مسعود ابدالی
ایک سال اور بیت گیا، ان 366 دنوں میں اہل غزہ کو ذرہ برابر راحت نصیب نہیں ہوئی۔ سات اکتوبر 2023 سے جاری آتش و آہن کی بارش میں ایک لمحے کا بھی وقفہ نہ آیا اور 20 دسمبر تک غزہ میں شہداء کی تعداد 45,028 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 106,962 افراد شدید زخمی ہیں۔ان میں وہ افراد شامل نہیں جو اب تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ہزاروں نوجوان تشدد کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے اور لاشوں کو اسرائیلی فوج نے ٹھکانے لگا دیا۔ غزہ کے ساتھ غرب اردن میں بھی نسل کش کارروائیاں جاری رہیں۔ مشرقی یروشلم، رملہ، جنین، نابلوس، الخلیل (Hebron) اریحہ (Hebron) اور قلقیلیہ میں ہزاروں افراد کو ان کے گھروں سے نکال کر اردنی سرحد کی جانب دھکیل دیا گیا۔ اس خونریزی کا سب سے شرم ناک پہلو ممنوع ہتھیار کا استعمال ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم HRWنے تفصیلی تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل لبنان پر بمباری میں سفید فاسفورس استعمال کر رہا ہے۔ اس سریع الاشتعال مادے سے بھڑکنے والی آگ کی 800 ڈگری سینٹی گریڈ تپش فولاد کو بھی پگھلانے کے لیے کافی ہے۔ جنیوا کنونشن کے تحت شہری آبادیوں پر سفید فاسفورس کا استعمال سخت ممنوع ہے۔ ایچ آر ڈبلیو کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران انہیں لبنان میں کم از کم 19 مقامات پر سفید فاسفورس کے شواہد ملے ہیں۔ دوسرے مہلک ہتھیاروں کی طرح اسرائیل کو ‘انسانیت سوز’ سفید فاسفورس بھی چچا سام فراہم کرتے ہیں۔ شام میں طرطوس کی بندرگاہ پر اسرائیل نے جو بم پھینکے، زلزلہ پیما (Seismograph) پر ان دھماکوں کی شدت 3 سے زیادہ تھی۔
اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بند لیکن بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیل نے ایران پر ایک اور یمن پر لاتعداد فضائی حملے کیے ہیں ۔ ایران نے دمشق میں اپنے سفارت خانے اور بیروت پر بمباری کے رد عمل میں اسرائیل پر ڈرون اور میزائیل حملے کیے ہیں ۔
یوکرین کی جنگ اس سال بھی جاری رہی اور اب شمالی کوریا کے سپاہی بھی روس کے شانہ بشانہ یوکرین کے خلاف برسر پیکار ہیں۔
کشمیر، برما اور چین کے اویغور مسلمانوں کی حالت جیسی کی ویسی ہی رہی۔ بنگلہ دیش کے برمی پناہ گزین کیمپوں کی ناگفتہ صورت حال کی بنا پر مہاجرین کے پُر خطر فرار کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ بدترین اقتصادی پابندیوں کا شکار اہل شمالی کوریا کے لیے بھی راحت کے کوئی آثار پیدا نہیں ہوئے۔ اس حوالے سے گزرے ہوئے سال میں بہت سارے واقعات وقوع پذیر ہوئے ان میں سے کچھ اس طرح ہیں:
• عالمی فوج داری عدالت (ICC) نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو، وزیر دفاع یوف گیلینٹ، حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہانیہ، یحیٰی سنوار اور محمد ضیف کے نام پروانہ گرفتاری جاری کردیے۔
• اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) نے ایک قرارداد منظور کرلی، جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ‘مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی غیر قانونی موجودگی کو بلا تاخیر ختم کرے اور یہ کام 12 ماہ کے اندر مکمل ہو جانا چاہیے’۔ قرارداد کے حق میں 124 ووٹ آئے، امریکہ، ہنگری اور ارجنٹینا سمیت 14 ممالک نے مخالفت کی جبکہ ہندوستان، یورپی یونین کے اکثر ممالک اور آسٹریلیا سمیت 43 ممالک غیر جانب دار رہے۔
