کٹھوعہ عصمت دری و قتل معاملہ – عدالت نے اعلی افسروں کے خلاف شکایت درج کرنے کا حکم دیا
جموں کی ایک مقامی عدالت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے چھ ارکان کے خلاف رپورٹ درج کرنے کا حکم دیا
سری نگر- 23 اکتوبر- جموں کی ایک مقامی عدالت نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ کرائم برانچ کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ان چھ ارکان کے خلاف رپورٹ درج کرے جنھوں نے 2018 میں کٹھوعہ میں ایک آٹھ سالہ قبائلی بچی کی عصمت دری کے معاملے کی چھان بین کی تھی۔
مذکورہ حکم جوڈیشیل مجسٹریٹ پریم ساگر نے تین گواہوں، سچن شرما، نیرج شرما اور ساحل شرما کے ذریعے عدالت میں شکایت کرنے پر جاری کیا۔ ان گواہوں کے مطابق ان پر جھوٹے بیانات دینے کے لیے دباؤ بنایا گیا اور تشدد بھی کیا گیا تھا۔
جن افسروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں ایس ایس پی رمیش کامر جلا (اب سبکدوش)، اے ایس پی پیرزادہ نوید، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شیتمبری شرما اور نثار حسین، سب انسپکٹر عرفان وانی اور کیول کشور کے نام شامل ہیں۔
جج ساگر نے اپنے حکم میں لکھا: "شکایت کی رو سے غیر عرض کنندگان کے خلاف قابل دست اندازی قانون جرائم قرار پاتے ہیں۔ لہذا عرض کنندہ کی عرض داشت کو دفعہ 153(3) تحت منظور کیا جاتا ہے اور ایس ایس پی جموںکو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ غیرعرض کنندگان کے خلاف اس معاملے کی اگلی تاریخ 11 نومبر کو سماعت تک قانون کے متعلقہ التزامات کے تحت رپورٹ درج کریں ۔”
"شکایت کنندگان کو عمداً تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور قشال جنگوترا کے خلاف غلط بیانات دینے کے لیے مجبور کیا گیا جس سے غیرعرضی کنندگان کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے جس کے ذریعے انھوں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت غلط شواہد تیار کیے۔”
بکروال قبیلے سے تعلق رکھنے والی آٹھ سالہ بچی کی لاش اپنے گھر کے قریب سے غائب ہونے کے بعد کٹھوعہ ضلع میں 17 جنوری 2018 کو ملی تھی۔ جس کے بعد نشیلی دوا کھلائے جانے کے بعد ایک مذہبی مقام پر اس کی عصمت دری کی گئی اور بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ اس سنسنی خیز واقعے میں ہوس، نفرت اور انتقام کے تمام پہلو موجود تھے۔
کرائم برانچ نے آٹھ لوگوں کے خلاف فردجرم داخل کی تھی جن میں سانجھی رام، جو ایک سبک دوش ریونیو افسر ہے اور اس جرم کے سرغنہ کے طور پر جانا جاتا ہے، اس کا بیٹا وشال جنگوترا اور اس کا نابالغ بھتیجہ شامل ہیں۔ دیگر ملزمین میں پرویش کمار عرف منو، اسپیشل پولیس افسران دیپک کمار کھجوریا اور سریندر کمار، ایس آئی آنند دتا اور ہیڈ کانسٹیبل تلک راج شامل ہیں۔
اس معاملے میں، اس سال جون میں پٹھانکوٹ میں ضلعی اور سیشن جج تیجویندر سنگھ نے تین اہم ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ دیگر پانچ کو ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے جرم میں پانچ پانچ سال کی سزا سنائی گئی۔ ایک دیگر اہم ملزم وشال جنگوترا اس معاملے میں بری کردیا گیا تھا۔