جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کی ریاست گیر سیرت مہم، لاکھوں افراد تک پیغام رسانی

مختلف مقامات پر برادران وطن کے ساتھ مشترکہ پروگرامس۔معروف بین مذہبی شخصیات کی شرکت۔ کتابوں کا اجراء و تقسیم

0

بنگلورو:(دعوت نیوزڈیسک)

جماعت اسلامی ہند، حلقہ کرناٹکا نے ہر سال کی طرح اس سال بھی ربیع الاول کے موقع پر سیرت مہم کا انعقاد کیا۔ اس مہم کا آغاز بنگلور کے بفے ہال میں ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کیا گیا، جس میں سیکریٹری حلقہ مولانا وحید الدین خان اور جناب اکبر علی نے شرکت کی۔ انہوں نے صحافیوں کو مہم کی سرگرمیوں اور اہداف سے آگاہ کیا، اور ریاست بھر میں سیرت النبیؐ کی کتابوں کی تقسیم کا اعلان کیا۔ مہم کے دوران کنڑا زبان میں شائع کی گئی سیرت النبیؐ کی کتاب کو برادران وطن اور ملت کے درمیان بڑے پیمانے پر تقسیم کیا گیا۔
بنگلورو کے مختلف مقامات پر بھی سیرت کی کتابوں کا اجرا کیا گیا جس میں جمعہ کے بعد مساجد میں عوام الناس کو ترغیب دی گئی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کا پیغام برادران وطن تک پہنچائیں۔ اس مہم کے تحت ریاست کے مختلف شہروں میں سرکردہ شخصیات کے ہاتھوں کتابوں کا اجرا کیا گیا جن میں بنگلورو کے کاویری بھون میں وزیر اعلیٰ کو سیرت کی کتاب پیش کی گئی جس پر وزیر اعلیٰ نے مہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اُلال میں پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں سکریٹری حلقہ محمد کنہی، جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر شری نواس نائیک، امیر مقامی عبداللہ کریم، اور ناظم علاقہ سعدی اسماعیل نے سیرت کی کتاب کا اجرا کیا۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسلام میں انسانی خدمت کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
ٹمکور میں سمردھی گرانڈ ہوٹل میں سیرت کی کتاب کا اجرا کیا گیا، جس میں کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر سدلنگپا نے اس کتاب کی اشاعت پر شانتی پرکاشنا کا شکریہ ادا کیا۔ مہم کے آخری دن جماعت کے ذمہ داروں نے آدی چنچنگیری مٹھ کے ادھیکش شری نرملا نندا سوامی جی سے ملاقات کی اور انہیں سیرت النبیؐ کی کتاب پیش کی۔
بیدر میں نظام فنکشن ہال میں منعقدہ تقریب میں مقامی علماء نے رسول اللہ ﷺ کے اخلاق عالیہ کو اپنانے اور اس کے ذریعے بندگان خدا تک آپ کا پیغام عام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ شہر کے رنگ مندر میں منعقدہ پروگرام میں پروفیسر پرمیشور نے مساوات کی تعلیمات پر روشنی ڈالی جو پیغمبر اسلام نے دنیا کو دیں۔
نونگر، مانوی، اریہلی اور ہاسن میں بھی سیرت کی کتابوں کا اجرا کیا گیا، جہاں علماء اور برادران وطن کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ ان مقامات پر پیغام سیرت کو عام کرنے کے لیے عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں ہزاروں لوگوں تک سیرت کا پیغام پہنچایا گیا۔
بھٹکل میں جماعت اسلامی ہند نے شہر کے چوراہے پر کینوپی لگا کر رسول اللہ ﷺ پر لکھے گئے کتابچوں کو مٹھائی کے ساتھ بڑی تعداد میں تقسیم کیا۔ اس سے قبل شہر کی بڑی جامع مساجد میں بعد نماز جمعہ سیرت پر مبنی کتابوں کا اجرا کیا گیا۔ شہر کے گرو سریندر کالج میں سکریٹری حلقہ اکبر علی اڑپی نے موثر خطاب کیا۔ اسی دوران تنگین گنڈی کی جامع مسجد اور ہوناور تعلقہ کی روشن محلہ اور ٹونک کی جامع مسجد میں بھی کتاب کا اجرا کیا گیا۔ مزید برآں، شہر کی معروف ہوٹل رائل اوک میں برادران وطن کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس ترتیب دیا گیا جس میں برادران وطن کی سرکردہ شخصیات شریک رہیں۔
چکجمبور میں بھی رفقائے جماعت نے بڑی تعداد میں بسوں اور راہ گیروں میں سیرت پر مبنی کتابچے تقسیم کیے۔جماعت اسلامی ہند کے کارکنوں نے شیرالکوپہ میں ہاسپٹل میں مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی عیادت کرنا حضور پاکؐ کی تعلیمات کا ایک اہم حصہ ہے۔ جماعت نے مریضوں کے درمیان پھل تقسیم کیے، اور حضور پاکؐ کی تعلیمات کا عملی مشاہدہ کرایا گیا۔
جماعت اسلامی گدگ کے وابستگان نے منسٹر اے کے پاٹل کے گھر پہنچ کر انہیں سیرت کی کتاب پیش کی جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