• نصف صدی بعد شام میں الاسد خاندان کی آمریت کا خاتمہ ہوگیا۔ بدترین بمباری سے شام کے تمام عسکری اثاثے اور تنصیبات کو تباہ کرنے کے ساتھ اسرائیل نے مقبوضہ جولان سے متصل جبل حرمون پر قبضہ کرلیا جس کے بعد دمشق براہ راست اسرائیل کے نشانے پر ہے۔
• بنگلہ دیش میں مجیب خاندان کے اقتدار کا خاتمہ، حسینہ واجد ہندوستان فرار
• روس کی شدید مخالفت کے باوجود نگورنو کاراباخ کو آذر بائیجان میں ضم کر دیا گیا
• مصر میں اخوان المسلمون کے مرشد عام (امیر) سمیت چھ افراد کو سزائے موت سنادی گئی
• پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آفیشیل سیکریٹ ایکٹ پر دس سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
روس، امریکہ، چین اور ہندوستان کے بعد جاپان چاند پر پہنچنے والا پانچواں ملک بن گیا۔
پاکستان نے اپنا پہلا سیارچہ ICUBE-Q یا رشکِ قمر، چینی راکٹ Chang’e-6 کے ذریعے مدارِ قمر پہنچا دیا
کھیل کود
• ہندوستان نے عالمی شطرنج میں خواتین اور خواتین و مرد (OPEN) دونوں مقابلے جیت کر طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔
• پیرس اولمپک میں پاکستان کے ارشد ندیم نے نیزہ بازی میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔
کاروبار کی دنیا ۔۔
عالمی تجارت ۔۔ تیل کی دھار
• امریکہ میں تیل و گیس کے دو بڑے اداروں کونوکوفلپس (ConocoPhillips) اور میراتھن آئل (Marathon) نے باہم ادغام کا اعلان کر دیا
• جاپان کے گاڑی ساز اداروں ہونڈا اور نسان (NISSAN) نے ادغام کے لیے مفاہمت کی یادداشت (MOU) پر دستخط کردیے۔
• ایران ترکیہ اور برطانیہ کا مشارکہ ہیرات (افغانستان) میں لوہے کی کانکنی پر ساڑھے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ایک ہزار مربع کلومیٹر رقبہ تیس سال کے پٹے پر دے دیا گیا ہے۔ کانکنی کے ساتھ یہ کمپنی علاقے میں بجلی کی فراہمی اور دوسرے ترقیاتی منصوبوں پر 4 کروڑ ڈالر خرچ کرے گی۔
بدامنی, ہنگامے، نا خوشگور واقعات اور فوجی مداخلت
• روسی دارالحکومت ماسکو کے Caucus City hall پر حملہ، 145 افراد ہلاک 550 زخمی 4 دہشت گرد گرفتار
• پینسلوانیہ میں ڈونالڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ، سابق صدر محفوظ رہے لیکن ان کا ایک حامی ہلاک ہوگیا۔حملہ آور کو پولیس نے گولی ماردی۔ ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خفیہ سروس کی سربراہ کمبرلی شیٹل Kimberly Cheatle مستعفی ہوگئیں۔
• اسرائیلی اور مقامی ٹیم کے درمیان فٹ بال میچ کے بعد اسرائیلی شائقین اور ولندیزی نوجوانوں کے درمیان تصادم۔ مقامی ریل (ٹرام) کا ایک ڈبہ جلا دیا گیا۔
اہم انتخابات، تقرر و تنزل، تبدیلیِ اقتدار و فوجی انقلاب
• امریکی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی، ڈونالڈ ٹرمپ، امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہوگئے۔ ایوان نمائندگان اور سینیٹ پر بھی ریپبلکن پارٹی کو واضح برتری
• ڈنمارک کی مارگریٹ دوم اپنے صاحب زادے فریڈرک دہم کے حق میں تخت سے دست بردار
