مال کمانے اور خرچ کرنے دونوں موقعوں پر اسلامی رہنمائی ضروری

ادارۂ تحقیق وتصنیفِ اسلامی کی نئی پیش کش ’کسبِ معاش کا اسلامی تصور‘ کا اجرا

علی گڑھ (دعوت نیوز ڈیسک)

پچھلے دنوں ادارہ تحقیق و تصنیفِ اسلامی، علی گڑھ اور انڈین سنٹر فار اسلامک فائنانس نئی دہلی(ICIF) کے اشتراک سے ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ کے رکن مولانا محمد انس فلاحی مدنی کی کتاب ’’کسبِ معاش کا اسلامی تصور‘‘ کی تعارفی تقریب ڈاکٹر جاوید احمد خان (چیئرمین ICIF) کی صدارت میں سنٹر کے آفس میں منعقد ہوئی جس میں متعدد محبین علم نے شرکت کی۔
ادارہ تحقیق و تصنیفِ اسلامی، علی گڑھ کے صدر ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے اپنی افتتاحی گفتگو میں اسلامی معاشیات کے موضوع پر ادارہ تحقیق میں ہونے والے کاموں کا تعارف کراتے ہوئے کتاب کے بارے میں اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔
صاحبِ کتاب مولانا محمد انس فلاحی مدنی نے اپنی کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اسلامی معاشیات کی کوششوں میں تقسیم مال پر خصوصیت سے زور دیا گیا ہے، لیکن تکوینِ ثروت یعنی حصولِ مال کی جدوجہد کا اسلامی پہلو سامنے نہیں آسکا ہے۔ چھ ابواب پر مشتمل یہ کتاب دنیا برتنے اور معاش کے اسلامی تصور کی تفہیم کے سلسلے میں ادنیٰ سی کوشش ہے۔
انہوں نے کتاب کے مشمولات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے دنیوی اور اُخروی زندگی کا نہایت معتدل اور متوازن تصور پیش کیا ہے۔ مومن اس دنیا کی زندگی کو آنے والی زندگی کے لیے زادِ راہ اکٹھا کرنے میں صرف کرے۔ اس کا مقصود رب کی رضا اور خوشنودی ہو، یہی اس کا اصل سرمایہ ہے۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ دنیا میں اپنی جائز ضرورتوں اور واجبی ذمہ داریوں سے بھی کنارہ کش ہو جائے، دنیا سے اس درجہ بے تعلق رہے کہ اسے اپنے سوا کسی کی فکر نہ ہو۔ اسلام نے دنیا میں انسان کو اپنی جسمانی ضرورتوں اور تقاضوں کو پورا کرنے کا فطری طریقہ فراہم کیا ہے۔ بھوک اور پیاس کے لیے غذا کا انتظام کیا ہے، انسان کے لیے جو چیزیں نفع بخش ہیں انہیں حلال اور جو چیزیں اس کے جسم کے لیے ضرر رساں اور اس کی روح اور طبیعت کے منافی ہیں، انہیں حرام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مومن کو معاش کے لیے محنت اور زندگی کے لیے عزت و وقار کی تعلیم دیتا ہے۔ مومن کسی کے آگے دستِ سوال دراز نہ کرے، وہ دینے والا بنے، لینے والا نہ بنے۔ کسبِ معاش کے سلسلے میں اسلام کا نقطہ نظر نہایت واضح ہے۔ وہ مومن کو معاشی آسودگی کے لیے جدو جہد پر ابھارتا ہے، آمدنی کے حلال اور حرام ذرائع کی تفصیلات سے آگاہ کرتا ہے اور تجارت کے اسلامی اصولوں کی پاس داری اور ان پر عمل آوری کا حکم دیتا ہے۔ آخر میں انہوں نے کتاب کے مرتب کرنے میں تعاون کرنے والے تمام حضرات کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر محسن عثمانی ندوی نے اپنے کلیدی خطاب میں اسلامی معاشیات کے اصول و مبادی کے روشنی میں اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ انڈین سنٹر فار اسلامک فائنانس کے چیئرمین جناب جاوید عالم خان نے اپنی صدارتی گفتگو میں مصنف کو مبارک باد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آخر میں جناب ایچ عبد الرقیب (سکریٹریICIF) نے اسلامی معاشیات کے حوالے سے مختصر گفتگو کی اور تقریب میں شریک تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر محسن عثمانی ندوی کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔
صفحات : 176
قیمت : 180 روپے
ڈسکاؤنٹ٪ 40 مع ڈاک خرچ 150 روپے
رابطہ :9897746586-91+
9634920066-91+

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 13 اکتوبر تا 19 اکتوبر 2024