سرینگر :گلمرگ میں حادثہ، برفانی تودہ گرنے کے حادثے میں دو غیر ملکیوں کی موت
گلمرگ کے معروف سیاحتی اسکیئنگ ریزورٹ افراوت میں حادثہ پیش آیا،متعدد افراد کو بچا لیا گیا
سرینگر،یکم فروری:۔
چند دنوں سے مسلسل جاری کشمیر میں برفباری کے درمیان گلمرگ میں آج ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق گلمرگ میں بڑے پیمانے پر برفانی تودہ گرنے کا حادثہ رونما ہواہے جس میں دو غیر ملکیوں کی موت کی اطلاع ہے وہیں متعدد افرادکے پھنسے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں ان میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ بارہمولہ ضلع پولیس کے ایک ترجمان نے ٹویٹ کیا، "گلمرگ کے مشہور سکی ریزورٹ، افراوٹ چوٹی ہاپتھ کھڈ پر برفانی تودہ گرا۔ بارہمولہ پولیس نے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کچھ لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق برف کے نیچے سے فی الحال دو افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جبکہ بارہمولہ ضلع کے اس مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں افرواٹ چوٹی پر بڑے پیمانے پر برفانی تودہ گرنے کے بعد دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران دو افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق آج صبح 21 غیر ملکی شہریوں او تین گائیڈز پر مشتمل ٹیمیں اسکیئنگ کے لیے افراوٹ گلمرگ گئیں۔ تقریباً 12.30 بجے ایک زبردست برفانی تودہ ہاپت کھڈ کانگدوری سے ٹکرا گیا جہاں یہ اسکیئنگ ٹیمیں پھنس گئیں۔اطلاع ملنے پر بارہمولہ پولیس اور محکمہ سیاحت کی مشترکہ ریسکیو ٹیموں کو متحرک کیا گیا اور وہ برفانی تودے کی جگہ پر پہنچ گئے۔ریسکیو آپریشن کے دوران، 19 غیر ملکی شہریوں اور 2 مقامی گائیڈز کو بچایا گیا۔ بدقسمتی سے، برفانی تودے میں 2 غیر ملکی شہریوں کی موت کی اطلاع ہے۔ ان کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔ جنہیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔سینئر پولیس افسران جائے وقوع پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