غزہ میں اسرائیل کی حالیہ بربریت کی امیر جماعت اسلامی ہند نے شدید مذمت کی
نئی دہلی، اگست 9: امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’غزہ پر اسرائیل کے حالیہ بربریت کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ کا بہانہ بنا کر اسرائیلی فوج نے غزہ کے رفح پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا جس میں 43 شہری ہلاک ہوگئے، ان میں 15 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں، جب کہ 300 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بہت صحیح کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ دعویٰ بالکل غلط ہے کہ وہ محض اپنا دفاع کررہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے غیرقانونی اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ اس موقف کی تائید کرتے ہوئے ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ معصوم شہریوں پر اس طرح کے حملے جنگی جرائم ہیں۔ اسرائیل کو ان ناقابل معافی جرائم کے لیے عالمی برادری کے سامنے جوابدہ بنایا جانا چاہیے اور اسے اس کی سزا ملنی چاہیے۔‘‘
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں غزہ پر تازہ ترین اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’مغربی ممالک اسرائیل کی اس بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اسی اعلان کی تکرار کررہے ہیں کہ ’وہ اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے‘۔ اس سے اسرائیل- فلسطین تنازعہ میں مغرب کا تعصب پھر ایک بار بے نقاب ہوتا ہے اور مسئلہ فلسطین کے جلد از جلد حل کی کوششوں میں ان ممالک کی دیانتداری اور اخلاص پر سوالیہ نشان لگتا ہے۔‘‘
امیرِ جماعت نے کہا ’’جماعت اسلامی ہند،عالمی برادری، ساتھ ہی حکومت ہند سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ فلسطینیوں پر اس طرح کی کھلی جارحیت اور تشدد سے باز آئے۔‘‘