھرا پردیش میں ایس سی/ایس ٹی تحفظات کو گھٹا کر مسلمانوں کو کوٹہ دیا جائے۔ 2004 اور 2010 کے درمیان کانگریس نے اس ریاست میں مسلم تحفظات کو متعارف کرنے کی چار بار کوششیں کیں لیکن قانونی رکاوٹوں اور سپریم کورٹ کی چوکسی کی وجہ سے اسے کامیابی نہیں مل سکی۔
مودی نے مزید نشاندہی کی کہ کرناٹک میں جب بی جے پی کی حکومت منتخب ہوئی تو اس نے گزشتہ سال مارچ میں مسلم تحفظات ختم کر دیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ تحفظات درج فہرست طبقات و قبائل سے چھین کر تخلیق کیے گئے تھے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ مرکز میں حکم راں بی جے پی نے مسلم کوٹہ پر اپنے موقف کو بیان کیا ہو۔ گزشتہ سال جون میں مہاراشٹر میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دھڑلے سے کہا تھا کہ مسلم طبقہ کو تحفظات دستور کے خلاف ہیں۔
مودی کے ان دعووں کے برعکس کہ مسلمانوں کو تحفظات کانگریس کے مسلم ووٹ بینک کو مستحکم کرنے کے لیے مستحق لوگوں کے کوٹہ میں کمی کرتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر پچھلے دروازے سے فراہم کیے جارہے ہیں، حقائق سے ثابت ہوتا ہے کہ جنوبی ریاستوں میں تحفظات مسلمانوں کی پسماندہ طبقہ کے طور پر زمرہ بندی کے بعد ہی فراہم کیے گئے ہیں نہ کہ مذہب کی بنیاد پر۔ حقائق مودی کے ان گمراہ کن دعووں کی نفی کرتے ہیں جن کا مقصد ملک میں ایک مسلم مخالف ماحول پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ رائے دہندوں میں ایک الجھن پیدا کرنا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
مرکز اور ریاست کی سطحوں پر مسلمانوں کے لیے کوٹہ دستور کی دفعہ 16(4) کے مطابق ہے جو شہریوں کے کسی پسماندہ طبقہ کے لیے جس کو حکومت کی رائے میں سرکاری نوکریوں میں مناسب نمائندگی نہ ملی ہو، تحفظات کی ضمانت دیتا ہے۔ جسٹس او چنپا ریڈی کی زیر سربراہی تیسرے پسماندہ طبقات کمیشن نے مسلمانوں کی زمرہ بندی، تعلیمی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقہ کے طور پر کی ہے اور اپنی یہ حتمی رائے دی ہے کہ مسلمانوں کی معاشی حالت زار کئی تعلیمی معیارات میں درج فہرست طبقات سے قریب تر ہے۔ 2006 میں جسٹس راجندر سچر کمیٹی کی رپورٹ میں بھی یہی رائے دی گئی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ او بی سی تحفظات میں خوشحال طبقے (کریمی لیئر) کو شامل نہیں کیا گیا ہے جن کی سالانہ آمدنی 8 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہے کیونکہ یہ پسماندہ طبقات کے ایسے ارکان ہیں جو سماجی، تعلیمی یا اقتصادی طور پر بہتر ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سماجی طور پر ترقی پسند اور متمول مسلمان اس فائدے کے حق دار نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ کوٹہ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں مختلف ہوتا ہے۔
کیرالا میں، 30 فیصد او بی سی کوٹہ میں سے، مسلمان تعلیمی اداروں میں 8 فیصد اور سرکاری ملازمتوں میں 10 فیصد کے حق دار ہیں۔ تمل ناڈو اپنی تقریباً 95 فیصد مسلم برادریوں کو تحفظات فراہم کرتا ہے۔ بہار میں، جہاں او بی سی کو پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات میں تقسیم کیا گیا ہے، مسلمان آخرالذکر زمرے میں آتے ہیں۔
