’’کمبھ کو اب علامتی طور پر منایا جانا چاہیے‘‘: کوویڈ 19 کے سبب نرمانی اکھاڑا کے چیف کی موت کے بعد وزیر اعظم مودی کی اپیل
نئی دہلی، اپریل 17: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کورونا وائرس کی بدترین صورت حال کی وجہ سے اب کمبھ میلہ کو ایک ’’علامتی تقریب‘‘ کے طور پر منانا چاہیے۔ ان کا یہ بیان مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے مہا نروانی اکھاڈا کے سب سے بڑے سادھو کپل دیو کے 13 اپریل کو کوویڈ 19 کی وجہ سے انتقال کر جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ہفتے کی صبح وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس معاملے میں جونا اکھاڑا کے اودیشانند گیری سے بات کی ہے، جو اس میلے میں حصہ لینے والے 13 مذہبی اکھاڑوں میں سے ایک ہے۔
مودی نے ٹویٹ کیا ’’میں نے اودیشانند گیری جی سے فون پر بات کی۔ تمام سادھو ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں۔ میں نے ان پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس وبائی مرض کی وجہ سے کمبھ کو ایک علامتی تقریب کے طور پر منائیں۔ اب جب کہ دو ’’شاہی اسنان‘‘ مکمل ہوچکے ہیں، ایسا کرنے سے ہمیں اس صورت حال سے نمٹنے کی طاقت ملے گی۔‘‘
جونا اکھاڑا کے اودیشانند گیری نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی اپیل کا احترام کرتے ہیں۔ انھوں نے ٹویٹ کیا ’’میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ کوویڈ کی صورت حال کے پیش نظر بڑی تعداد میں اسنان (غسل) کے لیے نہ آئیں اور تمام اصولوں پر عمل کریں۔‘‘
تاہم سوشل میڈیا صارفین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے تاخیر سے مداخلت کی ہے اور اس سے قبل انھوں نے ہی کمبھ میلے کی توثیق کی ہے۔
اس میلے کے اختتام سے متعلق حتمی فیصلہ اکھاڑہ پریشد ہی کرے گا، جو اکھاڑوں کی اعلیٰ تنظیم ہے۔ اکھاڑہ پریشد کے صدر نریندر گِیری اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کا علاج رشیکیش میں کرایا جارہا ہے۔
دریں اثنا بدھ کے روز اتراکھنڈ کے ریاستی حکومتی عہدیداروں نے کمبھ میلے کو روکنے کے امکان کو مسترد کردیا تھا، حتی کہ ہریدوار میں کورونا وائرس کے معاملات بڑھتے ہی جارہے ہیں۔