جلگاؤں میں’ خیر کا بازار‘۔ایک محفوظ اور باوقار تجارتی میلہ

حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند، جلگاوں کی انوکھی سرگرمی

0

جلگاؤں: (دعوت نیوز ڈیسک)

خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اسلامی ماحول میں خرید و فروخت کے ایک محفوظ اور با وقار تجربے کے لیے حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام خیر کا بازار منعقد کیا گیا۔ یہ منفرد ایک روزہ اسلامی بازار ملّت گراؤنڈ، مہرون میں منعقد ہوا جس میں خواتین کے ذریعے خواتین کے لیے ایک ایسا تجارتی اور تربیتی ماحول فراہم کیا گیا جو اسلامی اقدار کا عملی مظہر تھا۔
بازار میں فوڈ اسٹالز، کپڑے، جویلری، حجاب اور دینی کتب کے اسٹالز لگائے گئے جہاں خواتین اور طالبات نے نہ صرف خریداری کی بلکہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو معاشی خود کفالت کی طرف راغب کرنا، ان کے اندر کاروباری شعور پیدا کرنا اور انہیں ایسے ہنر سکھانا تھا جو آگے چل کر ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں۔
یہ اسلامی بازار صرف ایک تجارتی سرگرمی نہیں تھی بلکہ ایک فکری اور عملی تحریک تھی جس کا مقصد خواتین کو ایک ایسا متبادل فراہم کرنا تھا جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق نہ صرف اپنی ضروریات پوری کر سکیں بلکہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور ترقی میں بھی معاون ثابت ہوں۔
بازار میں شرکت کرنے والی خواتین نے خیر کے بازار کو ایک بے مثال تجربہ قرار دیا۔ ان کا خیال تھا کہ اس طرح کے بازاروں سے نہ صرف خواتین کو محفوظ ماحول میں خرید و فروخت کا موقع ملتا ہے بلکہ انہیں اپنی کاروباری صلاحیتیں آزمانے اور آگے بڑھنے کی ترغیب بھی ملتی ہے۔شہر کی کئی طالبات اور نوجوان خواتین نے اسے ایک نئی امید اور روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے مفید اور بامقصد پروگراموں کا انعقاد ہوتا رہے گا تاکہ خواتین نہ صرف تعلیمی اور فکری طور پر بلکہ معاشی میدان میں بھی مضبوط ہوسکیں۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 23 فروری تا 01 مارچ 2025