ای ڈی کے ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف عرضی کا مقصد مقدمات کا سامنا کرنے والے کانگریس لیڈروں کو بچانا ہے: مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا

نئی دہلی، فروری 26: مرکز نے جمعہ کو سپریم کورٹ میں کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ سنجے کمار مشرا کو دی گئی تیسری توسیع پر سوال اٹھانے والی عرضی کا اصل مقصد ان کانگریس لیڈروں کو بچانا ہے جو منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ایک حلف نامے میں مرکز نے دلیل دی کہ کانگریس لیڈر جیا ٹھاکر کی طرف سے داخل کی گئی عرضی کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے کیوں کہ راہل گاندھی سمیت کئی کانگریس لیڈروں کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ تفتیش کی جارہی ہے۔

مشرا کو پہلی بار 19 نومبر 2018 کو دو سال کی مدت کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ نومبر 2020 میں عہدہ چھوڑنے والے تھے اور اسی سال مئی میں مشرا کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال تک پہنچ گئی تھی۔

لیکن 13 نومبر 2020 کو ایک حکم نامے کے ذریعے سابقہ حکم میں ترمیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے مشرا کی دو سال کی میعاد تین سال کر دی۔ اس کے بعد کامن کاز نامی ایک این جی او نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

ستمبر 2021 میں سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ مشرا کی میعاد میں مزید توسیع نہ کی جائے، تاہم اس نے ترمیمی حکم نامے کو منظوری دے دی۔

نومبر میں حکومت نے دو آرڈیننس لائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹرز کی میعاد پانچ سال تک ہو سکے۔

مرکز نے بعد میں 1984 بیچ کے انڈین ریونیو سروس کے افسر کو نومبر 2022 میں ان کی تیسری توسیع دی۔ ٹھاکر نے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور کہا کہ مشرا کی مدت میں بار بار توسیع ملک کے جمہوری عمل کو تباہ کر رہی ہے۔

تاہم مرکز نے جمعہ کو اپنے حلف نامہ میں الزام لگایا کہ ٹھاکر کی درخواست کا مقصد ان کی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف کی جا رہی ’’جائز قانونی تحقیقات کو ختم کرنا‘‘ ہے۔