لوک سبھا ٹی وی اور راجیہ سبھا ٹی وی کو ضم کر کے ’’سنسد ٹی وی‘‘ کی تشکیل
نئی دہلی، مارچ 3: پی ٹی آئی کی خبر کےمطابق لوک سبھا ٹی وی اور راجیہ سبھا ٹی وی چینلز کو باضابطہ طور پر ضم کرکے ’’سنسد ٹی وی‘‘ بنا دیا گیا ہے۔ ریٹائرڈ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر روی کپور کو یکم مارچ کو ایک سال کے لیے اس چینل کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ پرسار بھارتی کے سابق چیئرپرسن اے سوریہ پرکاش کی سربراہی میں پینل کی تجاویز کے مطابق کیا گیا ہے۔ یہ پینل نومبر 2019 میں اسپیکر اوم بریلا سے مشاورت کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے تشکیل دیا تھا۔
اس کمیٹی نے مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی تھی، جنھوں نے تجویز دی تھی کہ براہ راست ٹیلی کاسٹ جاری رہنا چاہیے۔ اس نے گذشتہ سال اپنی رپورٹ پیش کی تھی، لیکن اس کے مندرجات ابھی عوامی نہیں ہیں۔
اگرچہ دونوں چینلز کو ایک میں ضم کردیا گیا ہے، لیکن اس کے پاس پارلیمنٹ اجلاس کے دوران دو پلیٹ فارم ہوں گے۔ ایک لوک سبھا اور دوسرا راجیہ سبھا کی براہ راست کارروائی نشر کرنے والا۔
سوریہ پرکاش نے حکومت کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’میری کمیٹی نے دونوں چینلز کی بہتر ہم آہنگی اور انتظام کے لیے ان کے انضمام کی سفارش کی تھی۔ ہمیں اس کی جانچ کرنے کے لیے کہا گیا تھا کہ یہ انضمام ممکن تھا یا نہیں اور اس کا طریق کار کیا ہوگا۔‘‘
تاہم حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ نے اس انضمام کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک اوبرائن نے پوچھا ’’کیا یہ براہ راست ٹیلی کاسٹ تک رسائی کو محدود کردے گی؟ کیا ممبران پارلیمنٹ کا ایئر ٹائم محدود ہوجائے گا؟ کیا وہ لوگوں تک پہنچنے کے لیے نئے طریقے تلاش کریں گے؟‘‘