• نگری جوہور کے سلطان ابراہیم اسکندر ملائشیا کے شاہ شاہاں ہوگئے۔ ملائشیا 13 خود مختار نگریوں (ریاستوں) پر مشتمل ہے۔ ان میں سے 9 ملائی بادشاہوں کے زیرِ نگیں ہیں۔ یہ نو بادشاہ ہر پانچ سال بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنے میں سے ایک کو وفاق کا بادشاہ منتخب کرلیتے ہیں۔ اس سے پہلے نگری پاہانگ کے عبداللہ سلطان احمد شاہ وفاق کے بادشاہ تھے۔
• آصف علی زرداری پاکستان کے صدر اور محمد شہباز شریف وزیر اعظم منتخب ہو گئے
• اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف مستعفی، وہ یہ منصب سنبھالنے والے پہلے مسلم رہنما ہیں
• میکسیکو کے صدارتی انتخابات میں محترمہ کلاڈیا شینبام Claudia Sheinbaum کی کامیابی۔ کلاڈیا شینبام انرجی انجنیرنگ میں پی ایچ ڈی اور میکسیکو کی پہلی خاتون یہودی صدر ہیں۔
• ہندوستان کے انتخابات میں نریندر مودی کی تیسری کامیابی۔ تاہم اس بار ان کی پارٹی بی جے پی واضح اکثریت حاصل نہ کرسکی۔
• فرانس کے پارلیمانی انتخابات، کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہ حاصل کرسکی، سوشلسٹ اور بائیں بازو کو خفیف سی برتری۔ صرف چھ ماہ بعد فرانسیسی پارلیمنٹ نے وزیر اعظم مائیکل برنیر (Michael Bernier) پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ رائے شماری کے دوران 577 رکنی ایوان کے 331 ارکان نے ان کے خلاف ہاتھ بلند کیے۔یہ 1962 کے بعد فرانسیسی حکومت پر عدم اعتماد کا پہلا واقعہ ہے۔
• برطانیہ کے انتخابات میں لیبر پارٹی کی کامیابی، کئیر اسٹارمر (Keir Starmer) نئے وزیر اعظم منتخب
• معروف جراح قلب (Heart Surgeon) مسعود پیزشکیان 53.67 فیصد ووٹ لے کر ایران کے صدر منتخب ہوگئے۔
• اردن کے انتخابات میں اخوانی فکر کا حامل جبهة العمل الإسلامي (اسلامک ایکشن فرنٹ) 56.24 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر
• آسٹریا کے پارلیمانی انتخابات میں غیر ملکیوں اور مسلم مخالف فریڈم پارٹی FPÖ کو برتری حاصل ہوگئی۔ 183 رکنی نیشنل کونسل (قومی اسمبلی) میں 56 کے ساتھ پہلے نمبر پر
• رومانیہ کے صدارتی انتخابات میں نیٹو مخالف دائیں بازو کے امیدوار کو برتری۔ روس نواز کیلن جارجیسکو Călin Georgescu کو 22.94 فیصد ووٹ ملے۔ اول اور دوم آنے والے امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے یا Run-offانتخابات 8 دسمبر کو ہونے تھے۔ لیکن انتخابات میں روسی مداخلت ثابت ہونے پر عدالت عظمیٰ نے 6 دسمبر کو پہلے مرحلے کے نتائج کالعدم کردیے
• جرمن پارلیمنٹ نے چانسلر اولاف شلز کو اعتماد کا ووٹ دینے سے انکار کردیا، 207 ارکان نے حمایت اور 394 نے مخالفت کی جبکہ 116 ارکان غیر جانب داریے۔ حکومت سازی میں ناکامی پر صدر نے بندیستاک (قومی اسمبلی) تحلیل کردی۔نئے انتخابات 23 فروری کو ہوں گے۔
ہر چند اس میں ہاتھ
ہمارے قلم ہوئے