کرناٹک میں او بی سی کے لیے 32 فیصد ریزرویشن میں سے 4 فیصد پر مشتمل ایک ذیلی زمرہ مسلمانوں کے لیے محفوظ تھا۔ تاہم، بی جے پی کی زیر قیادت بسواراج بومائی حکومت نے گزشتہ سال کوٹہ ختم کردیا تھا اور مئی میں اسمبلی انتخابات سے قبل اسے غالب ہندو ذاتوں جیسے ووکالیگا اور لنگایت میں دوبارہ تقسیم کردیا تھا۔ اس نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر پوری کمیونٹی کو ریزرویشن دینا آئینی طور پر جائز نہیں ہے اور مسلمان معاشی طور پر کمزور طبقات (EWS) کوٹہ سے مستفید ہوتے رہیں گے۔
تاہم، ماہرین نے منسوخی کو قانونی طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔ میسور یونیورسٹی کے ماہر سیاسیات مظفر اسدی نے نشاندہی کی کہ مسلمانوں کی پسماندہ طبقے کے طور پر درجہ بندی کی گئی اور انہیں مذہب کی بنیاد پر تحفظات نہیں دیے گئے۔ مسلمانوں کو ان کے سماجی و اقتصادی حالات کے مطالعہ اور ایل جی ہوانور اور چنپا ریڈی کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر او بی سی کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔
اسدی نے سوال کیا ’’ریاستی حکومت نے کس بنیاد پر یہ فیصلہ کیا کہ مسلمان اب پسماندہ نہیں ہیں اور انہیں فارورڈ کمیونٹی سمجھا جائے گا؟‘‘ اپریل 2023 میں سپریم کورٹ نے اس اقدام کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا فیصلہ بنیادی طور پر متزلزل اور ناقص تھا۔ بومئی حکومت نے عدالت کو یقین دلایا کہ مقدمہ چلنے کے دوران متنازعہ سرکاری حکم نامہ کے مطابق کوئی نئی تقرری یا داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
نتیجتاً، مسلم کمیونٹی کے لیے 4 فیصد کوٹہ بحال کرنے کا وعدہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات سے پہلے اپنے منشور میں کیا تھا، جہاں پارٹی کو زبردست فتح حاصل ہوئی تھی۔ 24 اپریل 2024 کو کرناٹک میں لوک سبھا کے لیے پہلے مرحلے کی پولنگ سے کچھ دن پہلے، نیشنل کمیشن فار بیک ورڈ کلاسز (این سی بی سی) کے چیئرپرسن ہنس راج گنگارام اہیر نے کہا کہ وہ ریاست کے او بی سی کوٹے کی درجہ بندی پر چیف سکریٹری کو طلب کریں گے، جو زمرہ II-B کے تحت مسلمانوں کو ’’کمبل ریزرویشن‘‘ فراہم کرتا ہے۔
اس الزام کے جواب میں چیف منسٹر سدارامیا نے واضح کیا کہ حکومت نے او بی سی ریزرویشن کے پیمانے میں کوئی نئی تبدیلی نہیں لائی ہے۔ این سی بی سی پر سیاسی طور پر حوصلہ افزائی کا الزام لگاتے ہوئے، انہوں نے کہا: ’’اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے مسلمانوں کو ایک نیا ریزرویشن دیا ہے۔ یہ کھلا جھوٹ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں کے پسماندہ طبقہ کے لیے ریزرویشن 3؍ مارچ 1977 سے موجود ہے اور قانونی جانچ پڑتال کھرا اترا ہے۔
سرکاری ملازمتوں اور تعلیم میں مسلمانوں کا کوٹہ تاریخی طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کی جنتا دل نے 1995 میں متعارف کیا تھا جب وہ وزیر اعلیٰ تھے۔اس وقت ایک الگ درجہ بندی، جسے 2B کے نام سے جانا جاتا ہے، مسلمانوں کے لیے OBC کوٹہ کے اندرکی گئی تھی۔ دیوے گوڑا کی جے ڈی (ایس) اب کرناٹک میں بی جے پی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اتحادی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرناٹک میں مسلمانوں کے لیے ریزرویشن 1874 سے ہے۔ میسور کی شاہی ریاست منصفانہ نمائندگی اور سماجی انصاف کے حصول کے لیے ریزرویشن متعارف کرانے میں پیش پیش رہی ہے۔ مثبت کارروائی کا پہلا حکم 1874 میں جاری کیا گیا تھا اور اس میں مسلمان بھی شامل تھے۔ ہندوستان میں 1872 میں ہونے والی پہلی مردم شماری نے عوامی خدمات میں برہمنوں کی برتری کا انکشاف کیا، جس کو درست کرنے کے لیے ریزرویشن متعارف کرانے کا پہلا حکم 1874 میں میسور ریاست میں پاس کیا گیا، جس نے اسے صرف محکمہ پولیس تک محدود رکھا۔
