کان کنی لیزمعاملہ: الیکشن کمیشن کی ہیمنت سورین کو نااہل قرار دینے کی سفارش
نئی دہلی، اگست 26: جے ایم ایم کی زیرقیادت جھارکھنڈ حکومت کو ایک بڑا جھٹکا لگاتے ہوئے، الیکشن کمیشن (ای سی)نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 9 اے کے تحت بطور ایم ایل اے نااہل قرار دینے کی سفارش کی ہے جو کہ حکومت کے ساتھ "مفادات کے ٹکراؤ” یا "عہدے کا غلط استعمال”کے لیے منتخب نمائندوں کو کسی بھی معاہدے میں شامل ہونے سے منع کرتا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنی رائے جھارکھنڈ کے گورنر رمیش بیس کے ساتھ مشترک کی ہیں۔ سورین کو اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے خود کو پتھر کی کان کولیزپر الاٹ کرنے کا قصوروار پایا۔ وزیر اعلیٰ ریاست کے کان کنی کے محکمے کے بھی سربراہ ہیں۔
گورنر جنہوں نے سورین کے خلاف بی جے پی کی شکایت کا حوالہ دیا تھا، ابھی تک اس معاملے پر اپنے حکم کو باضابطہ طور پرجاری نہیں کیا ہے۔ سورین 2019 میں برہیت اور دمکا سے منتخب ہوئے تھے۔ بعد میں انہوں نے اپنے بھائی بسنت سورین کے ساتھ وہاں سے ضمنی انتخاب میں منتخب ہونے کے ساتھ دمکا سیٹ چھوڑ دی تھی ۔
الیکشن کمیشن نے جمعرات کو گورنر کو اپنی رائے بھیجی جس کے بعد حکمراں جماعت جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے واضح کرتے ہوئے کہا ہےکہ نتیجہ خواہ منفی ہی کیوں نہ ہو، ریاستی حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑےگا۔ جے ایم ایم کے ایک سینئر ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت عدالت سے رجوع کرے گی۔
گورنر کے حکم کی بنیاد پر، ریاستی حکومت قانونی اپیل دائر کر سکتی ہے۔ اس لیے حکومت کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم، اس کے کچھ اثرات ضرور مرتب ہوں گے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔ پارٹی قائدین اور کارکنان مایوس ہوسکتے ہیں کیونکہ اپوزیشن (بی جے پی) ہم پر حملہ کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، وزیرموصوف نے کہ زیادہ تشویش میں مبتلا ہونے یا فکرکرنے کی ضرورت نہیں ہے سب کچھ ٹھیک کرلیا جائے گا۔