کیسا رہا2023؟

غزہ کو صیہونیوں نے آتش و آہن کی بھٹی میں تبدیل کردیا

مسعود ابدالی

کشمیر، برمااور چین کے یغور مسلمانوں کی حالت ویسی ہی برقرار
ایران۔ سعودی عرب تعلقات سال رفتہ کا اہم واقعہ۔ دنیا کی آبادی 8ارب 10 کروڑ ہوچکی
سات اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی بحروبر اور فضا سے کی جانے والی اقدامی کارروائی، اچانک پھوٹ پڑنے والی جنگ نہیں تھی بلکہ 1967میں اسرائیلی قبضے کے بعد سے ارض فلسطین پر جاری جبر واستبداد کا ایک ہلکا سا جواب تھا۔
ایک اور برس بیت گیا۔بلا شبہ یہ انسانی تاریخ کا ایک سیاہ ترین سال تھا جب 24 لاکھ جیتے جاگتے انسانوں کی ہنستی کھیلتی بستی کو آتش و آہن کی بھٹی میں تبدیل کردیاگیا۔ اصحاب الاخدود (سورہ البروج) نے مومنین کو آگ کے گڑھے میں ڈالا تھا لیکن یہاں ارض فلسطین کو اس کے باسیوں سمیت دہکتے گڑھے میں تبدیل کردیا گیا۔ ہم نے جان کر غزہ کے بجائے ارضِ فلسطین لکھا ہے کہ صرف یہ ساحلی پٹی نہیں بلکہ نہر سے بحر تک سارا علاقہ تندور بنادیا گیا۔
حالیہ وحشت کا آغاز 7اکتوبر کو صبح ساڑھے تین (پاکستان ساڑھے پانچ، ہندوستان 6) بجے خوفناک راکٹ حملوں سے ہوا۔ سوشل میڈیا پر القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد ضیف نے مسجد اقصٰی کی حرمت بحال کرنے، فلسطینیوں کی نسل کشی اور کم سن قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کے خلاف ’طوفانِ اقصیٰ‘ برپا کرنے کا اعلان کیا اور 5000 سے زیادہ آتشیں راکٹ غزہ کی سرحد سے متصل اسرائیلی مورچوں پر داغ دئے گئے۔
راکٹ حملے سے علاقے میں خاصی تباہی بھیلی۔ کئی اسرائیلی مورچوں اور تنصیات کو آگ لگ گئی اورافراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بلڈوزروں سے رکاوٹوں کو توڑ کر مسلح فلسطینی 22 مقامات پر غزہ کی سرحد عبور کرکے اسرائیل میں داخل ہوگئے۔ کچھ فلسطینی انجن بردار پیراشوٹ کے ذریعے اسرائیلی دفاعی مورچوں کے عقب میں اترے جبکہ ایک درجن سے زیادہ نوجوان چھوٹی تیزرفتار کشتیوں پر بحر روم کے ساحلی شہر زیکیم کی فوجی چھاونی پر چڑھ دوڑے۔ یعنی اہل غزہ نے بری، بحری اور فضائی تنیوں رخ سے ایسا حملہ کیا جو اسرائیلیوں کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔
ان حملوں میں بیت حنون، زیکیم اور رعیم چھاونیوں پر فلسطینیوں نے قبضہ کرلیا۔ نحل بریکیڈ کے کمانڈر کرنل جاناتھن اسٹائنبرگ اور خصوصی کثیر الجہتی المعروف Ghostیونٹ کے سربراہ کرنل رائے لیوی سمیت اسرائیلی فوج کے 80 اہلکار اور 45 پولیس افسران ہلاک ہوگئے ۔اس دورن بہت سے اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو فلسطینیوں نے جنگی قیدی بنالیا، جن میں غزہ ڈویژن کے سربراہ جنرل نمرود بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے اپنے درجن بھر سپاہیوں سمیت 100 اسرائیلوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے، جنکے بارے میں انھیں شبہہ ہے کہ یہ لوگ فلسطینیوں کی حراست میں ہیں۔ تاہم اعلامئے میں نمرود کی گرفتاری کو جھوٹ قراردیا گیا ہے۔اسرائیلیوں کا کہنا کہ فلسطینی حملوں میں 1200اسرائیلی مارے گئے اور 6000 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
