جموں و کشمیر: ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، ایک عسکریت پسند ہلاک
فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ کے سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر عسکریت پسندوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا جس دوران ایک عسکریت پسند ہلاک کردیا گیا۔
نئی دہلی: فوجی ذرائع کے مطابق علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کپواڑہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب عسکریت پسندوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہاکہ درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے اُنہیں للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
اُن کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک پاکستانی عسکریت پسندمارا گیا اور اُس کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں دو سے تین عسکریت پسندموجود ہوسکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو بھی جائے وقوع کی طرف روانہ کیا گیا ۔
دریں اثنا فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ برف باری سے قبل پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوششوں میں اضافہ کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برف باری سے قبل پاکستان زیادہ سے زیادہ عسکریت پسندوں کو اس طرف بھیجنے کی کوشش کرسکتا ہے جس کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر پہلے ہی الرٹ جاری کیا گیا۔اُن کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرحد کے اُس پار لانچنگ پیڈوں کو بھی پھر سے فعال کر دیا گیا ہے اور وہاں پر ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں کو اس طرف بھیجنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہیں تاہم فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