کونراڈ سنگما مسلسل دوسری بار بنے میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ
کونراڈ سنگما کے علاوہ پریسٹن ٹائنسانگ اور اسنیوابھلانگ دھر نے میگھالیہ کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا
شیلانگ،07مارچ :۔
میگھالیہ میں نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے صدر کونراڈ سنگما نے مسلسل دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ کونراڈ سنگما کے علاوہ پریسٹن ٹائنسانگ اور اسنیوبھلانگ دھر نے میگھالیہ کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ میگھالیہ حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ این پی پی کی قیادت والے اتحاد نے میگھالیہ میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ بی جے پی کے دو ایم ایل اے سمیت 45 ایم ایل اے اتحاد کی حمایت کر رہے ہیں۔بتا دیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج سے شمال مشرق کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ میگھالیہ کے علاوہ پی ایم مودی تریپورہ اور ناگالینڈ میں بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی آسام کابینہ کے ارکان کے ساتھ بند کمرے میں میٹنگ بھی ہوگی۔ ناگالینڈ میں این ڈی پی پی اور بی جے پی اتحاد نے 60 میں سے 37 سیٹیں جیتیں۔