میگھالیہ اسمبلی انتخابات: دو اور پارٹیوں کی حمایت کے بعد کونراڈ سنگما کو اب 45 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل
نئی دہلی، مارچ 6: دو علاقائی پارٹیوں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ نے اتوار کو میگھالیہ میں کونراڈ کے سنگما کی زیرقیادت نیشنل پیپلز پارٹی کی حمایت کی۔
حال ہی میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے 11 اور پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ نے دو نشستیں حاصل کی تھیں۔
ان کی حمایت کے ساتھ سنگما کی پارٹی کو اب 60 سیٹوں والی اسمبلی میں 45 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔
نیشنل پیپلز پارٹی انتخابات میں 26 نشستوں کے ساتھ واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی۔ تاہم یہ 31 نشستوں کی اکثریت کو عبور کرنے میں ناکام رہی تھی۔
3 مارچ کو سنگما نے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ گورنر کو پیش کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ انھیں 32 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور ہل اسٹیٹ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے دو دو اور دو آزاد ایم ایل اے شامل ہیں۔
تاہم انڈین ایکسپریس کے مطابق ہل اسٹیٹ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے جلد ہی ایک بیان جاری کیا کہ اس نے اپنے ایم ایل ایز کو سنگما کو حمایت دینے کا اختیار نہیں دیا ہے۔
اس نے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی کو علاقائی جماعتوں اور ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد میں ایک متبادل حکومت بنانے کی کوشش کرنے پر بھی اکسایا۔
اتوار کو یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے دو نو منتخب ایم ایل ایز نے سنگما کو حمایت کے اپنے خطوط جمع کرائے ہیں۔
سنگما نے میٹنگ کے فوراً بعد ایک ٹویٹ میں کہا ’’حکومت بنانے کے لیے NPP میں شامل ہونے کے لیے UDP اور PDF کا شکریہ۔ ملکی سیاسی پارٹیوں کی مضبوط حمایت ہمیں میگھالیہ اور اس کے لوگوں کی خدمت کے لیے مزید مضبوط کرے گی۔‘‘