
کم زور طبقات کو خود مختار بنانے کے لیے زکوٰۃ سنٹر انڈیا کی پیش رفت
2025 کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور نئے اہداف کا تعین۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس
حیدرآباد: (دعوت نیوز ڈیسک)
دو روزہ ورکشاپ میں جنوبی ہند کے یونٹوں کی کارکردگی اور حکمت عملیوں کا جائزہ
زکوٰۃ سنٹر انڈیا (ZCI) نے 14 اور 15 جنوری 2025 کو حیدرآباد میں جنوبی بھارت کے چیاپٹرز کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس ورکشاپ میں جنوبی ہند کے مختلف یونٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جس کا مقصد زکوٰۃ کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا، جدید حکمت عملیوں کا جائزہ لینا اور ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل کرنا تھا۔
ورکشاپ کے دوران زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے جنوبی ہند کے یونٹوں کی کارکردگی پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔ سال 2025 کے لیے متعین ترقیاتی منصوبوں میں کمیونٹی ماڈلوں کی تیاری، کاروباری رہنمائی پروگرامس اور زکوٰۃ کی مزید منظم تقسیم پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے علاوہ مائیکرو فائنانس اداروں اور فنی تربیت دینے والے اداروں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ورکشاپ کے اختتام پر 15جنوری کو مسلم جنرل ہاسپٹل، ٹولی چوکی کے کانفرنس ہال میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس موقع پر زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے چیئرمین جناب ایس امین الحسن اور سکریٹری جناب عبدالجبار صدیقی نے میڈیا کو ورکشاپ کے نتائج اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
جناب ایس امین الحسن نے کہا "زکوٰۃ سنٹر انڈیا کا نصب العین کم زور اور پس ماندہ طبقات کی مدد کرنا اور انہیں خود مختار بنانا ہے۔ یہ ورکشاپ ہماری حکمت عملیوں کا جائزہ لینے اور انہیں مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم موقع تھا۔”
جناب عبدالجبار صدیقی نے بتایا "سال 2025 کے لیے مضبوط منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں جن میں زکوٰۃ کی بہتر تقسیم، کمیونٹی کی ترقی اور کاروباری رہنمائی شامل ہیں۔ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحقین تک پہنچنا ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2024 میں زکوٰۃ سنٹر انڈیا کی اسکیموں سے 4,000 سے زائد افراد نے استفادہ کیا، جبکہ یونٹوں کی تعداد 2022 میں 9 سے بڑھ کر 2024 میں 21 ہوگئی۔
زکوٰۃ سنٹر انڈیا کی شان دار کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیم نے 2024 میں سوشل میڈیا کے ذریعے 3.4 کروڑ افراد تک اپنے پیغامات پہنچائے اور مائیکرو فائنانس اور فنی تربیت کے شعبوں میں متعدد معاہدے کیے۔ موجودہ وقت میں 11 ریاستوں میں 21 یونٹس فعال ہیں اور فنڈز کی تقسیم میں معاشی ترقی و فنی تربیت (62.8 فیصد) تعلیمی وظائف (15 فیصد) اور راشن و پنشن (14.9 فیصد) کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ سنٹر انڈیا اپنی تمام تر توانائیوں اور وسائل کے ساتھ کم زور طبقات کو خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران مولانا محی الدین غازی فلاحی اور سید تنویر الحق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مزید تفصیلات کے لیے زکوٰۃ سنٹر انڈیا سے ای میل [email protected] یا ویب سائٹ www.zakatcenterindia.org پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 26 جنوری تا 01 فروری 2025