مودی کے دورے سے پہلے موربی ہسپتال میں تزئین و آرائش کا کام، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ بی جے پی صرف ایونٹ مینجمنٹ کے لیے جانی جاتی ہے
نئی دہلی، نومبر 1: کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا جب ایسے ویڈیوز منظر عام پر آئے جن میں یہ دکھایا گیا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سے عین قبل گجرات کے موربی سول اسپتال کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔
موربی پل گرنے سے زخمی ہونے والوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مودی نے منگل کی شام ان سے ملاقات کی۔
تزئین و آرائش کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہا کہ اس حادثے میں 141 افراد کی موت ہو گئی ہے اور کئی لاپتہ ہیں، اور جب کہ مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، بی جے پی کارکنان فوٹو شوٹ اور وائٹ واشنگ کے بارے میں فکر مند ہیں۔‘‘
کانگریس نے اس تزئین و آرائش کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب حادثے میں بہت سے لوگوں کی موت ہوئی ہے، بی جے پی ایونٹ کے انتظام میں مصروف ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق گجرات کانگریس کے ترجمان ہیمانگ راول نے کہا کہ پینٹنگ اور دوبارہ سجاوٹ کے بجائے، حکمران جماعت کو مریضوں کا مناسب علاج یقینی بنانا چاہیے۔
راول نے کہا ’’بی جے پی صرف اپنے ایونٹ مینجمنٹ کے لیے جانی جاتی ہے۔ ’’آفات کی دو قسمیں ہیں لیکن گجرات میں بی جے پی تیسری قسم کی آفت ہے۔‘‘
کانگریس کی ترجمان سپریا شرینتے نے لکھا ’’چمکتی دیواروں اور نئی ٹائلوں والے اسپتال میں، زخمی شاید بہتر محسوس کریں گے۔‘‘
اسپتال کی تزئین و آرائش کرنے والے کچھ کارکنوں نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ انھیں راجکوٹ سے اس کی صفائی کے لیے لایا گیا تھا۔ نیوز چینل کے مطابق پورا ہسپتال صفائی کے عملے سے بھرا ہوا تھا اور نئے واٹر کولر اور ہسپتال میں نئے بستر بھی لگائے جا رہے تھے۔