عالمی کمیٹی برائے تحفظ صحافیان (CPJ) کے مطابق سات اکتوبر 2023 کو اسرائیلی حملے کے بعد سے اس سال 20 دسمبر تک غزہ، غربِ اردن اور لبنان میں 141 صحافی قتل کیے گئے۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں صحافیوں کی غالب اکثریت الجزیرہ اور دوسرے عرب خبر رساں اداروں سے وابستہ افراد کی ہے لیکن ظلم و جبر کی حکایت رقم کرتے ہوئے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس اور رائٹرز، روسی Sputnik، فرانیسی AFP کے ساتھ اسرائیلی ٹیلی ویژن Ynet، چینل 12 اور الارض Haaretz کے صحافیوں نے بھی قلم کی حرمت کے لیے اپنے سینہ و سر پیش کیے ۔ ہمارا خطہ برصغیر بھی صحافیوں کے خون سے گلنار رہا۔پاکستان میں 6 بنگلہ دیش میں 5 اور ہندوستان میں 3 جنازے اٹھے۔ اس وقت دنیا بھر میں 520صحافی جیلوں میں ہیں جن میں سب سے زیادہ یعنی 135 خامہ پرداز چین اور ہانگ کانگ میں پسِ دیوارِ زنداں ہیں۔
• اسرائیل میں الجزیرہ پر پابندی لگادی گئی۔یہ ٹیلی ویژن نہیں دہشت گردوں کا ترجمان ہے۔ اسرائیلی کابینہ کا اعلان
• اسرائیل کے اتباع میں مقتدرہ فلسطین (PA) نے الجزیرہ کے رملہ کے صدر دفتر کو تالہ لگا دیا۔
• امریکی کانگریس نے TikTok پر پابندی کی قرارداد منظور کرلی
• اسرائیلی فوج نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس (AP) کے دفتر پر حملہ کرکے کیمرے اور آلات چھین لیے۔
• امن معاہدے کے حق میں اداریہ کیوں لکھا؟ تل ابیب میں روزنامہ الارض (Haaretz) کے دفتر کے شیشے توڑ دیے گئے۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے ملک کے اس قدیم ترین اخبار کا بائیکاٹ۔ سرکاری دفاتر کے لیے اب یہ پرچہ نہیں خریدا جائے گا۔ حکومتی اشتہارات کی بندش ہوگی۔ سرکاری تقریبات میں ان کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا اور نہ حکومتی اعلامیوں کی نقول الارض کو بھیجی جائیں گی، پارلیمانی گیلری میں ان کے نمائندوں کا داخلہ بھی ممنوع ہے۔
• افغانستان میں آرزو ٹیلی ویژن پر پابندی لگادی گئی۔
حادثات و سانحات
• جاپان میں زلزلہ
• پاپوا نیو گنی (Papua New Guinea)میں تودے پھسلنے (Land Slide) سے 2000 افراد ہلاک۔
• کویت کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 45 ہندوستانی شہری ہلاک۔یہ اعلٰی تعلیم یافتہ افراد بہتر زندگی کی تلاش میں کویت آئے تھے۔
• کیرالا میں تودے گرنے سے 334 افراد ہلاک
• جنوبی ایتھیوپیا کے گوفا پہاڑی علاقے میں تودے گرنے سے 274 افراد ہلاک
• مغربی ایرانی صوبے خوزستان کے علاقے مسجدِ سلیمان میں 5.7 شدت کا زلزلہ
• اس سال کا آخری ہفتہ ہوائی سفر کے لیے بہت نا مبارک ثابت ہوا۔ کرسمس کے روز آذربائیجان ائیر لائن کا باکو سے گروزنی (چیچنیا) جانے والا طیارہ قازقستان میں گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں دونوں ہوا باز اور ایک فضائی میزبان سمیت 38 افراد ہلاک ہو گئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس کے طیارہ شکن میزائیل سے لگنے والی ضرب حادثے کا سبب بنی۔ روسی صدر نے ذمہ داری کے عدم اعتراف کے ساتھ معافی کی درخواست کر دی۔ اس الم ناک حادثے کے صرف تین دن بعد جنوبی کوریا کی نجی جہاز راں کمپنی جیجو ائیرلائنز کی بینکاک سے وطن آنے والی پرواز موان (Muan) ائیرپورٹ پر گرکر تباہ ہوگئی۔ جہاز پر سوار 181 میں سے 179 افراد ہلاک ہو گئے۔
اسلاموفوبیا اور انسانی حقوق
• جماعت اسلامی بنگلہ دیش پر سے پابندی ہٹالی گئی
• ممتاز مصنفہ، انسانی حقوق کی کارکن اور کشمیر میں ظلم و تشدد کے خلاف توانا آواز شریمتی اروندھتی رائے کے خلاف دہشت گردی کا پرچہ کاٹنے کی اجازت دے دی گئی۔ رائے صاحبہ کو Booker اعزاز مل چکا ہے۔ ریاست کے خلاف تقریر کرنے پر موصوفہ کے خلاف انسداد غیر قانونی سرگرمی ایکٹ یا UAPA کے تحت مقدمہ درج کرنے کی اجازت دہلی کے ڈپٹی گورنر وی کے سکسینہ نے دی ہے۔