سات اکتوبر کو شروع ہونے والی پُرتشدد کاروائی، اچانک پھوٹ پڑنے والی جنگ نہیں بلکہ 1967میں قبضے کے بعد سے غزہ اپنے لہو میں غسل کررہا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں قائم ہونے والی متعصب ترین حکومت نے ظلم کی آگ کو نفرت کا تیل چھڑک مزید مہیب و مہلک بنادیا۔اس حکومت کو کسی اور نے نہیں خود اسرائیلی سراغرساں ادارے موساد کے سابق سربراہ تامر پاردو نے نسل پرست یا apartheidریاست قراردیا (حوالہ ٹائمز آف اسرائیل)۔ تاہم اس کاروائی کو فلسطیینیوں کا جارحانہ حملہ کہنا مناسب نہ ہوگا کہ تشدد کی حالیہ مہم کا اغاز جمعہ کے دن غزہ پر اسرائیلی بمباری سے ہواجس کے اہل غزہ عادی ہوچکے ہیں۔طوفان الاقصیٰ کو بنیاد بناکر اسرائیلی فوج امریکہ و مغرب کی مدد سے غزہ پر چڑھ دوڑی اور سال کے اختتام تک تقریباً 22 ہزار نہتے فلسطینی وحشیانہ بمباری کا شکار ہوگئے جنکی 70 فیصد اکثریت بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے
اس جنگ سے متعلق مزید تفصیل ہمارے مضامین میں دیکھی جاسکتی ہے جو تسلسل سے ہفت روزہ دعوت دہلی، فرائیڈے اسپیشل کراچی، امت کراچی، رہبر سرینگر اور قومی صحافت لکھنو میں شایع ہورہے ہیں۔
سال کے اختتام پر جنگِ یوکرین کو 696 دن ہوگئے۔دنیا بھر میں جاری دوسری خونریزیوں کی طرح اس وحشت کی قیمت بھی بے گناہ شہری اداکررہے ہیں۔ تقرییاً ڈیڑھ کروڑ یوکرینی بے گھر ہوچکے ہیں جن میں سے 52 لاکھ جان بچانے کیلئے پڑوس ممالک کو ہجرت کرگئے۔ اس حوالے سے ایک اہم واقعہ عالمی فوجداری عدالت (ICC)کی جانب سے روسی صدر ولادیمر پیوٹن کے پروانہ گرفتاری کا اجرا ہے۔ روسی صدر پر یوکرینی بچوں کی روس منتقلی کا الزا م ہے
کشمیر، برمااور چین کے یغور مسلمانوں کی حالت ویسی کی ویسی ہی رہی۔ بنگلہ دیش کے برمی پناہ گزین کیمپوں کی ناگفتہ صورتحال کی بنا پر مہاجرین کے پُر خطر فرار کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ بدترین اقتصادی پابندیوں کا شکار اہل شمالی کوریا کیلئے بھی راحت کے کوئی آثار پیدا نہ ہوئے۔پابندیوں کے باوجود ایران کے جوہری اور میزائیل پوگرام نے نئے سنگِ میل سر کئے۔
ہم انسانوں کے لیے اس سال کی اہم خبر یہ ہے کہ 2023 کے اختتام پر دنیا کی آبادی 8 ارب 10 کروڑ ہوچکی ہے۔ آبادی کے اعتبار سے دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں سے چار یعنی چین، ہندوستان، انڈونیشیا اور پاکستان ایشیا میں واقع ہیں۔ جنگ و جدل کے باوجود شامی آبادی کی شرح نمو4.98 فیصد سالانہ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ براعظم افریقہ میں شرح پیدائش دوسرے علاقوں کے مقابلے میں زیادہ رہی۔
گزرے سال کے دوسرے اہم واقعات کچھ اسطرح ہیں:
