کرلا میں جماعت اسلامی ہند اور ایم ایس ایس کا مشترکہ مفت طبی کیمپ

بلڈ پریشر، شوگر، دل کے امراض اور خون کی کمی کے درجنوں نئے مریضوں کی تشخیص

ممبئی: (دعوت نیوز ڈیسک)

صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے اور طبی سہولتوں کو عام انسانوں کی دہلیز تک پہنچانے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر اور میڈیکل سروس سوسائٹی (ایم ایس ایس) کرلا کے اشتراک سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ ہفتہ کے روز صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہنے والے اس کیمپ سے 137 افراد نے استفادہ کیا۔
کیمپ میں کئی اہم تشخیصی ٹیسٹ مفت فراہم کیے گئے جن میں ای سی جی، HbA1c، رینڈم بلڈ شوگر (HGT)، ہیموگلوبن (Hb) اور پلمونری فنکشن ٹیسٹ (PFT) شامل تھے۔ معائنے کے دوران کئی مریضوں میں ایسے امراض کی نشاندہی ہوئی جن کا انہیں پہلے علم نہ تھا۔
تشخیص کے مطابق 42 افراد ہائی بلڈ پریشر سے متاثر پائے گئے، 34 افراد کو ذیابیطس کی موجودگی کا پتہ چلا، 5 افراد میں دل کی بیماریوں کی ابتدائی علامات سامنے آئیں جبکہ 24 افراد میں خون کی کمی (اینیما) کی تشخیص ہوئی۔
کیمپ کی رہنمائی ممتاز معالج ڈاکٹر محسن خان (ایم ڈی) نے کی جنہوں نے نہ صرف مریضوں کا معائنہ کیا بلکہ انتظامی و تکنیکی معاملات کو بھی سنبھالا۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر خلیل احمد اور ڈاکٹر عتیق الرحمن جیسے سوپر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں نے بھی مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور رہنمائی کی۔
کیمپ میں جماعت اسلامی ہند کرلا کے رضا کاروں نے بڑی مستعدی اور خلوص کے ساتھ خدمات انجام دیں، جن کی کوششوں سے یہ کیمپ نہ صرف کامیاب رہا بلکہ علاقے میں ایک مثبت مثال کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا۔ اختتامی کلمات میں منتظمین نے طبی ماہرین، رضاکاروں اور مقامی تعاون پیش کرنے والے تمام افراد کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے کیمپس کے ذریعے عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 10 جولائی تا 16 اگست 2025