بنگلورو کے یشونت پور میں سیرت پاکؐ پر ایک بڑے جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سکریٹری حلقہ محمد کنہی نے صدارتی خطاب میں ہندوستانی معاشرے میں گرتی ہوئی اخلاقی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے معاشرتی سدھار کے لیے دیے گئے آفاقی پیغام کی اہمیت پر زور دیا۔ افتتاحی کلمات میں سکریٹری حلقہ یوسف کنی نے ملت کے افراد کو نبوی اخلاق اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ پروگرام میں بیلے مٹھ کے سوامی شری شیو ادرھ مہا سوامی نے حضرت محمد ﷺ کی زندگی کے واقعات بیان کیے اور کہا کہ آپ کی تعلیمات رہتی دنیا تک کے لیے ہیں۔
کاپو جماعت اسلامی ہند کی جانب سے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی سیرت پر کتاب کا اجرا کیا گیا۔ اس موقع پر ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر سری نرمل کمار ہیگڈے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باکردار افراد کی شخصیت اعلیٰ ہوتی ہے اور پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی مثال اس کا بہترین نمونہ ہے۔ ڈاکٹر جمال الدین ہندی نے جو منی پال MIT کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں، بتایا کہ آج کی نسل کو رول ماڈل کی ضرورت ہے اور اس کا بہترین نمونہ پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی زندگی میں ہے۔
جماعت اسلامی ہند حلقہ شیواجی نگر نے بروز اتوار مسجد رضوان میں سیرت النبیؐ پر خطاب عام کا اہتمام کیا۔ سکریٹری حلقہ مولانا وحید الدین خان عمری مدنی نے کلیدی خطاب کیا۔ سیرت کوئز میں حصہ لینے والے طلبہ اور طالبات میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
جماعت اسلامی ہند، عربک کالج روڈ کے زیر اہتمام "پیغمبر محمد ﷺ پیکر اخلاق” کے موضوع پر ایک اجتماعِ عام منعقد ہوا۔ محترمہ صالحہ نورین نے "معاشرتی تعمیر میں اخلاقیات کا کردار” پر خطاب کیا۔ جناب ایم پی بشیر احمد نے "سیرتِ رسول اور ہماری ذمہ داریاں” کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کا اختتام امیرِ مقامی جناب ظفر الحسن کے خطاب کے ساتھ ہوا۔
جماعت اسلامی ہند، بلاری نے "آدرش سماج کی تعمیر پیغمبر محمد ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں” موضوع پر ایک فکری سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ مہمانِ خصوصی جناب لال حسین کندگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آج کا معاشرہ علم کے باوجود اخلاقی طور پر اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے اور پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی رہنمائی آج بھی انتہائی ضروری ہے۔” اس موقع پر کئی اہم شخصیات موجود تھیں جن میں ISKCON اشرم بلاری کے صدر شری کرشن چندر داس، قاضی غلام غوث صدیقی، جگدیش اور دیگر شامل تھے۔
جماعت اسلامی ہند، ویراج پیٹ کی جانب سے منعقدہ ایک کنونشن میں ماہر مفکر اور ریٹائرڈ پرنسپل ڈاکٹر جے سومنا نے کہا کہ معاشرتی تبدیلی لانے میں مذہبی احکامات حکومتی قوانین کے مقابلے میں زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر سومنا نے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی روحانی اور دنیوی رہنمائی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان کی تعلیمات معاشرے کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ریاض احمد، اسسٹنٹ سکریٹری جماعت اسلامی ہند، کرناٹک نے کنونشن کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ "مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے سے نفرت اور فرقہ واریت کے مسائل حل ہوں گے۔” کنونشن میں چارلس ڈی سوزا، پرنسپل ٹٹیماٹی گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج اور ڈی پی راجیش پدمنابھا، صدر کنڑا ساہتیہ پریشد نے بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گروپاد مہاسوامی، گولگنجی مٹھ کے رہنما نے کہا کہ ہمیں دین، خدا اور روحانیت کے بارے میں گہرائی سے سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہمارا معاشرہ نیکی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ ریاض احمد، اسسٹنٹ سکریٹری جماعت اسلامی ہند، کرناٹکا نے اس موقع پر کہا: "پیغمبر حضرت محمد ﷺ نہ صرف تمام انسانوں کے لیے بلکہ تمام مخلوقات کے لیے انتہائی رحم دل ہیں۔”