ایران سعودی عرب تعلقات
ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں پڑی سلوٹ و الجھن سلجھانے میں چین کو بڑی کامیابی نصیب ہوئی اور دونوں ممالک چین ثالثی میں سفارتی تعلقات قائم کرنے پر رضامند ہوگئے۔ ریاض و تہران کے درمیان تعلقات کی بحالی نے سفارتی پیشرفت کے نئے باب کھول دئے۔ سعودی عرب اور یمنی حوثیوں کے درمیان براہ راست بات چیت سے کشیدگی میں کمی آئی۔ شام اور سعودی سفارت تعلقات پر پڑی برف پگھلی اور دونوں ملکوں نے نہ صرف سفارتی تعلقات دوبارہ استوار کرلئے بلکہ 12 سال بعد عرب لیگ میں شامی رکنیت کی تجدید ہو گئی۔ دوسری جانب قطر اور متحدہ عرب امارات نے بھی 2017 سے منقطع تعلقات بحال کرلئے علاقے میں چین کی کامیاب پیشقدمی جاری رہی اور چینی صدر کو عرب لیگ سربراہی اجلاس میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ خلیج چوٹی کانفرنس کےدوران باہمی تجارت کے عنوان سے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور ساتھ ہی ڈالر کے بجائے لین دین مقامی سِکّے (کرنسی) میں کرنے کی تجاویز پر غور ہوا۔ سیاسیات کے علما چینی صدر کے اس دورے اور عرب دنیا میں انکی غیر معمولی آو بھگت کو معنی خیز قرار دے رہے ہیں۔
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
پئے در پئے دو ناکامیوں کے بعد ہندوستان کی چاندگاڑٖی بہت ہی کامیابی سے چاند کے قطب جنوبی پر اتر گئی لیکن الیکٹرانک کا نظام منجمد ہوجانے کی بنا پر یہ مشن ادھورا رہا۔ چینی ماہرین اس پوری مشق کو بالی ووڈ کا طلسم ہوشربا قرار دے رہے ہیں۔
معاشرتی اشارئے
روسی عدالت عظمیٰ نے ہم جنس پرستی المعروف LGBTQکو غیر قانونی قراردے دیا۔ فاضل عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا کہ یہ رجحان خاندانی روایات اور انسانی فطرت سے متصادم اور آبادی کی فطری نمو و استمرار (Survival) کیلئے شدید خطرہ ہے۔ روسی وزارت انصاف نے LGBTQتحریک کو ‘انتہا پسند’قراردیتے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی۔ عدالت نے چارگھنٹے کی سماعت کے بعد ابتدائی حکم جاری کردیا جو فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔ سماعت کے دوران عدالت کے باہر LGBTQکے حامیوں نے مظاہرہ کیا۔ وردیوں میں ملبوس فوج کے کچھ سپاہی بھی مظاہرے میں شریک تھے
عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ
آسٹریلیا نے 2022 کا عالمی کرکٹ جیت لیا۔ فائینل کا سب سے سنسنی خیز مرحلہ وہ تھا جب آسٹریلیا کا ایک نوجوان جان (John)فلسطیینی پرچم اور جنگ بندکرو کی ٹی شرٹ پہن کر میدان میں آگیا۔ تھوڑی ہی دیر بعد پولیس نے جان کو حراست میں لے لیا۔ بنگلہ دیش اور پاکستان میں بھارت کی ناکامی کا جشن منایا گیا۔
کاروبار کی دنیا ۔۔ عالمی تجارت ۔۔ تیل کی دھار