• امریکی عدالت عظمیٰ نے بے گھر لوگوں کا سڑکوں پر سونا غیر قانونی قرار دے دیا۔ دنیا کے اس امیر ترین ملک میں 6 لاکھ افراد بے گھر ہیں۔ عدالتِ عظمیٰ نے 6:3 سے فیصلہ سنا دیا کہ بلدیات اور شہری انتظامیہ پبلک مقامات پر خیمہ گاڑنے یا سونے پر جرمانہ کرسکتی ہیں۔تین ججوں کی جانب سے جسٹس سونیا سوتومیئر Sonia Maria Sotomayor نے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔فاضل جج صاحبہ نے لکھا کہ یہ فیصلہ صرف شہریوں کی ضروریات کا احاطہ کرتا ہے اور معاشرے کے کم زور افراد کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ جج صاحبہ نے اپنے نوٹ میں مزید لکھا کہ نیند ایک حیاتیاتی ضرورت ہے لیکن اس فیصلے کے بعد بے گھر افراد اب جاگتے رہیں گے یا گرفتار ہو جائیں گے۔
• اقوام متحدہ نے بچوں کے قتل عام پر اسرائیل اور فلسطینی مزاحمت کاروں کو List of Shame کی زینت بنا دیا۔ اس کا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے معتمد عام انتونیو گوئتریس نے کہا کہ غزہ میں بچوں کا قتل عام ناقابل برداشت اور متحارب فریقوں کے لیے شرم کا باعث ہے۔ماضی میں روس، افغانستان، عراق، شام، برما، صومالیہ اور یمن کا نام شرم ناک فہرست پر ڈالا جاچکا ہے۔
• جامعہ بیلجیم (UGent) نے اسرائیل کے تین تحقیقاتی اداروں، Holon Institute of Technology ،MIGAL Galilee Research Institute اور Volcani Center سے تعاون ختم کر دیا ہے۔ ان تینوں مراکز کا زرعی تحقیق کے حوالے سے اعلیٰ مقام ہے۔ جامعہ کے ریکٹرنے ایک بیان میں کہا کہ یہ ادارے انسانی حقوق کے باب میں جامعہ بیلجیم کی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے
• اسرائیل میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینا ممنوع قرار دے دیا گیا، خلاف ورزی کی مرتکب مساجد کا لاؤڈ اسپیکر ضبط کیا جا سکے گا۔
• امریکہ کی انتہائی موقر جامعہ اسٹینفرڈ (Stanford) نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے والے 12 طلبہ اور مظاہرہ کی فلم بندی کرنے والے ایک صحافی کے خلاف مجرمانہ (felony) سرگرمی کا پرچہ کٹوادیا۔
• شکاگو کی نجی جامعہ ڈی پال (DePaul University) میں حیاتیات (Biology) کی ایک پروفیسر کو برطرف کردیا گیا۔ پروفیسر این اکینو (Ann d’ Aquino) نے اپنی کلاس کے طلبہ کو مضامین لکھنے کے لیے جو موضوعات دیے ان میں Gaza Genocide بھی شامل تھا۔
• کولمبیا یونیورسٹی کی شیخ الجامعہ ڈاکٹر مونیکا شفیق نے ایک حکم کے ذریعے کولمبیا کالج کی ڈین ڈاکٹر سوزن چینک کم، ڈین انڈرگریجویٹ ڈاکٹر کرسٹن کروم اور نائب ڈین طلبہ امور ڈاکٹر میتھو پیٹاشنک Matthew Patashnick کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا۔ ان پر الزام ہے کہ یہ تینوں سوشل میڈیا پر غزہ نسل کشی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوسٹ نصب کیا کرتے تھے، انتطامیہ کے خیال میں مواد کا کچھ حصہ یہود دشمن یا Antisemitic کی تعریف پر پورا اترتا ہے
• امریکی جامعہ مشیگن کی ڈائریکٹر برائے تنوع، برابری اور شمولیت (DEI) ڈاکٹر راشل ڈاوسن کو سام دشمن Antisemitic تبصرہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ ڈاکٹر صاحبہ نے جامعہ کی اسرائیل نواز پالیسی پر جھنجھلا کر یہ کہہ دیا تھا کہ’’جامعہ دولت مند یہودیوں کے کنٹرول میں ہے ‘ ‘۔