عہدوں کا ایک روسٹر بنایا گیا اور ہر 10 عہدوں میں سے پہلے دو عہدے برہمنوں کے لیے مخصوص تھے، جبکہ باقی آٹھ ’’محمدیوں اور دیگر ہندوؤں‘‘ کے لیے مخصوص تھے۔ یہ ہندوستان میں ریزرویشن کا پہلا حکم مانا جاتا ہے اور اس میں ایک کمیونٹی کے طور پر مسلمان بھی شامل تھے جنہیں نمائندگی کی ضرورت تھی۔
جب اس اقدام کو ناکافی سمجھا گیا اور بہتر نمائندگی کے مطالبات بڑھنے لگے تو میسور کے بادشاہ نے 1918 میں ملرز کمیشن تشکیل دیا، جس نے 1921 میں اپنی رپورٹ دی تھی۔
آندھرا پردیش میں، جہاں مسلمانوں کی آبادی کا 9.5 فیصد ہے، کچھ طبقوں جیسے دودیکولا، لداف، نورباش اور مہتر کے پاس OBC کوٹہ 7 فیصد سے لے کر 10 فیصد تک ہے۔ یہ ریزرویشن موجودہ او بی سی کوٹہ میں کمی کیے بغیر، او بی سی کے ایک الگ زمرے کے تحت نافذ کیاجا رہا ہے جسے BC-E کہا جاتا ہے۔ تاہم، کرناٹک اور کیرالا کی نظیروں کے بعد تمام مسلمانوں کو او بی سی زمرہ میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
جون 2004 میں کانگریس حکومت نے اقلیتی بہبود کے کمشنریٹ سے کہا کہ وہ ریاست میں مسلم کمیونٹی کے سماجی، اقتصادی اور تعلیمی حالات کا جائزہ لے تاکہ انہیں او بی سی کے طور پر شامل کیا جائے۔ اس کے مطابق کمشنریٹ نے ’’ریاست میں پسماندہ طبقات کے برابر مسلم اقلیتوں کو روزگار، تعلیم اور دیگر شعبوں میں 5 فیصد ریزرویشن کی سفارش کی تھی جسے جولائی 2004 میں نافذ کیا گیا تھا۔
21؍ ستمبر 2004 کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے پانچ ججوں کی بنچ نے کوٹہ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ریزرویشن کو ریاست کے پسماندہ طبقات کمیشن سے مشورہ کیے بغیر نافذ کیا گیا جبکہ قانونی طور پر بی سی کمیشن سے مشاورت لازمی ہے۔ عدالت عالیہ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کوٹہ سے کریمی لیئر(خوشحال طبقہ) کو خارج نہیں کیا گیا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے برعکس مسلمانوں کو تحفظات کی اجازت دی گئی۔ لہذا عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ پسماندہ طبقات کے کمیشن کی تشکیل نو کرے اور کمیشن برائے پسماندہ طبقات کی اس طرح کی تشکیل نو پر حکومت مشاورت کا عمل شروع کرے گی اور ضروری مواد بشمول جی او ایم ایس نمبر 33 برائے پسماندہ طبقات کو آگے بھیجے گی۔ تاہم، عدالت نے تسلیم کیا کہ مسلمان مثبت کارروائی کے حق دار ہیں اور تحفظات سیکولرازم کے اصول کو مجروح نہیں کرتے۔
ریاستی حکومت نے 20؍ جون 2005 کو، مسلم کمیونٹی آرڈیننس 2005 کے تحت آندھرا پردیش کے تعلیمی اداروں میں سیٹوں اور سرکاری ملازمتوں میں تقرریوں یا آسامیوں کے لیے ریزرویشن کو نافذ کیا، جسے بعد میں 5 فیصد کوٹہ فراہم کرنے والے قانون سے بدل دیا گیا۔ یہ کمیشن برائے پسماندہ طبقات کے مشاہدے پر مبنی تھا کہ مسلم کمیونٹی سماجی، تعلیمی اور اقتصادی طور پر پسماندہ ہے، اس لیے مثبت کارروائی کی حق دار ہے۔