• امریکہ میں سوشل میڈیا کے ایک منفرد و موثر پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے خلاف حکومتی تحفظات کا سارا سال ذکر رہا، کئی ریاستی حکومتوں نے اس کے استعمال پر پابندی لگادی۔ اداارے کے سربراہ Shou zi Chewکی کانگریس کی تجارتی کمیٹی کے سامنے پیشی
• دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعووی ارامکو نے پیٹرولیم مضوعات بنانے اور فروخت کرنے والے ادارے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹیڈ المعروف go کی 40 فیصد ملکیت خریدنے کے ایک معاہدے پر دستخط کردئے
• ڈنمارک کی MEARSKاور جرمنی کی Hapag- Lloyedسمیت اکثر جہاز راں اداروں نے بحیرہ احمر (Red Sea)میں سفر معطل کردیا۔غزہ جنگ چھڑنے کے بعد سے یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا اسرائیل سے آنے اور جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنارہی ہے۔ خلیج عقبہ کے دہانے پر بحیرہ احمر کی اسرائیلی بندگاہ ایلات ویران ہوگئی۔ امریکہ کا 20 ممالک کے تعاون سے بحر احمر کو کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کا اعلان ۔ ہندوستان میں گجرات کے ساحل پر بھی ایک اسرائیلی جہاز کو نشانہ بنایا گیا
بدامنی, ہنگامے، نا خوشگور واقعات اور فوجی مداخلت
• یونان کے شہر Thessaly میں ریلوں کی ٹکر 57 افراد ہلاک، حکومت مخالف ہنگامے
• سوڈان میں خانہ جنگی
• یمن میں رمضان راشن تقسیم کے دوران بھگڈر 90 افراد کچل کر ہلاک ، 300 زخمی
• اٹلی کی جھیل Lake Maggiore (اطالوی تلفظ لاگو مادرے) میں کشتی ڈوبنے سے اسرائیلی خفیہ ایجنسی کا ایک اعلیٰ افسر اور اسکا اطالوی ہم منصب ہلاک۔یورپ کے سراغرساں ادارے اسے ایران کی کاروائی قراردے رہے ہیں۔
• اڑیسہ (ہندوستان ) میں تین ریلو ں کا خوفناک تصادم 294 افراد ہلاک 1700 زخمی
• 1912 میں غرقاب ہونے والے بحری جہاز TITANICکے ملبے کے مشاہدے کیلئے جانیوالی تفریحی آبدوز پچک (Implosion)کر تباہ۔ پاکستانی نژاد تاجر شہزادہ داود، انکے 19 سالہ صاحبزادے سلیمان داود سمیت پانچ افراد جاں بحق
اہم انتخابات، تقرروتنزل، تبدیلیِ اقتدار و فوجی انقلاب
• کافی عرصے بعد کراچی میں بلدیاتی انتخابات، جماعت اسلامی کی شاندار کارکردگی لیکن اتحادی ارکان کی غیر حاضری کی بناپر رئیس شہر کی نشست پر پیپلزپارٹی کے ہاتھوں شکست
• نیوزی لینڈ کی وزیرزاعظم جیسنڈا آرڈرن نے استعفےٰ دیدیا۔ مارچ 2019 کے اس خونی واقعے کے بعد کہ جس میں کرائسٹ چرچ کی النور مسجد اورلائن ووڈاسلامک سینٹر پر حملے میں ایک جنونی نے 51 مسلمانوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیاتھا، جسینڈا صاحبہ نے شانداز کردار اداکیا۔
• حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر منتخب ہوگئے ، وہ یہ منصب سنبھالے والے پہلے مسلم رہنماہیں
• ژی جن پنگ تیسری مدت کیلئے چین کے صدر منتخب ہوگئے ۔ وہ ماوزے تنگ کے بعد پہلےقائد ہیں جو تسلسل سے تین بارکامیاب ہوئے
• ترک انتخابات میں طیب ایردوان کامیاب
• کویتی پارلیمانی انتخابات آزاد امیدوارو ں نے میدان مارلیا 50 رکنی ایوان کی 42 نشستیں جیت لیں