نئے سنگِ میل
• حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب ہو گئے
• سعد کاظمی اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (ICNA) کے امیر منتخب ہو گئے۔
• سوئیڈن نیٹو کا 32 واں رکن بن گیا
• عالمی ادارے BRICS میں توسیع۔ مصر، ایتھیوپیا، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نئے رکن بن گئے۔ آذربائیجان، بنگلہ دیش، میانمار، پاکستان، سینگال، سری لنکا، شام اور وینزویلا امیدوار رکنیت قرار
• ڈنمارک، یونان، پاناما، صومالیہ اور پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہوگئے۔
• جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر ہوگئیں
• ایران نے چاہ بہار بندرگاہ دس سال کے پٹے پر ہندوستان کو دے دی۔ چاہ بہار سے ایک شاہ راہ افغانستان تک جاتی ہے یعنی اب ہندوستان کو وسط ایشیا تک رسائی مل گئی ہے۔
• فیس بک کے مالک ادارے META نے ‘نہر ٰتا بحر فلسطین’ کے نعرے کو ‘جائز’ قرار دے دیا۔
• امریکی ٹیلی ویژن CBS نے یروشلم کو اسرائیل کا حصہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ ملازمین کے نام ایک برقی خط میں کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ یروشلم اسرائیل کا حصہ نہیں بلکہ متنازعہ علاقہ ہے۔ لہٰذا یروشلم سے خبر جاری کرتے وقت رپورٹر صرف یروشلم کہے، یروشلم اسرائیل کہنا درست نہیں ۔
• آسٹریلیا نے فلسطینیوں سے بدسلوکی اور قبضہ گردی کی حمایت پر اسرائیل کی سابق وزیر انصاف ایلے شکر (Ayelet Shaked) کو ویزا دینے سے انکار کر دیا
• ناورے، ہسپانیہ، آرمینیا اور آئرلینڈ نے فلسطین کو آزاد و خود مختار ریاست تسلیم کرلیا
• برطانیہ نے اسرائیل کو اسلحے کے 350 میں سے 30 لائسنس معطل کر دیے
• جرمنی نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی پر پابندی لگادی۔ اٹارنی جنرل کو ڈر ہے کہ عالمی عدالت انصاف (ICJ) کے مقدمے کی زد غزہ خوں ریزی میں اسرائیل کی معاونت کرنے والے ممالک پر بھی پڑسکتی ہے
• ناروے کے گورنمنٹ فنڈر المعروف Norway Wealth Fund نے غزہ نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں مدد اور سہولت کاری فراہم کرنے والے اداروں میں سرمایہ کاری نہ کرنےکا عندیہ دیا ہے۔
کچھ اور اہم و دلچسپ
• دبئی انکشاف یا Dubai Unlocked نامی رپورٹ کی اشاعت۔ رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2022 کے دوران دنیا بھر کے سیاست دانوں، کاروباریوں، جرنیلوں اور حکومتی اہلکاروں نے دبئی میں 3 کھرب 89 ارب ڈالر کی جائیدادیں خریدیں۔ سرمایہ کاری کے اس حجم میں پاکستان سے آنے والی رقومات کا تناسب ڈھائی فیصد ہے۔
• بالی ووڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت کو چندی گڑھ ائیرپورٹ پر گارڈ نے تھپڑ مار دیا۔ کنگنا حالیہ چناؤ میں ہماچل پردیش کے حلقے مندی سے بے جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب جیتی ہیں۔
• سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو جیوری نے تمام کے تمام 34 الزامات ثابت ہونے پر مجرم قرار دے دیا۔ موصوف پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک اداکارہ کو تعلقات چھپانے کے لیے انتخابی فنڈ سے رقم دی تھی۔ انہیں نومبر میں سزا سنائی جانی تھیں لیکن صدر منتخب ہونے کی بنا پر معاملہ داخل دفتر کردیا گیا۔