ہوسور میں ایک سیرت کی تقریب کنڑی زبان میں منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں برادران وطن مرد و خواتین نے شرکت کی۔ محمد کنہی نے اپنے خطاب میں ہندوستانی معاشرے میں پھیلی معاشرتی برائیوں کا تذکرہ کیا اور ایک اچھے معاشرے کے لیے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دی۔ مقامی ایم ایل اے نے اس طرح کے مزید پروگراموں کے انعقاد کی درخواست کی اور سکریٹری حلقہ محمد کنہی کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بتائی گئی باتوں پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ سوامی جی نے مسلمانوں کی اپنے دین کے ساتھ وابستگی اور وقت پر نماز کی ادائیگی کو دوسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیا۔
جماعت اسلامی ہند ہوڑے نے صالحات ہال میں حضرت محمد ﷺ کی سیرت کے حوالے سے ایک عوامی پروگرام منعقد کیا۔ مہمان خصوصی اے کے کوکلا، مدیر سنمارگا نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات مساوات، ایمانداری اور سماجی انصاف کی تعلیمات ہیں، جن میں شراب نوشی کی مخالفت اور مزدوروں کو ان کا حق وقت پر ادا کرنے کی ہدایات شامل ہیں۔
سکریٹری حلقہ محمد کنّی نے کہا کہ پیغمبر حضرت محمد ﷺ 1400 سال بعد بھی ایک مثالی شخصیت ہیں۔ سارے دنیا میں پھیلی ہوئی امت مسلمہ اور دوسرے نیک دل لوگ رسول اللہ ﷺ کی پوجا نہیں کرتے بلکہ انہیں ایک آدرش انسان سمجھتے ہیں اور ان کی تقلید کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ رنگ مندر میں منعقدہ اس پروگرام میں ایس ایم پنڈت نے حضرت محمد ﷺ پیکر اخلاق کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک بگڑے ہوئے معاشرے کو سدھارا اور بیٹیوں کی عزت و عظمت کا پیغام دیا۔ حضرت محمد ﷺ نے انسانیت اور مساوات کا درس دیا جس سے وہ ایک تاریخی شخصیت کے طور پر زندہ ہیں۔ سیرت رسول ﷺ کی مناسبت سے خون عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔
ہری ہر : جماعت اسلامی ہند نے ہری ہر میں سیرت مہم کے تحت برادران وطن کی سرکردہ شخصیات کے ساتھ ایک مشترکہ پروگرام کا انعقاد کیا جس میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور معززین نے شرکت کی۔ بال یوگی پوجیہ شری جگدیشور مہاسوامی جی نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ﷺ دنیا کی عظیم شخصیت ہیں اور انہوں نے سماج میں تبدیلی کے لیے کام کیا۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اکبر علی اڑپی، سکریٹری جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ہندوستانی سماج برائیوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے، اور نبوی ﷺ کی تعلیمات ہی سے سماج کو سدھارا جا سکتا ہے۔ مہمانوں نے معاشرتی ہم آہنگی، مذہبی تعلیمات اور امن و بھائی چارے کے فروغ پر روشنی ڈالی۔
بنگلور آر ٹی نگر:. جماعت اسلامی آر ٹی نگر کے سیرت پروگرام میں یوگیش ماسٹر نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات نے مختصر وقت میں معاشرتی تبدیلی لائی۔ آپ صبر کا نمونہ اور دنیا کے لیے بہترین مثال ہیں۔ روی شنکر شیٹی نے ذات پات کے خاتمے اور اخلاقی تعلیمات کی ضرورت پر زور دیا۔ سکریٹری حلقہ اکبر علی اڑپی نے کہا کہ دنیا اخلاقی انحطاط کا شکار ہے اور حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات سب کے لیے ہیں۔ معاون امیر مقامی ڈاکٹر مسعود نے رسول اللہ ﷺ کی اخلاقی تعلیمات اور خواتین کے حقوق پر روشنی ڈالی۔
ہبلی: جماعت اسلامی ہند ہبلی نے ہبلی کے شری گرو سدھ جگت گرومہا سوامی گلو مور ساویرا مٹھوں کے سوامی جی کے ذریعے کتاب کا اجرا کیا اور بااثر شخصیات کو کتاب کا تحفہ دیا گیا۔ ہوٹل میٹروپولس میں منعقدہ پروگرام میں برادران وطن کی جانی مانی شخصیات نے خطاب کیا۔ آخر میں محمد کنہی نے محمد ﷺ کے ذریعہ لائے گئے انقلاب کے اثرات، خاص طور پر خواتین کو دیے گئے حقوق کا تذکرہ کرتے ہوئے آج کے ہندوستانی معاشرے میں ان تعلیمات کی ضرورت پر زور دیا۔
ہوسپیٹ کے روٹری کلب آڈیٹوریم میں برادران وطن کی اہم شخصیات کے ساتھ سیمینار منعقد کیا گیا۔ لال حسین کندگل نے حضور پاکؐ کی سیرت کے انسانیت نواز پہلو برادران وطن کے تعلیم یافتہ افراد کے سامنے پیش کیے۔
سوشل میڈیا کی مہم: مہم کے دوران سوشل میڈیا کے ریلز اور احادیث پر مبنی پوسٹرز ریاست بھر کے مختلف اخبارات میں شائع کیے گئے۔ ایکٹیویٹیز کی رپورٹس بھی شائع ہوتی رہیں۔ اس طرح اس مہم کے ذریعہ ریاست بھر میں دعوتی کام کے سنہرے مواقع فراہم ہوئے اور لاکھوں افراد تک حضرت محمد ﷺ کے پیغام انسانیت کو پہنچایا گیا۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 20 اکتوبر تا 26 اکتوبر 2024