مہاراشٹر کابینہ: دیویندر فڑنویس کو وزارتِ داخلہ اور فائنانس ملی، ایکناتھ شندے نے اپنے پاس 10 سے زیادہ وزارتیں رکھیں
نئی دہلی، اگست 14: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے اتوار کو اپنی کابینہ میں وزارت داخلہ اور مالیات کو اپنے نائب اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما دیویندر فڈنویس کو تفویض کیا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ٹویٹ کیا کہ قانون اور انصاف، آبی وسائل، ہاؤسنگ اور توانائی بھی فڑنویس کو تفویض کردہ محکموں میں شامل ہیں۔
شندے نے 30 جون کو بی جے پی کی حمایت سے مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا، جب وہ اور کئی دیگر شیوسینا ایم ایل ایز نے پارٹی لیڈر ادھو ٹھاکرے کے خلاف بغاوت کی اور مہا وکاس اگھاڑی مخلوط حکومت کو گرا دیا۔
9 اگست تک شندے اور فڑنویس کابینہ میں واحد وزیر تھے، جب نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے 40 دن بعد 18 ایم ایل ایز نے کابینہ میں حلف لیا تھا۔ اس دن بی جے پی اور شیوسینا کے نو نو لیڈروں نے حلف لیا لیکن ان کے محکموں کا اعلان اتوار کو کیا گیا۔
شندے جن محکموں کو سنبھالیں گے ان میں جنرل ایڈمنسٹریشن، شہری ترقی، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز، پبلک ورکس (جنرل پروجیکٹس)، ٹرانسپورٹ، سماجی انصاف، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی اور اقلیتی محکمہ شامل ہیں۔
شندے کے وفاداروں میں دیپک کیسرکر کو اسکولی تعلیم اور مراٹھی زبان کے محکمے کے قلمدان دیے گئے ہیں، جب کہ شمبھوراج دیسائی ریاستی محکمہ ایکسائز کو سنبھالیں گے۔
شیوسینا کے ایم ایل اے سنجے راتھوڑ کو، جن کا نام گذشتہ سال پونے میں ایک خاتون کی موت سے جڑا تھا، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا چارج دیا گیا ہے۔
بی جے پی ریاستی یونٹ کے سربراہ چندرکانت پاٹل جنگلات، ثقافتی سرگرمیوں اور ماہی پروری کے محکموں کو سنبھالیں گے۔ سابق وزیر اور بی جے پی ایم ایل اے سدھیر منگنٹیوار کو اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم، ٹیکسٹائل انڈسٹری اور پارلیمانی امور کے قلمدان دیے گئے ہیں۔