کپل سبل نے کانگریس پارٹی چھوڑی، سماج وادی پارٹی کی حمایت سے راجیہ سبھا کے لیے پرچۂ نامزدگی داخل کیا

نئی دہلی، مئی 25: سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے آج کہا کہ انھوں نے 16 مئی کو کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سبل نے بدھ کے روز سماج وادی پارٹی کی حمایت سے آزاد امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سماج وادی پارٹی راجیہ سبھا انتخابات کے لیے مجموعی طور پر تین امیدواروں کو نامزد کرے گی۔ انتخابات 10 جون کو ہوں گے اور اسی دن نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

آج صبح سابق کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ایک آزاد آواز بننا چاہتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہم ایک اتحاد بنانا چاہتے ہیں تاکہ ہم مودی حکومت کی مخالفت کر سکیں۔

سبل نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ وہ اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے کہ انھوں نے کانگریس چھوڑنے کا انتخاب کیوں کیا۔

انھوں نے کہا ’’اب چوں کہ میں کانگریس پارٹی میں نہیں ہوں، میں کوئی منفی بات نہیں کہنا چاہتا، کوئی بھی ایسی بات جو سیاست کے کلچر سے مطابقت نہ رکھتی ہو، جسے ہمیں اپنانا چاہیے۔ کانگریس کے اندر، میں وہ کہہ سکتا تھا جو میں کہنا چاہتا تھا۔ اب چوں کہ میں کانگریس میں نہیں ہوں، میں کانگریس میں کسی پر تنقید نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ سبل نے ماضی میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں کئی اہم معاملات اٹھائے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا ’’ملک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ راجیہ سبھا میں مؤثر طریقے سے ان مسائل کو پیش کریں گے۔‘‘

سبل پہلے کانگریس کے گروپ آف 23، یا G-23 کا حصہ تھے، جس نے اگست 2020 میں پارٹی سربراہ سونیا گاندھی کو ایک خط لکھا تھا جس میں پارٹی میں اندرونی اصلاحات پر زور دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے G-23 نے کئی مواقع پر کانگریس کی قیادت اور سیاسی حکمت عملی میں تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

ستمبر میں سبل نے اس وقت پارٹی کی پنجاب ریاستی یونٹ کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد ایک پریس کانفرنس کی تھی۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا تھا کہ پارٹی کے اندر فیصلہ کون لے رہا ہے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے۔

اس پریس کانفرنس کے بعد دہلی کے چاندنی چوک علاقے سے یوتھ کانگریس کے ارکان نے سبل کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ سابق مرکزی وزیر نے 2004 سے 2014 تک چاندنی چوک لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کی ہے۔