جیل جانا پڑے تو بھی کوئی پرواہ نہیں: منیش سسودیا
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ مبینہ شراب گھوٹالے معاملے میں سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے راج گھاٹ پر لگائی حاضری،تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا
نئی دہلی،26 فروری :۔
دہلی میں مبینہ شراب گھوٹالے معاملے میں سی بی آئی کے سامنے حاضری سے پہلے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا آج صبح بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری لگائی ۔اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ گھوٹالے کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں،اس جھوٹے معاملے میں اگر کچھ ماہ کے لئے جیل بھی جانا پڑے تو کوئی پرواہ نہیں۔ایجنسی کے مطابق منیش نے کہا کہ وہ بھگت سنگھ کے پیروکار ہیں، اس لیے چند ماہ جیل میں بھی رہنا پڑے تو کوئی پرواہ نہیں۔واضح رہے کہ اس موقع پر بڑی تعداد میں عام آدمی پارٹی کے کارکنان نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ تھے اور انہوں نے بی جے پی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔
اس سے قبل سسودیا نے ٹوئٹ کیا ’’آج پھر سی بی آئی کے پاس جا رہا ہوں، پوری تحقیقات میں مکمل تعاون کروں گا۔ لاکھوں بچوں کی محبت اور کروڑوں ہم وطنوں کا آشیرواد ساتھ ہے۔ مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ مجھے چند ماہ جیل میں رہنا پڑے۔ وہ بھگت سنگھ کا پیروکار ہیں۔ بھگت سنگھ ملک کے لیے پھانسی پر چڑھ گئے تھے۔ ایسے جھوٹے الزامات کی وجہ سے جیل جانا توچھوٹی سی بات ہے۔‘‘
دریں اثنا وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی منیش سسودیا کی حمایت کرتے ہوئے کہا، ’’ منیش بھگوان آپ کے ساتھ ہے۔ لاکھوں بچوں اور ان کے والدین کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ جب آپ ملک اور معاشرے کے لیے جیل جاتے ہیں تو پھر جیل جانا لعنت نہیں، شان ہے۔ خداسے دعا ہے کہ آپ جلد جیل سے واپس آئیں۔ دہلی کے بچے، والدین اور ہم سب آپ کا انتظار کریں گے۔
انہوں نے کہا، ’’جس ملک میں غریب بچوں کو اچھی تعلیم دینے والے اور ان بچوں کا مستقبل سنوارنے والے جیل میں ہوں اور اربوں کا گھپلہ کرنے والے وزیراعظم کے قریبی دوست ہوں، وہ ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ٹویٹ کیا، ‘وزیر اعظم نریندر مودی آج اروند کیجریوال سے خوفزدہ ہیں، اس لیے وہ منیش سسودیا کو گرفتار کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی پولیس کے ذریعہ ہمارے کونسلروں-اراکین اسمبلی کو ڈیٹین کیاجارہا ہے۔ ہم ملک کی خاطر ایک بار نہیں ہزار بار گرفتاری دیں گے۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو سی بی آئی نے سسودیا کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا تھا، لیکن انہوں نے یہ کہتے ہوئے کچھ دنوں کی چھوٹ مانگی تھی کہ وہ دہلی کے وزیر خزانہ کی حیثیت سے بجٹ کی تیاری میں مصروف ہیں، جس سے انہیں رعایت مل گئی تھی۔ سی بی آئی نے ایک بار پھر نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں (آج) اتوار کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