تاہم، اس قانون نے سپریم کورٹ کے اندرا ساہنی ججمنٹ 1992 کے مطابق تحفظات پر 50 فیصد کی حد کی خلاف ورزی کی۔ اسی کے مطابق ہائی کورٹ کے پانچ ججوں کی بنچ نے ایک بار پھر غیر علمی اور ناقص معیار پر مبنی ہونے کی وجہ سے کوٹہ کو ختم کردیا۔ بعد ازاں اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ 4؍ جنوری 2006 کو ہائی کورٹ کے فیصلے پر عبوری روک لگا دی گئی جس کے بعد اسے آئینی بنچ کے پاس بھیج دیا گیا۔
اس کے نتیجے میں کالجوں میں ریزرویشن قانون کی بنیاد پر کیے گئے داخلے متاثر نہیں ہوئے۔ 2022 میں اس وقت کے چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت نے کہا کہ وہ عدالت کے ای ڈبلیو ایس کوٹہ کیس کی سماعت ختم کرنے کے بعد سنوائی کے لیے اپیل کی فہرست بنائیں گے۔ تاہم ابھی تک کوئی سماعت نہیں ہوئی۔
آندھرا پردیش کے سابق وزیر اور قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کے سابق لیڈر محمد علی شبیر نے کہا ہے کہ تقریباً 25 لاکھ غریب مسلمانوں کو چار فیصد ریزرویشن سے فائدہ ہوا ہے۔ ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش میں ملازمتوں اور تعلیم میں مسلمانوں کے لیے موجودہ 4 فیصد کوٹہ ایک طویل اور سخت جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ مسلم رہنماؤں نے اس کوٹہ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم ظاہر کیا اور ہر اس فرد اور تنظیم کا شکریہ ادا کیا جس نے اسے حاصل کرنے میں کردار ادا کیا۔
دلت مسلمانوں کی طرف سے بھی ایس سی کوٹہ کے تحت شمولیت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم، مرکز نے ہندو مت، سکھ مت اور بدھ مت کے مقابلے میں اسلام اور عیسائیت کے بظاہر ’’غیر ملکی نژاد‘‘ ہونے کا اشارہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اس درخواست کی مخالفت کی ہے اور دلیل دی گئی ہے کہ یہ موجودہ ہندوستانی شہریوں اور غیر ملکیوں کے درمیان درجہ بندی کا معاملہ ہے جس پر کسی بھی اعتبار سے شک نہیں کیا جاسکتا۔ یہ اچھی طرح ثابت ہے کہ آرٹیکل 14 طبقاتی قانون سازی سے منع کرتا ہے لیکن درجہ بندی سے منع نہیں کرتا، حالانکہ موجودہ کیس میں کسی بھی غیر ملکی شہری کو بطور فریق شامل نہیں کیا گیا ہے۔ مرکز کے حلف نامہ میں یہ بات کہی گئی ہے۔
گزشتہ سال اپریل میں حکومت نے سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ وہ دلت مسلمانوں اور عیسائیوں کو ایس سی کا درجہ دینے کی درخواستوں پر غور کرنے سے پہلے سابق چیف جسٹس آف انڈیا کے جی بالاکرشنن کی سربراہی میں قائم تین رکنی کمیشن آف انکوائری کی رپورٹ کا انتظار کرے۔ کمیشن اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آیا ایس سی کا درجہ ان دلتوں کو دیا جا سکتا ہے جنہوں نے ہندو مذہب، بدھ مت اور سکھ مت کے علاوہ دیگر مذاہب کو قبول کیا ہے۔
***
سرکاری ملازمتوں اور تعلیم میں مسلمانوں کا کوٹہ تاریخی طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کی جنتا دل نے 1995 میں متعارف کیا تھا جب وہ وزیر اعلیٰ تھے۔اس وقت ایک الگ درجہ بندی، جسے 2B کے نام سے جانا جاتا ہے، مسلمانوں کے لیے OBC کوٹہ کے اندرکی گئی تھی۔ دیوے گوڑا کی جے ڈی (ایس) اب کرناٹک میں بی جے پی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اتحادی ہے۔
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 19 مئی تا 25 مئی 2024