• صدر بائیڈن کے صاحب زادے ہنٹر بائیڈن پر منشیات کے عادی ہونے کے باوجود اسلحہ رکھنے اور جھوٹا بیانِ حلفی دینے کے تین الزامات عدالت میں ثابت ہوگئے۔ تاہم سزا کے اعلان سے پہلے ہی امریکی صدر نے اپنے بیٹے کو ‘صدارتی معافی’ عطا کر دی
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ ائے لئیم
تو نے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کیے
• دمشق کے ایرانی سفارت خانے پر میزائیل حملے میں پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈئر جنرل محمد رضا زاہدی اپنے 16 ساتھیوں سمیت جاں بحق
• غزہ مزاحمت کاروں کے سیاسی قائد اسماعیل ہانیہ کو اسرائیل نے ایران میں شہید کر دیا
• لبنانی مزاحمت کاروں کے عسکری رہنما فواد شکر المعروف حاجی محسن اسرائیلی حملے میں جاں بحق
• اسماعیل ہانیہ کے جانشین یحییٰ سنوار اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے غزہ میں جاں بحق
• لبنانی مزاحمت کاروں کے قائد حسن نصراللہ اسرائیلی بمباری سے بیروت میں جاں بحق
• امریکی ممتاز فلسطینی دانشور ولید دقہ جیل میں انتقال کرگئے۔جناب دقہ کو 1987 میں ایک اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ہڈیوں کے سرطان میں مبتلا ہونے کے باوجود انہیں رہائی نہیں ملی اور ڈاکٹر صاحب نے جیل کی کوٹھری میں دم توڑ دیا۔
• غزہ کے ممتاز ماہرِ تقویم الاعضا (Orthopedic Surgeon) ڈاکٹر عدنان البرش اسرائیلی قید میں انتقال کرگئے۔
• ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر حسین امیر عبداللهیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور شہر تبریز کے خطیبِ جمعہ محمد علی الہاشم ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں جاں بحق۔
• یمن کی اسلامی تحریک، الاصلاح کے قائد اور موقر جامعہ ایمان کی بانی شیخ عبدالمجید زندانی 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
انتقال پر ملال
• پاکستانی سیاست داں، بیوروکریٹ سابق وزیر خزانہ اور خارجہ سرتاج عزیز کا انتقال
• ممتاز پاکستانی صحافی نذیر ناجی انتقال کر گئے
• معروف امریکی سیاست داں سنیٹر جو لائیبرمین آنجہانی ہوگئے
• ممتاز صحافی اور بزنس ریکارڈر کے ڈپٹی چیف ایگزیکیٹیو ارشد زبیری طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
• امریکہ کے 39 ویں صدر جمی کارٹر 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
اہم ترین: غزہ مزاحمت ایک نظریہ ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ جو سمجھتے ہیں کہ مزاحمت جلد ختم کر دی جائے گی وہ قوم کو گم راہ کر رہے ہیں۔ (نظریے کی بیخ کنی کے لیے) اگر حکومت نے متبادل حکمت عملی وضع نہ کی تو مزاحمت باقی رہے گی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان شریک امیر البحر ڈینیل ہیگاری نے ٹی وی چینل 13 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا۔
(مسعود ابدالی سینئر کالم نگار ہیں۔ عالم اسلام اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا تجزیہ آپ کا خصوصی میدان ہے)
[email protected]
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 05 جنوری تا 11 جنوری 2024