• نائیجر میں فوجی انقلاب ، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا حکم
• پاکستان میں اسمبلیاں تحلیل ، عام انتخابات 8 فروری کو ہونگے
• عوامی دباؤ کی بناپر فلسطین دشمن برطانوی وزیرداخلہ Suella Braverman برطرف کردی گئیں
• ہالینڈ کے انتخابات میں مسلم مخالف گیرت وائلڈز کی جماعت PVV ڈیڑھ سو کنی ایوان میں 37 نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن گئی
• بنگلہ دیش میں سپرئیم کورٹ نے جماعت اسلامی کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کا حکم برقرار رکھا، ملک میں عام انتخابات 7 جنوری کو ہونگے۔ جماعت اسلامی اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی سمیٹ حزب اختلاف کی جانب سے بائیکاٹ کا اعلان
• سکھ رہنما ہردیب سنگھ نجر کے قتل پر کنیڈا اور ہندوستان کے درمیان سفارتی کشیدگی
• ایک سکھ رہنما کے امریکہ میں قتل کی سازش بے نقاب۔ جون میں چیک ریپبلک سے گرفتار ہونے والے بھارتی حکومت کے ملازم 52سالہ نخل گپتانے ہندوستانی حکومت کی ایما پر ایک علیحدگی پسند سکھ رہنما کو جو امریکی شہری ہے نیویارک میں قتل کرانے کی سازش بُنی۔امریکی حکام
ہر چند اس میں ہاتھ ہمارے قلم ہوئے
• اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کے گھر کو نشانہ بنایا جو بمباری سے زمیں بوس ہوگیا۔ ملبے سے انکی اہلیہ، 15 سالہ بیٹا محمود، 7 برس کی بیٹی شام اور ننھے نواسے آدم کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ گھر کے کئی افراد اب تک لاپتہ ہیں۔ کچھ دن بعد ایک دوسرے حملے میں الجزیرہ کا کیمرہ مین جاں بحق اور جناب الدحدوح زخمی ہوگئے۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 100 کے قریب صحافی مارے جاچکے ہیں۔
• امریکہ کی آن لائن خبر رساں ایجنسی AXIOSنے انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نےقطری وزیر اعظم سے کہا ہےکہ ‘وہ غزہ کی جنگ کے بارے میں الجزیرہ کے بیانات کو دھیما(tone down) کروائیں’
• نیویار ک ٹائمز کی مدیرِ شاعری محترمہ این بوئیر Ann Boyer، میگزین ایڈیٹر محترمہ جیزمین ہیوز Jazmine Hughes اور جیمی لارن کائلز Jamie Lauren Keilesنے غزہ کے معاملے میں انتظامیہ کے دباو پر استعفیٰ دیدیا
حادثات و سانحات
• جنوبی ترکیہ اور شمالی شام میں بدترین زلزلہ
• پشاور پولیس لائنز مسجد پر حملہ 101 نمازی شہید
• جڑاانوالہ ،پاکستان میں ہجوم نے قرآن کی مبینہ بے حرمتی پر کئی گرجا گھروں اور مسیحیوں کےمکانات کو آگ لگادی۔ حکومت کی سخت کاروائی ،جماعت اسلامی ان گھروں کو اپنے خرچ پر تعمیر کریگی، سراج الحق کا اعلان۔ کئ مکانات کی تعمیر نو مکمل
• مراکش میں خوفناک زلزلہ
• افغان صوبے ہیرات میں زلزلہ
اسلاموفوبیا اور انسانی حقوق
ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے انکی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکی جیل میں ملاقات کی۔ ، عافیہ صاحبہ کی گرفتاری کے بعد سے اپنے کسی عزیز سے انکی یہ پہلی ملاقات تھی
