مہاراشٹر: اورنگ آباد اب سرکاری طور پر ’’چھترپتی سمبھاجی نگر‘‘ اور عثمان آباد ’’دھارا شیو‘‘ کے نام سے جانا جائے گا
نئی دہلی، ستمبر 17: مہاراشٹر حکومت نے جمعہ کو سرکاری طور پر اورنگ آباد کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر اور ضلع عثمان آباد کا نام دھاراشیو کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
ایکناتھ شندے کی قیادت والی مہاراشٹر حکومت کے محکمہ محصولات کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چند ماہ قبل مانگی گئی تجاویز اور اعتراضات پر غور کیا گیا ہے اور ’’سب ڈویژن، گاؤں، تعلقہ اور ضلع کی سطحوں پر ناموں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ گذشتہ سال 29 جون کو اس وقت کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی پارٹی کے ساتھی ایکناتھ شندے کی بغاوت کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے سے ایک دن قبل لیا تھا۔
وزیر اعلیٰ شندے اور ان کے نائب دیویندر فڑنویس نے کہا تھا کہ ٹھاکرے کی قیادت میں حکومت کا ان جگہوں کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ غیر قانونی تھا، کیوں کہ یہ اس نے اس وقت لیا جب گورنر نے ریاستی اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کو کہا تھا۔
اس کے بعد پچھلے سال جولائی میں سی ایم شندے کی حکومت نے اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کا نام بدل کر بالترتیب چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو رکھنے کے لیے کابینہ کی منظوری دی تھی۔
ایم وی اے حکومت کی آخری کابینہ میٹنگ میں اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر رکھا گیا تھا، لیکن شندے حکومت نے اس کے ساتھ ’چھترپتی‘ کا سابقہ بھی لگا دیا ہے۔