• سویڈن اور ڈنمارک میں قران سوزی کی منظم مہم، ڈنمارک میں قرآن کو جلانا غیر قانونی قراردے دیا گیا
• دل گرفتہ شامی نژاد احمد علوش نے سوئیڈن میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے انجیل اور توریت جلانے کا اعلان کیا لیکن وقت مقررہ پر احمد قر آن کا نسخہ لے کر آیا اسے احترام سے بوسہ دیا اور سینے سے لگا کر کہا ‘میں ان کتابوں کو کیسے جلادوں جنکی تصدیق میرے قرآن نے کی ہے۔ میرے اعلان کا مقصد قرآن جلانے کے واقعے پر دنیا کا دہرا معیار بے نقاب کرنا تھا
• شکاگو کے مضافات میں ایک جنونی نے 6 سالہ فلسطینی بچے وديع الفيوم کو چھری مارکر قتل کردیا
• ہیوسٹن کے مضافاتی علاقے کانروConroeمیں چھری کے وار سے 52 سالہ پاکستانی خاتون ڈاکٹر طلعت جہاں خان کو قتل کردیا گیا
• بھارتی صوبے تلنگانہ کے 29 سالہ طالب علم پوچا ورون راج (Putcha Varun Raj)کو مسلمان ہونے کئے شبہے میں چھری کے وار سے شدید زخٓمئ کردیاگیا
• امریکہ کے موقر تعلیمی ادارے جامعہ اسٹینفورڈ Stanford University میں ایک عرب طالب علم کو چلتی گاڑی سے ٹکر لگاکر زخمی کردیا گیا
• امریکی ریاست ورمونٹ Vermontکے سب سے بڑے شہر برلنگٹن Burlingtonمیں تین فلسطینی طلبہ کو گولی ماردی گئی۔
• ایڈمنٹن (کینیڈا) کی جامعہ البرٹا نے شعبہ جنسی تشدد ( Sexual Assault Center) کی سربراہ ڈاکٹر سمینتھا پئرسن (Samatha Pearson) کو فلسطینیوں کی حمائت پر برطرف کردیا۔
• دوسری جانب سے بھی عدم احتیاط کا ایک واقعہ ہو جب لاس اینجلس (کیلی فورنیا) میں غزہ جنگ کے خلاف مظاہرے کے دوران میگا فون کی ضرب سے ایک ضعیف اسرائیلی ہلاک ہوگیا
• پاکستانی کرکٹر اعظم خان کے بلے پر فلسطین کا پرچم لگانے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہلکار برہم، جرمانہ عائد، عوام کے احتجاج ہر جرمانہ کالعدم
• یورپی یونین کے دفاتر میں اسکارف پر پابندی کو یونین کی اعلیٰ ترین عدالت نے قانونی قراردے دیا
• فرانس کی عدالت نے کمرہ کلاس میں حجاب پر پابندی کو آئینی تحفظ عطا کردیا
نئے سنگِ میل
• فن لینڈ نیٹو کا 31 واں رکن بن گیا
• عالمی ادارہ صحت (WHO)نے کوووڈ 19کے خاتمے کا سرکاری اعلان کردیا
• ایران شنگھائی تعاون تنظیمSCOکا کا نواں رکن بن گیا
کُچھ اور اہم و دلچسپ
• راہول گاندھی کو ازالہ حیثیت عرفی میں سزا، انھوں نے کہا تھا ‘کیا وجہ ہے کہ تمام چوروں کے sur name مودی ہوتے ہیں؟ جس پر گجرات سے بی جے پی کے رکن لوک سبھا نے دعوی دائر کیا تھا
• امریکی عدالت عظمیٰ کے قاضی کلیرنس ٹامس کے بارے میں سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے اقتصادیات کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک ُپرتعیش گاڑی Recreational Vehicleیا RVخریدنے کیلئے انھوں نے 1999 میں اپنے ایک دوست سے دولاکھ 67 ہزار ڈالر کا قرض لیا جو واپس نہیں کیا گیا اور دوست نے معاف کردیا۔ امریکی قوانین کے تحت قیمتی تحفہ دراصل آمدنی ہے جس پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ جج صاحب نے یہ آمدنی اپنے گوشوارے میں ظاہر نہیں کی۔امریکی عظمیٰ کے نو ججوں میں سے کم از کم چار پر سنگین یا معمولی نوعیت کی مالی بے ضابطگی کے الزامات ہیں
• اسرائیلی وزیرخارجہ سے روم میں خفیہ ملاقات پر لیبیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نجلا منقوش برطرف
• نیویارک سے امریکی ایوان نمائندگان کے ریپبلکن رکن جارج سنیٹوس (George Santos)کی رکنیت عادی جھوٹا اور انتخابی فنڈ ذاتی استعمال میں لانے پر ختم کردی گئی۔
• بغیر پاسپورٹ، ویزا حتیٰ کہ بلا ٹکٹ ایک روس نژاد اسرائیلی شہری مسافر ڈنمارک سے امریکہ پہنچ گیا۔ تحقیقات پر پتہ چلا کہ انکے پاس اس پرواز کیلئے ٹکٹ بھی نہیں تھی۔ڈنمارک اور امریکہ کے حکام اب تک یہ معلوم کرنے سے قاصر ہیں کہ موصوف بغیر پاسپورٹ کوپن ہیگن ایمیگریشن اور سیکیورٹی سے کیسے گزرے اور جہاز پر سوار ہوتے وقت کسی نے ان سے بورڈنگ کارڈ کیوں نہیں طلب کیا؟؟؟
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ ائے لئیم
تونے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کئے
• امریکی تحریک اسلامی کے دیرینہ رکن جناب قمر صابر خان ہیوسٹن سے اپنے شفیق و رحیم رب کے پاس پہنچ گئے
• ممتاز شاعر، ادیب اور دانشورامجد اسلام امجد کی رحلت
• بنگلہ دیش کے ممتاز سیاسی رہنما، پارلیمان کے سابق رکن اور نائب امیر جماعت اسلامی مولانا دلاور حسین سعیدی زیرحراست انتقال کرگئے۔ مولانا جھوٹے الزامات پر عمر قید کاٹ رہے تھے۔
• سابق طالب علم رہنما اور طلبہ یونین جامعہ کراچی کے سابق صدر محمود احمد اللہ والا داغ مفارقت دے گئے
• جامعہ پنجاب کے ہردلعزیز استاد اور مایہ ناز ماہرِ ارضیات بھی اسی سال اللہ کو پیارے ہوئے
• پروفیسر نجم الدین اربکان مرحوم کی سعادت پارٹی کے رہنما حسن بتمیز Hasan Bitmez ترک پارلیمان میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جوشیلی تقریر کررہے تھے کہ اچانک گرکر جاں سے گزرگے۔ 53 سالہ حسن جامعہ الازہر کے سند یافتہ تھے
انتقال پرملال:
• پاک فوج کے سابق سربراہ پرویز مشرف کا دبئی میں انتقال
• ویگنر ملیشیا کے سربراہ Yevgeny Prigozhinایک حادثے میں جاں بحق
• امریکہ کی سینئر سینیٹر ڈائن فینسٹائن انتقال کرگئیں
• پاکستان کے ممتاز ماہر قانوں ایس ایم ظفر رحلت پاگئے
• سابق امریکی خاتون اول محترمہ روزلین کارٹر رخصت ہوگئیں
• مشہور سفارتکار اور امریکہ کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجرچل بسے
• کویت کے امیرشیخ نواف 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
(مسعود ابدالی سینئر کالم نگار ہیں۔ عالم اسلام اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا تجزیہ آپ کا خصوصی میدان ہے)

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 07 جنوری تا 13 جنوری 2024